یونان میں جلسہ سیرۃ النبیﷺ
محض خدا تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ یونان کو مورخہ 30؍اکتوبر 2022ء بروز اتوار ایتھنز مسجد میں جلسہ سیرۃ النبیﷺ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ
جلسہ کے پروگرام کا آغاز دوپہر نماز ظہر و عصر کے بعد 2 بج کر 50 منٹ پر زیر صدارت مکرم عطاء النصیر صاحب نیشنل صدر و مبلغ سلسلہ ہوا۔ تلاوت قرآن کریم مع اردو ترجمہ مکرم خرم مبارک احمد صاحب نے کی۔ احادیث نبویﷺ مکرم ناصر احمد صاحب نے پڑھ کر سنائیں۔ پہلی تقریر مکرم شمس الدین ادریس صاحب نے گریکی زبان میں پیش کی آپ کی تقریر کا عنوان تھا ’’آنحضورﷺ بحیثیت صادق و امین‘‘۔
اس کے بعد حضرت اقدس مسیح موعود و مہدی موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے دو اقتباس مکرم محمد اکبر صاحب نے پیش کیے جو کہ بہت ہی پر تاثیر ہیں جن سے حضرت اقدس مسیح موعود و مہدی موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کا اپنے آقا و مولیٰ حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ سے بے انتہا عشق و محبت ثابت ہوتا ہے۔
جلسہ کی دوسری تقریر مکرم چودھری مشتاق احمد صاحب نائب نیشنل صدر یونان کی تھی جس کا موضوع تھا ’’آنحضور ﷺ کی ہمدردی خلق‘‘۔ پھر حضرت مسیح موعوددؑ کے منظوم کلام
ہر طرف فکر کو دوڑا کے تھکایا ہم نے
کوئی دیں دینِ محمد سا نہ پایا ہم نے
میں سے چند اشعار مکرم داؤد احمد جنجوعہ صاحب نے خوش الحانی سے پیش کیے۔
اختتامی خطاب انگلش زبان میں صدر مجلس مکرم نیشنل صدر صاحب جماعت یونان نے ’’آنحضورﷺ کا عشق الٰہی‘‘ کے موضوع پر کیا۔ بعد ازاں آپ نے چار بج کر پانچ منٹ پر اختتامی دعا کروائی۔
اختتامی دعا کے بعد طعام کا انتظام تھا۔ اس جلسہ میں 23 احباب مسجد میں تشریف لاکر شامل ہوئے جن میں تین غیر از جماعت مہمان شامل تھے۔ اسی طرح جلسہ میں آن لائن بذریعہ زوم 15 خواتین و حضرات شامل ہوئے۔ اسی طرح نیدرلینڈز سے بھی ایک احمدی دوست نے جلسہ آن لائن دیکھا اور سنا۔ اس طرح کل حاضری 38 رہی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک