خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭…اسرائیلی فوج نے سولہ سالہ فلسطینی لڑکی کو گولی مارنے کا اعتراف کرتے ہوئے اسے غیر ارادی قرار دے دیا۔فلسطینی لڑکی (Jana Zakarneh) اتوار کی رات مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک چھاپے کے دوران جاں بحق ہوگئی تھی۔اسرائیلی وزارت دفاع نے بیان میں کہا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق اس لڑکی کو غیر ارادی طور پر فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا، بے گناہ شہریوں کو پہنچنے والے نقصان پر افسوس ہے۔ جاں بحق ہونے والی لڑکی کے چچا کا کہنا ہے کہ ان کی بھتیجی کے چہرے پر دو جبکہ گردن اور کندھے پر ایک ایک گولی ماری گئی۔ جنازے میں ایک بڑی تعداد شامل ہوئی۔ اس کارروائی کے دوران مزید دو فلسطینی زخمی بھی ہوئے جبکہ تین افراد کو گرفتار کیا گیا۔ رواں سال مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں 165؍ فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں۔
٭…بنگلہ دیش میں جماعتِ اسلامی کے امیر شفیق الرحمٰن کو ڈھاکہ سے انسدادِ دہشت گردی پولیس نے گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے جماعتِ اسلامی کے امیر پر عائد الزامات کی وضاحت نہیں کی۔ جماعتِ اسلامی بنگلہ دیش کےترجمان کا کہنا ہے کہ جماعتِ اسلامی کے امیر کی گرفتاری کا مقصد مخالفین کو کچلنا ہے۔ یہ پارٹی کے خلاف 15سال سے جاری غیر منصفانہ جبر کی ایک اَور کڑی ہے۔ واضح رہے کہ جماعتِ اسلامی نے گذشتہ روز وزیرِ اعظم بنگلہ دیش کے خلاف مظاہروں میں شامل ہونے کا اعلان کیا تھا جبکہ جماعتِ اسلامی پر 2012ء سے انتخابات میں حصہ لینے پر پابندی عائد ہے۔دوسری جانب بنگلہ دیش میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافے اور بجلی کے شٹ ڈاؤن کے سبب مظاہرے جاری ہیں۔ اپوزیشن جماعتیں بنگلہ دیشی وزیرِ اعظم شیخ حسینہ واجد سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہی ہیں۔
٭…روس کی فوجی رجمنٹ کے کمانڈر نے ویڈیو کے ذریعے حکومت سے کہا ہے کہ اہلکاروں کے پاس مناسب سامان نہیں ہے، یہ سردی سے ٹھٹھر رہے ہیں۔روس کی ایئربورن اسالٹ رجمنٹ کے کمانڈر سرگئی سویلیف نے کیمیروف اوبلاسٹ کے گورنر سرگئی یفگینچ سے اپیل کی کہ آپ نے اسٹافروپول کے علاقے میں جو اہلکار بھیجے ہیں یہ تقریباً برہنہ ہیں۔ فوجی اہلکاروں کے پاس رِستے ہوئے خون کو روکنے کی پٹی کے علاوہ کوئی طبی سامان یا ادویات نہیں ہیں۔ روسی کمانڈر نے ایک فوجی اہلکار کو ویڈیو میں دکھایا کہ ان کے جسم پر صرف دو باڈی آرمر ہیں، سخت سردی کا مقابلہ کرنے کے لیے اور کچھ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یوکرینی علاقوں میں مشن مکمل کرنے کے لیے موسم شدید سرد ہے۔ یوکرین کی فوج کا کہنا ہے کہ انہوں نے دارالحکومت کیف میں روسی فورسز کی طرف سے 13حملہ آور ڈرونز مار گرائے۔ کیف کے میئر نے کہا کہ شہر کے مرکزی علاقے میں آج علی الصبح دھماکے ہوئے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ایمرجنسی سروس ملازمین کو برف سے ڈھکی ہوئی جائے وقوعہ سے دھاتی ٹکڑے جمع کرتے ہوئے دیکھا۔ یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا کہ 13 ڈرون طیاروں سے حملہ کیا گیا جنہیں ہمارے ایئر ڈیفنس سسٹم نے مار گرایا۔ دارالحکومت کے شہریوں کو ہدایت دی کہ حکومت کی طرف سے جاری کردہ متوقع انتباہی پیغامات کے لیے چوکنا رہیں۔
