خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭…شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان نے کہا ہے کہ ہمارا ہدف دنیا کی سب سے طاقتور جوہری طاقت بننا ہے۔ جوہری صلاحیتوں میں اضافہ ملک و عوام کے وقار اور خودمختاری کا تحفظ کرے گا۔ کم جونگ ان نے حالیہ میزائل تجربے پر متعدد اہلکاروں اور سائنسدانوں کو ترقی دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔ شمالی کوریا نے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل ہواسانک 17کا 18؍نومبر کو ٹیسٹ کیا جسے کم جونگ ان نے دنیا کا سب سے مضبوط اسٹریٹجک ہتھیار قرار دیا ہے۔ کم جونگ ان نے ٹیسٹ میں شامل سائنسدانوں، انجینئرز اور فوجی حکام کے ساتھ تصاویر بھی بنوائی تھیں۔
٭…ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای نے پیرا ملٹری فورسز سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر فسادی، دہشتگرد کو سزا ضرور ملے تو سڑکوں پر موجود چند فسادی مسئلہ نہیںہیں۔ امریکہ سے بات چیت سے کوئی مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ اخبارات، سوشل میڈیا پر کہا جا رہا ہے کہ امریکہ سے گفتگو ہی حالیہ مسائل کا حل ہے، حالیہ صورت حال امریکہ سے بات کرنے سے ختم نہیں ہوگی۔ حکومت کی حمایت میں ہونے والے بڑے اجتماعات ایرانی عوام کی آواز ہیں، جنگی میدان بہت وسیع ہے، اصل دشمن عالمی انا ہے۔
٭… برازیل کے دو مختلف سکولوں میں فائرنگ کے واقعات میں بچی سمیت تین افراد ہلاک ہوگئے۔ فائرنگ کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے تاہم ابھی اس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔ برازیل کی ریاست اسپریٹو سانٹو میں مسلح حملہ آور نے دو مختلف سکولوں میں گھس کر فائرنگ کی اور طلبہ سمیت اساتذہ کو بھی نشانہ بنایا۔فائرنگ کے نتیجے میں ایک بچی اور دو خواتین ہلاک ہوگئیں، مسلح حملہ آور نے دونوں حملوں میں چہرے پر نقاب اور فوجی وردی میں ملبوس ہوکر خودکار ہتھیار سے فائرنگ کی۔گرفتار حملہ آور کی عمر تقریباً 16 سال ہے۔
٭… اٹلی کے سیاحتی جزیرے اسکیا میں لینڈ سلائیڈنگ سے 8؍افراد ہلاک ہوگئے۔ اطالوی حکام کے مطابق متعدد افراد کے لاپتا ہونے کا خدشہ ہے۔ کئی مکانات لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آئے، لاپتا افراد کی تلاش اور دیگر امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔متاثرہ علاقے میں شدید بارشوں کے بعد لینڈ سلائیڈنگ کا حادثہ ہوا۔ اطالوی وزیرداخلہ کا کہنا ہے کہ لینڈ سلائیڈنگ سے ابھی کسی ہلاکت کی تصدیق نہیں ہوئی، متاثرہ مقام پر امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
٭… آنجہانی شہزادہ فلپ کے دوست گیلس برانڈریتھ کی جانب سے ان کی نئی آنے والی کتاب ’الزبتھ: این انٹیمیٹ پوٹریٹ‘ میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ملکہ الزبتھ دوم کی موت ضعیف العمری کے باعث نہیں ہوئی بلکہ انہیں موذی مرض لاحق تھا۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ آنجہانی ملکہ الزبتھ دوم زندگی کے آخری سال کے دوران موذی مرض ’بون میرو کینسر‘ ہڈیوں کے کینسر کی ایک قسم کا شکار تھیں، جسے خفیہ رکھا گیا تھا۔