سالانہ اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ لائبیریا
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ لائبیریا کو مورخہ 22و 23؍اکتوبر 2022ء بروز ہفتہ و اتوار اپنا تیرھواں سالانہ اجتماع احمد آباد Kpo River میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمد للہ علیٰ ذالک۔
اجتماع کی تیاری
اجتماع کی تیاری کے سلسلہ میں مکرم سلیمان احمد صاحب (پرنسپل ہیومینٹی فرسٹ کالج) کی قیادت میں 21 شعبہ جات پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جس نے اجتماع سے تقریباً ڈیڑھ ماہ قبل ہی اپنی اپنی کاوشوں کا آغاز کر دیا تھا۔ اجتماع کی کامیابی کے لیے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں دعائیہ خطوط تحریر کیے گئے۔ اجتماع گاہ کی تیاری کے سلسلہ میں چند وقار عمل بھی کیے گئے جس میں مونٹسیراڈو کاؤنٹی کے اطفال و خدام نے بھرپور حصہ لیا۔
اجتماع میں شرکت کے لیے لائبیریا کی مختلف کاؤنٹیز سے اطفال و خدام ایک روز قبل ہی اجتماع گاہ پہنچنا شروع ہوگئے اور جمعہ کی رات تک تقریباً تمام شاملین اجتماع گاہ پہنچ چکے تھے۔ تمام خدام و اطفال کی باقاعدہ رجسٹریشن کی گئی اور کارڈز فراہم کیے گئے۔ نماز مغرب وعشاء اور کھانے سے فراغت کے بعد مکرم ناصر احمد کاہلوں صاحب،مبلغ سلسلہ مونٹسیراڈو کاؤنٹی اور مکرم منصور احمد ناصر صاحب، پرنسپل شاہ تاج احمدیہ ہائی سکول کے ساتھ مجلس سوال و جواب کا انعقاد کیا گیا جو ایک گھنٹہ سے زائد دورانیہ پر محیط رہی۔ جس سے خدام و اطفال میں اپنا علمی ذوق اور معیار بڑھانے کی طرف توجہ پیدا ہوئی۔
اجتماع کا پہلاروز
مورخہ 22؍اکتوبر بروز ہفتہ دن کا آغاز نماز تہجد سے ہوا۔ جس کی امامت مکرم حافظ حسین سائیوں صاحب نے کروائی۔ نماز فجر کے بعدمکرم استاذ محمد گیٹاوے صاحب نے درس القرآن دیا۔ صبح ساڑھے نو بجے اجتماع کا رسمی آغاز پرچم کشائی سے ہوا۔ مکرم ناصر احمد کاہلوں صاحب مبلغ سلسلہ و نمائندہ مکرم امیر صاحب لائبیریا نے لائبیریاکا پرچم اور مکرم سرفراز احمد صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ لائبیریا نے خدام الاحمدیہ کا پرچم بلند کیا۔ بعدہٗ اجتماع کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے کیا گیا جس کی سعادت مکرم حسین سائیوں صاحب کو حاصل ہوئی۔ مکرم صدر مجلس خدام الاحمدیہ کے ساتھ مل کر تمام خدام نے اپنا عہد دہرایا۔ پھر ڈاکٹر محمود احمد صاحب نے بڑی خوش الحانی سے حضرت مصلح موعود رضی اللہ تعالیٰ کا منظوم کلام پیش کیا۔ جس کے بعد مکرم مربی صاحب نے خدام سے خطاب کرتے ہوئے مختلف نصائح کیں کہ ایک احمدی خادم ہونے کی حیثیت سے تمام پروگراموں میں اپنا بہترین نمونہ پیش کریں۔ نیز مسابقت الی الخیر کی طرف توجہ دلاتے ہوئے خدام سے کہا کہ اپنے علم میں اضافہ اور روحانی معیار کو بلند کرنے کے لیے تمام مقابلہ جات میں بھرپور حصہ لیں اور تمام ججز اور ریفریز کے فیصلوں کو بخوشی قبول کریں۔ دعا کے ساتھ افتتاحی تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔
علمی و ورزشی مقابلہ جات
