یک روزہ سالانہ اجتماع۔ مجلس انصار اللہ گاتھن برگ، سویڈن
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصار اللہ گاتھن برگ کا ایک روزہ سالانہ اجتماع مورخہ 23؍اکتوبر 2022ء بروز اتوار منعقد ہوا۔ محترم زعیم صاحب مجلس انصار اللہ گاتھن برگ نے اجتماع کے انتظامات کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی اور مجلس عاملہ کے اجلاس میں اجتماع کے انتظامات کے حوالے سے تفصیلی غور کیا گیا۔ زعیم صاحب اور خاکسار نے اجتماع کے جملہ انتظامات کے حوالے سے منتظم صاحب طعام، منتظم صاحب علمی مقابلہ جات اور منتظم صاحب ورزشی مقابلہ جات کے ساتھ الگ الگ میٹنگز کیں اور تفصیل سے تمام امور کا جائزہ لیا۔
23؍اکتوبر کو محترم انور رشید صاحب صدر مجلس انصار اللہ سویڈن نے مسجد ناصر گاتھن برگ میں اجتماع کا افتتاح کیا۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو مکرم صلاح الدین یوسف صاحب نے کی۔ ازاں بعد صدر مجلس کے ہمراہ سب انصار نے عہد دہرایا جس کے بعد مکرم انوار الدین سعید صاحب نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا منظوم کلام پیش کیا۔ صدر مجلس نے اپنے مختصر خطاب میں انصار بھائیوں کو اس طرف توجہ دلائی کہ ہمیں اپنی کمزوریوں کا جائزہ لینا چاہیے اور ان کو دور کرنے کی بھرپور کوشش کرنی چاہیے۔ آخر پر مکرم زعیم صاحب نے اجتماع کے پروگرام کے بارے میں بتایا۔
افتتاحی اجلاس کے بعد ورزشی مقابلہ جات منعقد ہوئے جن میں ٹیبل ٹینس، بال پھینکنا اور مشاہدہ معائنہ کے مقابلے شامل تھے۔ انصار بھائیوں نے ان مقابلوں میں شوق اور دلچسپی سے حصہ لیا۔ انتظامیہ کی طرف سے اس دوران انصار کے لیے پھلوں کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔
کھیلوں کے اختتام پر انصار کی خدمت میں پر تکلف کھانا پیش کیا گیا اور اس کے بعد نماز ظہر و عصر جمع کرکے ادا کی گئیں۔ بعد ازاں علمی مقابلہ جات کا آغاز ہوا جس میں تلاوت قرآن کریم، نظم اور حفظ قرآن کے مقابلہ جات شامل تھے۔ ان مقابلوں میں بھی انصار نے شوق اور دلچسپی سے حصہ لیا۔
اجتماع کا اختتامی اجلاس صدر مجلس کی صدارت میں شروع ہوا۔ مکرم فاضل احمد شمس صاحب نے تلاوت قرآن کریم کی۔ پھر صدر مجلس کے ساتھ انصار نے عہد دہرایا۔ نظم مکرم مرزا بشارت احمد صاحب نے پیش کی۔ مکرم زعیم صاحب نے اجتماع کی مختصر سی رپورٹ پیش کی جس کے بعد صدر مجلس نے اپنے اختتامی خطاب میں بانی مجلس انصار اللہ حضرت مصلح موعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے 1940ءکے ایک ارشاد کے حوالے سے انصار کو توجہ دلائی کہ ہر ناصر روزانہ کم از کم آدھا گھنٹہ اپنی تنظیم انصار اللہ کو دے۔ آخر میں صدر مجلس نے دعا کروائی اور ہمارا اجتماع بخیر و خوبی اختتام پذیر ہوا۔ الحمدللہ
(رپورٹ: چودھری عطاءالرحمان محمود۔ منتظم اعلیٰ سالانہ اجتماع)