یاد رہے کہ ملکہ الزبتھ دوم کی موت کے وقت میڈیا رپورٹس میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ ملکہ کی موت ضعیف العمری کے باعث ہوئی تھی، تاہم اب ان رپورٹس کی تردید کی جا رہی ہے۔ اس مرض کا فی الحال کوئی علاج میسر نہیں لیکن ادویات کی مدد سے مدافعتی نظام کو منظم اور ہڈیوں کی کمزوری کو دور کیا جاتا ہے۔ ادویات کے ذریعے اس مرض کی علامات کو دور اور مریض کو مزید 2 سے 3 برس کی زندگی دی جاسکتی ہے۔
٭… یوکرین کے دارالحکومت کیف میں روسی میزائل حملوں کے باعث ہسپتال کی بجلی منقطع ہوجانے کے بعد ڈاکٹروں نے اندھیرے میں ایک بچے کے دل کا آپریشن کیا۔ ایک خاتون نے ہسپتال کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ میزائل حملے کے باعث ہسپتال کی بجلی منقطع ہوگئی اور اس وقت بچے کے دل کا آپریشن کیا جارہا تھا۔سوشل میڈیا پر ڈاکٹروں کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صارفین نے فرض نبھانے پر ڈاکٹرز کی تعریف بھی کی ۔یاد رہے کہ روس نے بدھ کو یوکرین کے دارالحکومت اور دیگر شہروں پر 70؍میزائل فائر کئے تھے۔ میزائل حملوں کے باعث یوکرین میں 40؍سالوں میں پہلی مرتبہ جوہری پاور پلانٹس پاور گرڈ سے منقطع ہوگئے۔
٭…سی آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز ڈیوڈ مارلوف نے ایک پینل ڈسکشن سے خطاب کرتے ہوئے روسی صدر پیوٹن سے ناراض روسی شہریوں کو مغربی ممالک کی خفیہ ایجنسیوں میں بھرتی کرنے کا تصور پیش کیا۔انہوں نےکہا کہ یوکرین پر قبضہ روس کے صدر کے لیے بہت بڑی ناکامی ہے۔ مغربی انٹیلیجنس ایجنسیوں کو چاہیے کہ روسی شہریوں میں سے ایجنٹ بھرتی کرلیں۔ ہم پوری دنیا میں ان روسیوں کی تلاش میں ہیں جو پیوٹن سے ہماری ہی طرح تنگ آچکے ہیں۔ واضح رہے کہ برطانوی انٹیلیجنس کے اعلیٰ عہدیدار نے بتایا تھا کہ رواں برس یورپی ممالک نے 400روسی عہدیداران کو جاسوسی کے الزامات پرملک بدرکیا۔
٭… اسرائیل نے لبنانی سمندر سے قدرتی گیس نکالنے کے لیے قطر کی کمپنی کو کھدائی کی اجازت دے دی۔ پچھلے مہینے اسرائیل اور لبنان کے درمیان سمندری حدود سے متعلق معاہدہ ہوا تھا جس کے بعد یہ پیشرفت سامنے آئی ہے۔ قطر کا انرجی کنسورشیم فرانس اور اٹلی کی کمپنیز کے ساتھ گیس نکالنے کے لیے کام کرے گا۔واضح رہے کہ اسرائیل اور لبنان کے تاریخی معاہدے کے بعد کمپنیز کو گیس فیلڈ میں کام کرنے کی اجازت دینے یا انکار کرنے کا اختیار اسرائیل کو حاصل ہے۔ گیس نکالنے کا زیادہ کام لبنان کی سمندری حدود میں ہو رہا ہے لیکن گیس فیلڈ اسرائیل کے معاشی زون سے گزرتی ہے۔ سمندری حدود سے متعلق معاہدے کے بعد توانائی کمپنیوں کے تخمینہ لگانے کے بعد اسرائیل کو گیس ذخائر کی مالیت کا 17 فیصد حصہ ملے گا۔
