حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭… مسجد الحرام میں رش سے بچنے اور زائرین کو سہولت فراہم کرنے کے پیش نظر سعودی محکمہ امن عامہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ زائرین عمرہ پرمٹ پر درج تاریخ اور وقت کی سختی سے پابندی کریں اور دی گئی تاریخ اور وقت پر عمرہ ادا کریں۔ ڈپٹی سیکرٹری حج وعمرہ کے مطابق عمرہ کا پرمٹ حاصل کرنے کے لیے ’نسک ایپ‘بنائی گئی ہے۔ زائرین ایپ کے ذریعے عمرہ پرمٹ حاصل کرسکتے ہیں جس میں عمرہ کی تاریخ اور وقت دیا گیا ہوتا ہے۔

٭…پینٹاگون کا کہنا ہے کہ چین کے جوہری ہتھیاروں میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، 2035ء تک یہ تین گنا بڑھ جائیں گے، چین ایئرفورس کو بھی جدید بنا رہا ہے۔ چین کے فعال جوہری وارہیڈز کا ذخیرہ 400سے بڑھ چکا ہے، اگر چین اسی رفتار سے جوہری صلاحیت کو وسعت دیتا رہا تو 2035ءتک اس کے پاس 1500 جوہری ہتھیاروں کا ذخیرہ ہوگا۔ امریکی محکمہ دفاع کی رپورٹ میں کہا گیا کہ اس کے باوجود چین کے پاس امریکہ اور روس کے نیوکلیئر وارہیڈز کے مقابلے میں ذخیرہ کم ہی ہوگا۔چین اپنے بیلسٹک میزائلوں میں بھی جدت لا رہا ہے، یہ میزائل اب جوہری ہتھیار لے جاسکیں گے۔چین نے2021ء میں 135میزائل تجربات کیےجوتعداد میں سب سے زیادہ ہے۔چین کی فضائیہ تیزی سے مغربی ممالک کی ایئرفورسز کے مدمقابل آرہی ہے۔چینی فضائیہ آلات کے استعمال سمیت، پائلٹ اور دیگر معاملات میں بہتری کی طرف گامزن ہے۔

٭…پاکستان کے سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نےاپنے الوداعی خطاب میں کہا کہ وہ عنقریب گمنامی میں چلے جائیں گے تاہم فوج سے روحانی رابطہ ہمیشہ قائم رہے گا۔ چھ سالہ دور میں لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزی ہو یا ملک کے مختلف علاقوں میں دہشت گردی، امن و امان کے چیلنجز ہوں یا قدرتی آفات کا مقابلہ، اس فوج نے ہمیشہ میری آواز پر لبیک کہا اور جہاں میں نے ان سے پسینہ مانگا، انہوں نے مجھے خون دیا۔ یقین ہے فوج جنرل عاصم کی قیادت میں نئی منازل عبور کرے گی، ان کی تعیناتی مثبت ثابت ہوگی۔خوشی ہے فوج ایک مایہ ناز اور قابل افسر کے حوالے کرکے جارہا ہوں۔اپنی فوج پر فخر ہے، جو کم وسائل کے باوجود سیاچن سے لے کر صحرا تک سرحدوں کی حفاظت کرتی ہے، یہ لسانیت، رنگ و نسل اور مذہب کی تفریق سے بالاتر ہوکر ملک کے چپے چپے کا دفاع کرتی ہے۔ یقین ہے آنے والے وقت میں فوج جنرل عاصم کی قیادت میں اس سے بڑھ کر ملک کی خدمت کرے گی۔ہماری سپہ کی قربانیوں کا اعتراف ہمارے دوست اور دشمن دونوں کرتے ہیں۔

٭… برطانیہ کے دفتر برائے شماریات کی جانب سے مردم شماری کے نتائج کے مطابق انگلینڈ اور ویلز میں اسلام تیزی سے پھیلنے والے مذاہب میں شامل ہوگیا ہے۔انگلینڈ اور ویلز میں مسلمانوں کی تعداد 6.5 فیصد ہوگئی ہے جو کہ 2011ء میں 4.9 فیصد تھی۔ مسیحیوں کی آبادی 50 فیصد سے کم ہوگئی ہے، 2021ء میں 46.2 فیصد افراد نے اپنی شناخت مسیحی کے طور پر کرائی۔ 2011ء میں انگلینڈ اور ویلز میں مسیحیوں کی تعداد 59.3 فیصد تھی، کسی بھی مذہب پر یقین نہ رکھنے والوں کی تعداد 2011ء کی نسبت ایک تہائی بڑھ کر 37.2 فیصد ہوگئی ہے۔

٭… چین میں عالمی وباکورونا وائرس کی پابندیوں کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ چین کے شہر گوانگزو میں احتجاج کے دوران مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، جس کے بعد پولیس نے مظاہرین کو حراست میں لے لیا۔ چین میں 24گھنٹوں کے دوران 37 ہزار 828 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

٭… چین کے سابق صدر جیانگ زی من 96سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔ان کے سوگ میں چینی پرچم سرنگوں کردیا گیا۔ سابق صدر کا انتقال لیوکیمیا اور ایک سے زیادہ اعضاکی ناکامی کی وجہ سے شنگھائی میں 30؍نومبر کی دوپہر کو ہوا۔پسماندگان میں ان کی اہلیہ اور دو بیٹے شامل ہیں۔یاد رہے کہ 1989ء میں صدارت کا عہدہ سنبھالتے وقت چین اقتصادی جدیدیت کے ابتدائی مراحل میں تھا۔ تاہم 2003ء میں ان کی ریٹائر منٹ پرملک ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کا رکن تھا۔

٭… انڈونیشیا میں گذشتہ پیر کو آنے والے زلزلہ سے اموات کی تعداد 321ہوگئی۔ عمارتوں کے ملبے کے نیچے سے کچھ اَور لاشیں نکالی گئی ہیں۔تاہم متاثرہ مقامات پر اب بھی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

٭… امریکی ریاست ہوائی کے ماؤنا لووا پہاڑوں میں واقع دنیا کا سب سے بڑا فعال آتش فشاں ’ماؤنا لووا‘ 38 سالوں بعد گذشتہ اتوار کی رات پھٹنا شروع ہوگیا ہے۔ امریکی جیولوجیکل سروس کے مطابق لاوے کا آتشگیر مادہ پہاڑی علاقے میں ہی ہے اور نشیب میں موجود آبادیوں کے لیے خطرہ نہیں۔ خطرے کے پیش نظر آتش فشاں الرٹ کو ایڈوائزری سے انتباہ میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ آتش فشاں کے علاقے میں ابتدائی دو گھنٹے کے دوران 2.5سے زائد شدت کے متعدد زلزلے بھی آئے ہیں۔اس جزیرے کے کچھ حصوں پر راکھ جمع ہونا شروع ہوگئی ہے، جبکہ آتش فشاں پھٹنے سے متعدد فلائٹس بھی معطل کردی گئی ہیں۔ یاد رہے کہ ماونا لوا آتش فشاں بحر الکاہل سے 13,679 فٹ بلندی پر ہے، یہ آخری بار مارچ اور اپریل 1984ء میں پھٹا تھا۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button