اس سال علمی مقابلہ جات میں تلاوت، نظم، اذان، تقریر، کوئز دینی معلومات اور پیغام رسانی شامل کیے گئے جبکہ ورزشی مقابلہ جات میں 100 میٹر ریس، 400 میٹر ریس، ریلے ریس، لمبی چھلانگ، کلائی پکڑنا، والی بال اور فٹ بال شامل تھے۔ افتتاحی تقریب کے معاً بعد اطفال کےعلمی مقابلہ جات مکرم منصور احمد صاحب مبلغ سلسلہ (ناظم علمی مقابلہ جات) جبکہ خدام کے ورزشی مقابلہ جات مکرم عدنان احمد چٹھہ صاحب (ناظم ورزشی مقابلہ جات) کی زیر نگرانی شروع ہوگئے۔ ان مقابلہ جات میں خدام و اطفال بڑے جوش و خروش سے شامل ہوتے رہے۔ مقابلہ جات کا یہ سلسلہ نماز ظہر و عصراور کھانے کے وقفہ کے بعد دوبارہ شروع ہوکر نماز مغرب و عشاء تک چلتا رہا۔
انتخاب صدر مجلس
رات نو بجے مکرم ناصر احمد کاہلوں صاحب مبلغ سلسلہ کی زیر صدارت صدر مجلس خدام الاحمدیہ لائبیریا کاانتخاب ہوا۔ دعا کے ساتھ پہلے دن کی بھرپور سرگرمیاں اپنے اختتام کو پہنچیں۔
اجتماع کا دوسرا روز
مورخہ 23؍اکتوبر بروز اتوار اجتماع کے دوسرے روز کا آغاز بھی نماز تہجد کی ادائیگی سے ہوا جس کی امامت مکرم حافظ ابراہیم کیزولو صاحب نے کی۔ نماز فجر کی ادائیگی کے بعد مکرم استاذ محمد جونسن صاحب نے درس القرآن دیا۔ معاً بعد خدام کے علمی مقابلہ جات منعقد کیے گئے۔ ناشتہ کے بعد اطفال کے ورزشی مقابلہ جات شروع ہوئے اور دوپہر بارہ بجے تک ہر دو مقابلہ جات بخوبی اپنے اختتام کو پہنچ گئے۔
اختتامی تقریب
دوپہر ڈیڑھ بجے مکرم نوید احمد عادل صاحب امیر و مشنری انچارج لائبیریا نے نماز ظہر و عصر کی امامت کروائی۔ بعدہٗ آپ کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم سے اختتامی تقریب کا باقاعدہ آغاز ہوا جس کی سعادت مکرم حافظ ابراہیم کیزولو صاحب کو حاصل ہوئی۔ مکرم محمد یئیں صاحب نے منظوم کلام پیش کیا۔ مکرم محمد زکریا صاحب مبلغ سلسلہ (ناظم رپورٹ) نے اجتماع کی تیاری سے لے کر اختتامی مراحل تک کی ایک مفصل رپورٹ پیش کی۔ تقسیم اسناد و انعامات کے بعد امیر صاحب نے خدام و اطفال سے خطاب کیا۔ آپ نے اپنے خطاب میں اس سال کے اجتماع کےموضوع ’’اقامۃ الصلوٰة‘‘ کی طرف توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ تمام اطفال و خدام اپنی نمازوں کے قیام کے لیے بھرپور کوشش کریں۔ آج کے اس دور میں جہاں غیراز جماعت طبقہ مذہب سے بہت دور ہے اور دنیا داری میں ڈوبا ہوا ہے وہاں ایک احمدی خادم و طفل کو مساجد کے آباد کرنے اور تعلق باللہ کی طرف متوجہ ہونا چاہیے۔ اپنی عبادت، روحانیت اور اخلاق کے معیار کو بلند کرنے کی پوری سعی کریں۔ اس سال کا موضوع صرف بینر پر آویزاں کرنے یا پڑھنے کی حد تک محدود نہ رہے بلکہ اس کی عملی تصویر ہماری زندگی میں نظر آنی چاہیے۔ امیر صاحب نے امسال اجتماع کے لیے کیے جانے والے انتظامات کو سراہا اور اچھی حاضری پر محترم صدر صاحب خدام الاحمدیہ اور ان کی ٹیم کی حوصلہ افزائی کی اور مزید بہتری کے لیے پہلے سے بڑھ کر محنت کرنے کی تلقین کی۔ امیر صاحب نے حاضری پیش کرنے کے بعداختتامی دعا کروائی۔
حاضری: امسال اللہ تعالیٰ کے فضل سے لائبیریا کی 9 کاؤنٹیز سے کل 534 خدام واطفال شامل ہوئے جو ملک کے طول عرض میں پھیلے ہوئے علاقوں سے راستوں کی دشواری اور سفری سہولیات کے فقدان کے باوجود بڑے جوش و خروش کے ساتھ شامل ہوئے۔ اللہ تعالیٰ تمام شاملین کو اجتماع کے مقصد سے حقیقی رنگ میں فائدہ اٹھانے کی توفیق دے۔ آمین
(رپورٹ: فرخ شبیرلودھی۔ مبلغ سلسلہ لائبیریا)