٭… بین الاقوامی مذہبی آزادی پر امریکی کمیشن نے بھارت میں مذہبی عدم برداشت اور اقلیتوں کے ساتھ جبری سلوک پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ کمیشن نے اپنی رپورٹ میں وزارت خارجہ سے بھارت کو مذہبی آزادی پر خصوصی تشویش والے ملک کا درجہ دینے کا مطالبہ بھی کیا۔2022ء میں بھی بھارتی حکومت نے جبری مذہبی تبدیلیوں، جنسی تشدد اور مذہبی انتہا پسندی کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔ بھارتی حکومت عبادت گاہوں سمیت املاک کی تباہی، من مانی حراست اور مسلمانوں و مسلمان صحافیوں کو ہراساں کرنے میں بھی ملوث رہی ہے۔ بین الاقوامی مذہبی آزادی پر امریکی کمیشن نے اپنی رپورٹ میں مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے صحافی محمد زبیر اور صدیق کپان پر مودی حکومت نے غیر قانونی ظلم و جبر کیا ہے۔
٭… برطانوی حکومت نے سرکاری محکموں اور وزارتوں میں چین کے تیار کردہ سیکیورٹی کیمرے نصب کرنے سے روک دیا ہے۔ برطانوی وزیر اولیور ڈؤڈن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ برطانیہ کو درپیش کسی بھی سیکیورٹی رسک کے پیش نظر چینی ساختہ سیکیورٹی کیمروں کی تنصیب پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ برطانیہ نے چینی قانون کی بھی حوصلہ شکنی کی ہے جس کے تحت کمپنیاں نگرانی کے نظام کی انٹیلی جنس بیجنگ کی سیکیورٹی سروسز کے ساتھ شیئر کرنے کی پابند ہیں۔
٭… سعودی عرب کے شہر جدہ میں تیز ہواؤں اور بارشوں سے دو افراد ہلاک ہوگئے۔حکام نے تمام فلائٹس منسوخ کردیں۔ مکہ جانے والی سڑکیں بھی بند کردی گئی ہیں، چند وائرل ویڈیوز میں طوفانی بارش کے بعد سڑکوں پر جمع پانی دیکھا جاسکتا ہے جس میں گاڑیاں تیر رہی ہیں۔ فجر سے قبل ہی حکام نے طوفانی موسم کے پیش نظر جدہ میں سکول اور یونیورسٹیاں بند رکھنے کا اعلان کر دیا تھا۔
٭… دارالحکومت الجیرس الجزائر کے جنگل میں آگ لگانے کے غلط الزام پر ایک شخص کے قتل کے کیس میں مقامی عدالت نے 49؍افراد کو سزائے موت سنا دی۔ عدالت نے 28؍دیگر افراد کو بغیر ضمانت دو سے دس سال قید کی سزا سنائی۔جنگل میں آگ لگانے کے غلط الزام پر 38 سالہ جمال بن اسماعیل کے قتل کا واقعہ گذشتہ سال پیش آیا تھا۔ تحقیقات میں مقتول بےگناہ ثابت ہوا تھا۔الجزائر میں گذشتہ سال جنگلات میں لگی آگ سے 90 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ یاد رہے کہ الجزائر میں 1993ء کے بعد سے سزائے موت پر عملدرآمد کی پابندی ہے۔
٭… امریکی محکمہ خارجہ نے ہادی عمرو کو اُمورِ فلسطین کے لیے اپنا نمائندہ خصوصی مقرر کر دیا ہے۔ امریکی انتظامیہ فلسطین کے ساتھ مضبوط تعلقات کی خواہاں ہے۔ فلسطینی امور کے لیے نئے نمائندہ خصوصی کا عہدہ تخلیق کیا گیا ہے ۔ اس اقدام کو امریکہ اور فلسطین کے تعلقات میں بہتری کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے، اس سے پہلے امریکی محکمہ خارجہ کی طرف سے فلسطین کے لیے کوئی نمائندہ خصوصی مقرر نہ تھا۔محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ واشنگٹن میں تعینات نمائندہ خصوصی برائے فلسطین، فلسطینی شہریوں اور ان کی قیادت کے ساتھ قریبی رابطے قائم کریں گے۔ نمائندہ خصوصی ہادی عمرو اسرائیل میں تعینات امریکی سفیر نائڈس اور ان کی ٹیم کے ہمراہ فلسطین سے متعلقہ مسائل پر اسرائیل سے رابطہ رکھیں گے۔