٭…افغانستان کے دارالحکومت کابل کے علاقے شہرِنو میں واقع ایک بڑے ہوٹل کے قریب زوردار دھماکے اور فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں۔سیکیورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان کچھ دیر فائرنگ کے تبادلے کے بعد تینوں حملہ آوروں کو مار دیا گیا، ہوٹل میں چینی باشندے اور دیگر غیرملکی قیام کرتے ہیں۔ ہوٹل حملے میں دو غیرملکی زخمی ہوئے ہیں، کسی غیر ملکی کی ہلاکت نہیں ہوئی، دونوں زخمی غیرملکی ہوٹل کی بالکونی سے نیچے کودنے پر زخمی ہوئے۔حملے میں ہوٹل کی ایک منزل پر آگ بھی لگ گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکا بہت زوردار تھا اور اس کے بعد بہت دیر تک شدید فائرنگ ہوتی رہی۔
٭…بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں گردہ بیچ کر دو کروڑ کمانے کی خواہشمند لڑکی سائبر کرائم کا شکار ہو کر اپنی رقم سے ہاتھ دھو بیٹھی۔ اس کی ملاقات سوشل میڈیا پر پروین راج نامی خاتون سے ہوئی جس نے گردہ بیچنے میں مدد اور تین کروڑ روپے دینے کے لیے پالیسی اور ٹیکس کی مد میں اس سے 16 لاکھ مانگے تھے۔ پولیس کو شکایت درج کرواتے ہوئے متاثرہ لڑکی کا مزید بتانا تھا کہ سائبر کرائم کے گروہ سے تعلق رکھنے والی خاتون نے یقین دہانی کروائی تھی کہ اسے 50 فیصد پیشگی ادائیگی جبکہ 50 فیصد رقم آپریشن کے بعد دی جائے گی۔
٭…امریکہ یوکرین کو جدید ترین پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس سسٹم بھیجنے کے بارے میں کسی فیصلے کا اعلان کر سکتا ہے۔ روس کے سابق صدر دمتری میدودیف خبردار کر چکے ہیں کہ روس کیف کو پیٹریاٹ میزائل ڈیفنس سسٹم سے لیس کرنے کے خلاف ہے۔ کریملن اس اقدام کو بڑھتی ہوئی اشتعال انگیزی کے طور پر دیکھے گا۔ یوکرینی حکام کے مطابق امریکہ کے اپنے جدید ترین پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس سسٹم کو یوکرین بھیجنے کے منصوبے کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے گذشتہ روز کیف کے واشنگٹن کے ساتھ اعلیٰ سطح کے فوجی مذاکرات ہوئے ہیں۔
٭…امریکہ کے صدر جوبائیڈن نے ہم جنس پرستوں کی شادی کے بل پر دستخط کرتے ہوئے امریکی ہم جنس شادی کے قانون کو اہم قدم بھی قرار دیا ہے۔ امریکی صدر نے کہا کہ امریکہ نے مساوات، آزادی اور انصاف کے لیے ایک اہم قدم اٹھایا ہے جو لوگوں کے لیے نہیں بلکہ سب کے لیے ہے۔
٭…افریقی ملک کانگو کے دارالحکومت کنشاسا میں بارش اورسیلاب سے تباہ کاریاں جاری ہیں۔کنشاسا میں مختلف حادثات میں اموات کی تعداد 120؍ہو گئی۔ کنشاسا اور مرکزی بندرگاہ کو جوڑنے والا ہائی وے بری طرح ٹوٹ پھوٹ گیا ہے جسے تین دن کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ کنشاسا میں کئی علاقے زیرِ آب آ گئے، سڑکوں پر گڑھے پڑ گئے۔ بدترین تباہ کاری پر کانگو کی حکومت نے ملک بھر میں تین روزہ سوگ کا اعلان کر دیا ہے۔
