مجلس خدام الاحمدیہ ہالینڈ کا 38واں سالانہ اجتماع
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس خدام الاحمدیہ ہالینڈ کا 38واں اجتماع 3 اور 4؍ستمبر 2022ء کو کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔ اس سال اجتماع کا موضوع خلافت تھا۔
مکرم سعید احمد جٹ صاحب مربی سلسلہ وصدر مجلس خدام الاحمدیہ ہالینڈ نے مکرم سفیر صدیقی صاحب مربی سلسلہ کو اجتماع کا ناظم اعلیٰ مقرر کیا۔ چنانچہ ناظم اعلیٰ صاحب نے اجتماع کی کمیٹی تشکیل دی، تمام شعبہ جات کے ناظمین کو اس کی اطلاع دی اور پھر وقتاً فوقتاً ناظمین کے ساتھ میٹنگز کیں اور ان کے شعبہ کی تیاری کے بارے میں اپ ڈیٹس لیں اور ان کی راہنمائی کی۔ نیز حضور انور کی خدمت میں اجتماع کی کامیابی کے لیے دعا کا خط لکھا گیا۔
علمی و ورزشی مقابلہ جات: اجتماع کے دوران درج ذیل علمی مقابلہ جات منعقد ہوئے: تلاوت قرآن کریم، نظم اور کسوٹی۔ اسی طرح درج ذیل ورزشی مقابلہ جات منعقد ہوئے: سو میٹر ریس، لمبی چھلانگ، کلائی پکڑنا، ریلے ریس اور رسہ کشی۔
کووڈ اور دیگر حالات کی وجہ سے اس سال اجتماع دو دن کا ہوا۔ تاہم رہائش، کھانے اور ٹرانسپورٹ کے انتظامات اجتماع سے ایک روز قبل جمعہ کی شام سے شروع ہوگئے تھے۔ شام کو اجتماع کی ٹیم کے ساتھ ایک میٹنگ ہوئی جس کی قیادت مکرم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ نے کی۔
اجتماع کا پہلا دن
اجتماع کے پہلے روز مورخہ 03؍ستمبر بروز ہفتہ صبح دس بجے کے قریب پرچم کشائی کی تقریب ہوئی۔ تمام خدام و اطفال اس بابرکت لمحے میں موجود تھے۔ امیر جماعت ہالینڈ مکرم ھبۃالنور فرحاخن صاحب نے ہالینڈ کا اور صدر مجلس خدام الاحمدیہ نے خدام الاحمدیہ کا جھنڈا لہرایا اور اس کے بعد صدر مجلس خدام الاحمدیہ نے دعا کروائی۔
افتتاحی اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد خدام الاحمدیہ کاعہد دہرایا گیا۔ بعد ازاں صدر مجلس خدام الاحمدیہ نے خدام کو نصائح کیں اورامیر جماعت ہالینڈ نے دعا کروائی۔
افتتاحی اجلاس کے بعد خدام کھیل کے میدان میں گئے اور کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوئے۔
کھیلوں کے مقابلوں کے بعد دوپہر کا کھانا دو بجے پیش کیا گیا۔ بعد ازاں نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں جس کے بعد تلاوت اور نظم کے مقابلے ہوئے۔
آج شام کو کلائی پکڑنے کا مقابلہ بھی ہوا۔ اس مقابلے کے بعد عشائیہ پیش کیا گیا۔
عشائیہ کے بعد دن کا آخری اجلاس ہوا جس میں مشنری انچارج مولانا نعیم احمد وڑائچ صاحب، نیشنل سیکرٹری صاحب تعلیم اور نیشنل سیکرٹری صاحب تربیت جماعت ہالینڈکے ساتھ سوال و جواب کی مجلس ہوئی۔ نماز مغرب و عشاء کے بعد اجتماع کے پہلے دن کی کارروائی کا اختتام ہوا۔ نماز کے بعد صدر مجلس خدام الاحمدیہ کے ساتھ تمام ناظمین کی میٹنگ ہوئی۔
اجتماع کا دوسرا دن
اجتماع کے دوسرے روز مورخہ 04؍ستمبر بروز اتوار کا آغاز صبح پونے پانچ بجے نماز تہجد سے ہوا۔ شعبہ تلقین عمل نے تمام خدام کو نماز فجر کے لیے جگایا جس کے بعد درس القرآن ہوا۔
ضیافت کی ٹیم کی طرف سے آٹھ بجے ناشتہ دیا گیا۔ ناشتے کے بعد صبح سوا نو بجے باقی کھیلوں کے مقابلے ہوئے۔ اس کے بعد گیارہ بجے کے قریب کسوٹی کا مقابلہ ہوا۔ بعد ازاں مکرم معتمد صاحب نے گذشتہ سال مجالس میں ہونے والے کاموں کے بارے میں ایک پریزنٹیشن دی۔
مجلس خدام الاحمدیہ بیلجیم کا ایک خصوصی وفد اس سال ہمارے اجتماع میں شامل ہوا۔ انہیں اجتماع کی جگہ دکھائی گئی اور اس کے بعد ان کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا جس میں امیر جماعت ہالینڈ اور مشنری انچارج صاحب نے بھی شرکت کی۔ کھانے کے وقفے کے بعد ظہر اور عصر کی نمازیں ادا کی گئیں۔
اختتامی اجلاس اور تقسیم انعامات
اجتماع کے اختتامی اجلاس کا آغاز دوپہر ڈھائی بجے تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد صدر مجلس خدام الاحمدیہ کے ساتھ سب شاملین نے عہد دہرایا۔ اس کے بعد صدر صاحب نے اجتماع کی رپورٹ پیش کی۔ پھر محترم امیر صاحب نے علمی اور ورزشی مقابلہ جات میں پوزیشن لینے والوں میں انعامات تقسیم کیے۔
آخر میں مکرم امیر صاحب نے اپنے خطاب میں خدام اور اطفال کے سامنے آیت استخلاف کا مفہوم بیان کیا۔ نیز خدام کو تبلیغ کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ اس خطاب کے بعد مکرم مشنری انچارج صاحب نے دعا کروائی۔
حاضری: امسال اجتماع پر خدام کی حاضری 334 تھی، اطفال کی حاضری 120 تھی، جبکہ 26 مہمان بھی شامل ہوئے۔
احباب سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں ان اجتماعات کے مقاصد کو سمجھتے ہوئے انہیں پورا کرنے والا بنائے۔ آمین
(رپورٹ: عدیل باسم۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)