٭… یوکرینی صدر ولودومیر زیلنسکی نے یورپی یونین پارلیمنٹ کے اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئےکہا کہ روس کو ہر سطح پر تنہا کرنا اور جوابدہ بنانا چاہیے۔ یورپی پارلیمنٹ نے یوکرین کے خلاف جنگ پر روس کو دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والی ریاست قرار دیا۔ 27 رکنی یورپی پارلیمنٹ کی منظورکردہ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ روسی فیڈریشن کی جانب سے یوکرین کی شہری آبادی کے خلاف جان بوجھ کر کیے جانے والے حملے اور مظالم، شہری انفراسٹرکچر کی تباہی، انسانی حقوق اور بین الاقوامی انسانی قوانین کی دیگر سنگین خلاف ورزیاں دہشت گردی کی کارروائیوں کے مترادف ہیں۔ یورپی قرارداد پر یوکرینی صدرکا کہنا ہے کہ روس کا محاسبہ ہونا چاہیے تاکہ روس، یوکرین اور دنیا میں دہشت گردی کی دیرینہ پالیسی ختم کرے۔
٭… امریکی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ترکی کے شمال مغرب میں 6.1شدت کا زلزلہ آیا ہے۔ ہلاکتیں ایک سوسے بڑھ گئیں۔ استنبول کے مشرق میں 170؍کلو میٹر دور اس زلزلے کی گہرائی دس کلو میٹر زیرِ زمین ریکارڈ کی گئی ہے۔فوری طور پر اس زلزلے سے ہونے والے کسی بھی قسم کے نقصان کی کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی ہے۔
٭… انڈونیشیا کے صوبے مغربی جاوا میں گذشتہ روز آنے والے 5.6شدت کے زلزلے سے اموات کی تعداد 268ہوگئی ہے۔ مرنے والوں میں بیشتر سکول کے طلبہ شامل ہیں۔ زلزلے سے ایک ہزار سے زائد افراد زخمی اور 151لاپتا ہیں۔زلزلے سے 22ہزار عمارتوں اور مکانات کو نقصان پہنچا ہے جبکہ متاثرہ علاقوں کے 58ہزار افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔ زلزلے کا مرکز مغربی جاوا کے قصبے سیانجر میں دس کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔
٭… موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے کام کرنے والی سرگرم کارکن گریٹا تھنبرگ سمیت 600نوجوانوں نے سویڈن کی حکومت کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت موسمیاتی تبدیلیوں کو قابو کرنے کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں کر رہی۔ یہ سویڈن میں اس نوعیت کا پہلا مقدمہ ہے لیکن چھ پرتگالی نوجوانوں نے سویڈن اور 32دوسرے ممالک کے خلاف یورپی عدالت برائے انسانی حقوق میں بھی مقدمہ درج کروایا ہے۔ ایک کارکن کا کہنا تھا کہ اگر ہم مقدمہ جیت گئے تو سویڈن کی حکومت کو دنیا کے درجہ حرارت میں 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی کے لیے عالمی اقدامات میں اپنے حصے کا کام کرنا ہوگا۔
٭… میکسیکو کے شہر گواناہواٹو میں ایک اجتماعی قبر سے انسانی اعضا سے بھرے 53تھیلے برآمد کیے گئے۔اس واقعہ سے قبل ایک کتے کو انسانی ہاتھ منہ میں دبائے گھومتے ہوئے دیکھا گیا۔ لاپتا افراد کو ڈھونڈنے والی ایک تنظیم کی بانی بیبین نے انسانی اعضا سے بھری اجتماعی قبر ڈھونڈی ہے۔انہوں نے کہا کہ جب پوری دنیا سے لوگ میکسیکو میں آکر سروینٹینو فیسٹیول کو انجوائے کر رہے تھے اسی وقت ہم قبریں کھود رہے تھے۔یہ واقعہ اکتوبر میں پیش آیا تھا، انسانی اعضا کو قبروں سے نکال کر ان کا تجزیہ کیا گیا، تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ ان میں سے کتنوں کی شناخت ہوئی۔رواں برس جنوری سے ستمبر کے دوران گواناہواٹو شہر میں 2400سے زائد قتل ہوئے جبکہ 3 ہزار کے قریب لوگ لاپتا ہیں۔