مالی کے ریجن سکاسو کا چھٹا ریجنل جلسہ سالانہ
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ 26؍نومبر 2022ء کو مالی کے ریجن سکاسو کو اپنے چھٹے ریجنل جلسہ سالانہ کے انعقاد کی توفیق ملی۔ جلسہ سالانہ سے قبل مختلف میٹنگز کر کے جلسہ کے انعقاد اور پروگرامز سے متعلق حتمی فیصلے کیے گئے اور شہر کی انتظامیہ سے اجازت لی گئی ۔
جلسہ سالانہ کے پہلے اجلاس کا آغازمکرم عمر معاذ صاحب کولیبالی نائب امیر جماعت احمدیہ مالی کی صدارت میں مورخہ 26؍نومبر کو صبح دس بجے تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ تلاوت قرآن کریم مکرم موسیٰ سیسے صاحب لوکل مشنری نے پیش کی جس کا بمبارا زبان میں ترجمہ مکرم محمد کونے صاحب لوکل مشنری نے پڑھ کر سنایا۔ خدام کے ایک گروپ نے آنحضورﷺ کی شان میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا قصیدہ پیش کیا۔ جس کے بعد جلسہ سالانہ کی پہلے تقریر مکرم ادریس کولیبالی صاحب لوکل مشنری نے ’’انفاق فی سبیل اللّٰہ‘‘ کے عنوان پر کی۔ دوسری تقریر مکرم محمد لامین کوناتے صاحب لوکل مشنری نے ’’آ نحضرت ﷺکے اخلاق حسنہ و اخلاق فاضلہ‘‘ کے عنوان پر کی۔ اس کے بعد مکرم محمد داؤد صاحب افسر جلسہ سالانہ مالی نے جلسہ سالانہ کےحوالے سے اپنی گزارشات احباب جماعت کے سامنے رکھیں۔
اس اجلاس کی آخری تقریر مکرم عمر معاذ صاحب کولیبالی نے کی جس میں آپ نے نماز اور نظام جماعت کی اطاعت کے حوالے سے احباب جماعت کو قرآن کریم، احادیث، حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور خلفائے کرام کے ارشادات کی روشنی میں شاملین جلسہ کو نصائح کیں۔ ان تقاریر کے بعد معزز مہمانان نے اپنے تأثرات کا اظہار کیا۔ دعا کے ساتھ پہلے اجلاس کا اختتام ہوا۔
نماز ظہر و عصر اور کھانے کے بعد دوسرے اور آخری اجلاس کا آغاز ہوا۔ اس اجلاس میں تلاوت قرآن کریم کے بعد مجلس سوال و جواب کا انعقاد کیا گیا جس میں احباب جماعت اور غیر ازجماعت افراد نے سوال و جواب کی محفل سے لطف اٹھایا اوراسلام اور جماعت احمدیہ سے متعلق اپنے ذہنوں میں پیدا ہونے والے سوالات کے تسلی بخش جوابات پائے۔ اختتامی دعا کے ساتھ دوسرے اجلاس اور ریجنل جلسہ سالانہ کا اختتام ہوا۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ جلسہ ہر لحاظ سے بہت کامیاب رہا۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی مہمانان سے متعلق ہدایات کو سامنے رکھتے ہوئے مہمان نوازی کا خاص خیال رکھا گیا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ریجنل جلسہ سالانہ میں ریجن سکاسو کی 34جماعتوں کے علاوہ مختلف گاؤں سے 441؍احباب شامل ہوئے۔ ان شاملین میں 74؍افراد غیر از جماعت تھے۔ جلسہ کے اختتام پر اللہ کے فضل سے 8؍افراد کو بیعت کرکے جماعت احمدیہ میں داخل ہونے کی توفیق ملی۔ فالحمد للہ علیٰ ذالک
اللہ تعالیٰ تمام شاملین جلسہ کو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی دعاؤں کا وارث بنائے اور جلسہ کے تمام مقاصد کو حاصل کرنے والا بنائے۔ آمین
(رپورٹ: احمد بلال مغل۔ مبلغ سلسلہ سکاسو، مالی)