٭…جنوبی افریقہ کے صدر سرل رامافوسا کے مواخذے کا خطرہ اس وقت ٹل گیا جب پارلیمنٹ نے صدر رامافوسا کے ممکنہ مواخذے کے خلاف ووٹ دے دیا۔ 214؍ارکان پارلیمنٹ نے صدر رامافوسا کے مواخذے کے خلاف جبکہ حمایت میں 148؍ارکان پارلیمنٹ نے ووٹ دیے۔ گذشتہ دنوں صدر رامافوسا پر گیٹ فارم اسکینڈل میں بدعنوانیوں کے الزامات سامنے آئے تھے۔
٭…نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے پارلیمنٹ میں اپوزیشن جماعت کے رکن کو مغرور کہنے پر معافی مانگ لی۔ پارلیمنٹ میں پُرجوش بحث کے دوران وزیر اعظم نے ایک مسئلہ اٹھایا تو اس دوران اپوزیشن پارٹی کے راہنما نے ان سے ایک ایسے موقع کی مثال دینے کو کہا جب انہوں نے غلطی کرکے معافی مانگی ہو اور اسے ٹھیک کیا ہو۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے ایک پُرجوش طریقے سے تفصیلی جواب دیا تاہم بات ختم کر کے بیٹھتے ہوئے انہوں نے بڑبڑاتے ہوئے ’مغرور‘ کہا جسے پارلیمنٹ میں مائیکروفونز نے ریکارڈ کرلیا۔ نیوزی لینڈ کی ACT پارٹی کے راہنما ڈیوڈ سیمور نے وزیراعظم کے الفاظ پر اعتراض کرتے ہوئے اسپیکر سے اسے واپس لینے کی درخواست کی تھی۔
٭…امریکہ کی ریاست فلوریڈا کے ایک سکول میں دوران نماز مسلم طلبہ سے ناروا سلوک پر خاتون ٹیچر کو برطرف کر دیا گیا۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھاجا سکتا ہے کہ ٹیچر نے مسلم طلبہ کی نماز کے دوران شور کیا اور جسمانی اذیت کی بھی کوشش کی۔ سکول انتظامیہ نے نسل پرستانہ رویے پر ٹیچر کو فوری طور پر برطرف کر دیا۔
٭…امریکہ میں 2012ء سے اب تک سکول میں فائرنگ کے 189؍واقعات میں 279؍سے زائد افراد مارے گئے ہیں۔ 2012ء میں ریاست کنیکٹی کٹ کے سکول میں فائرنگ سے 20؍بچوں سمیت 26؍افراد ہلاک ہوئے۔امریکہ میں فائرنگ کے واقعات کے بعد سے گن کنٹرول پر بحث بھی جاری ہے۔ جس کے بعد اس وقت کے امریکی صدر اوباما نے گن کنٹرول کی قانون سازی کےلیے عزم کا اظہار کیا۔ دس سال بعد موجودہ ڈیموکریٹک صدر جو بائیڈن نے بھی نیم خود کار رائفلوں پر پابندی لگانے کے وعدے کی تجدید کی ہے۔
٭…ارجنٹینا کے جنوبی صوبے میں نیچرل ریزرو میں لگی آگ پر قابو پانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ دو ہفتوں کے دوران سترہ ہزار ایکڑ اراضی جل کر راکھ ہوگئی۔ اس محفوظ قدرتی جنگل میں ایسے دیسی درختوں کی اقسام موجود ہیں جن کی لمبائی 130؍فٹ تک ہے۔ فائر فائٹرز کو تیز ہواؤں کے باعث صوبے ٹیرا ڈیل فیوگو میں جنگلات میں لگی آگ کو بجھانے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ جنگلات کی آگ کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
٭…برطانیہ میں شدید برفباری سے نظام مواصلات بری طرح متاثر ہوا ہے۔ سڑکوں پر پھسلن کے سبب مختلف حادثات پیش آرہے ہیں جبکہ ٹرین سروس متاثر ہوئی۔ برفباری کی وجہ سے ڈیڑھ سو پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔ برطانیہ بھر میں کئی سکول بھی بند ہیں۔ سکاٹ لینڈ کے علاقے ایبرڈین شائر میں درجہ حرارت منفی 15 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرگیا ہے۔ویلز میں درجہ حرارت منفی 8 ریکارڈ کیا گیا ہے۔ جنوب مشرقی اور مشرقی انگلینڈ میں بھی برف باری نے لوگوں کو گھروں میں قید کردیا ہے۔ اس سے قبل برمنگھم میں کھیلتے ہوئے یخ بستہ جھیل میں گر کر تین بچے جاں بحق ہوگئے تھے۔