George Sparrowلندن میں پہلا احمدی
حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام اپنی کتاب ازالہ اوہام میں تحریر فرماتے ہیں:’’اور میں نے دیکھا کہ میں شہر لنڈن میں ایک منبر پر کھڑا ہوں اور انگریزی زبان میں ایک نہایت مدلّل بیان سے اسلام کی صداقت ظاہر کر رہا ہوں۔ بعد اس کے میں نے بہت سے پرندے پکڑے جو چھوٹے چھوٹے درختوں پر بیٹھے ہوئے تھے اور اُن کے رنگ سفید تھے اور شاید تیتر کے جسم کے موافق اُن کا جسم ہوگا۔ سو میں نے اس کی یہ تعبیر کی کہ اگرچہ میں نہیں مگر میری تحریریں اُن لوگوں میں پھیلیں گی اور بہت سے راستباز انگریز صداقت کے شکار ہوجائیں گے۔‘‘(ازالہ اوہام، روحانی خزائن جلد 3 صفحہ 377)
الحمد للہ حضور علیہ السلام کے اس مبارک رؤیا کو اللہ تعالیٰ نے بڑی شان سے پورا کر کے دکھایا اور کئی گورے لوگوں کو قبول اسلام کی توفیق دی۔ انگلستان میں پہلے احمدی مسلمان ہونے والے مسٹر جارج سپیرو (George Sparrow) تھے جنہوں نے 1917ء میں حضرت مفتی محمد صادق صاحبؓ کے ذریعہ قبول اسلام کی توفیق پائی۔ حضرت مفتی صاحبؓ نے 26؍دسمبر 1943ء کو جلسہ سالانہ کے موقع پر ذکر حبیب علیہ السلام کے موضوع پر تقریر کرتے ہوئے فرمایا:’’میں نے اپنے سفر یورپ امریکہ میں بھی بہت سے نشانات حضرت مسیح علیہ الصلوٰۃ و السلام کے دیکھے جو میرے اور دوستوں کے واسطے ازدِیادِ ایمان کا موجب ہوتے رہے۔ اُن میں سے ایک یہ تھا کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے ایک رؤیا میں دیکھا تھا کہ حضور نے سفید چڑیاں پکڑی ہیں اور اس رؤیا کی تعبیر میں فرمایا کرتے تھے کہ اس سے مراد یورپ امریکہ کے نیک لوگ ہیں کیونکہ وہ سفید رنگ کے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے عاجز اور عاجز کے رفقاء کی تبلیغ سے بہت گوروں کو اسلام قبول کرنے کی توفیق دی مگر جس کا میں اس وقت ذکر کرنا چاہتا ہوں وہ لنڈن میں میرا سب سے پہلا نو مسلم تھا اور اس کا نام بھی سپیرو تھا، سپیرو انگریزی میں چڑیا کو کہتے ہیں۔ میں نے اُس کا نام مومن رکھا تھا۔‘‘(الفضل 4؍جنوری 1944ء صفحہ 1)
تقریر کے دوران ہی آپ نے اُن کی تصویر بھی دکھائی۔ حضرت مفتی صاحبؓ نے اپنی کتاب ذکر حبیبؑ کے پہلے ایڈیشن (1936ء) میں مسٹر جارج سپیرو نو مسلم کی یہ تصویر شامل فرمائی ہے اور نیچے لکھا ہے : ’’انگلستان میں پہلا انگریز جو سال 1917ء میں مؤلف کتاب ھذا کی تبلیغ سے مسلمان ہوا۔ حضرت مسیح موعودؑ کی پیشن گوئی کے پورا کرنے میں اس کا نام بھی سپیرو یعنی چڑیا پرندہ تھا۔‘‘
اللہ تعالیٰ حضرت اقدسؑ کے اس مبارک رؤیا کےپورا ہونے کے مزید نظارے دکھائے، آمین۔