دورۂ امریکہ کا انیسواں روز 14؍اکتوبر2022ء بروز جمعۃ المبارک
خطبہ جمعہ، نیشنل مجلسِ عاملہ خدام الاحمدیہ و
نیشنل مجلس عاملہ انصار اللہ امریکہ کی حضورِ انور کے ساتھ ملاقات
حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے صبح چھ بج کر پندرہ منٹ پر ’’مسجد بیت الرحمٰن‘‘ تشریف لا کر نماز فجر پڑھائی۔ نماز کی ادائیگی کے بعد حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ اپنی رہائشگاہ پر تشریف لے گئے۔
صبح حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے دفتری ڈاک ملاحظہ فرمائی اور مختلف دفتری امور کی انجام دہی میں مصروفیت رہی۔ آج جمعۃ المبارک کا دن تھا۔ حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اقتدا میں نمازِجمعہ کی ادائیگی کے لیے مقامی جماعت میری لینڈ (Mary Land) کے علاوہ امریکہ بھر کی جماعتوں سے احباب اور فیملیز بڑے لمبے اور طویل سفر طے کرکے پہنچے تھے۔
میامی (Miami) سے آنے والے احباب 1078 میل، Tulsa سے آنے والے 1220 میل، ڈیلس (Dallas) سے آنے والے احباب 1342 میل جبکہ ہیوسٹن سے آنے والے 1422 میل کا سفر طے کرکے آئے تھے۔ جماعت Tuscan سے آنے والے احباب 2280 میل اور Los Angeles سے آنے والے احباب اور فیملیز 2653 میل، سیاٹل (Seattle) سے آنے والے 2731 میل جبکہ جماعت Sacramento سے آنے والے 2751 میل اور جماعت San Jose سے آنے والے 2843 میل کے لمبے اور طویل سفر طے کرکے اپنے پیارے آقا کی اقتدا میں نمازِجمعہ کی ادائیگی کے لیے پہنچے تھے۔
علاوہ ازیں ہمسایہ ممالک میکسیکو اور پورٹوریکو سے آنے والے احباب نے بھی اپنے آقا کی اقتدا میں نمازِجمعہ ادا کرنے کی سعادت پائی۔ کینیڈا سے بھی ایک بڑی تعداد نمازِجمعہ کی ادائیگی کے لیے مسجد بیت الرحمٰن پہنچی تھی۔
نمازِجمعہ میں ہزاروں افراد جماعت نے شمولیت اختیار کی۔
خطبہ جمعہ
پروگرام کے مطابق ایک بجے حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد بیت الرحمٰن میں تشریف لا کر خطبہ جمعہ ارشاد فرمایا۔(حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکے اس خطبہ جمعہ کا مکمل متن کے لیے دیکھیں الفضل انٹرنیشنل کا شمارہ 04؍نومبر2022ء۔)
حضورِانور کا یہ خطبہ جمعہ MTA انٹرنیشنل کے ذریعہ براہِ راست ساری دنیا میں Live نشر ہوا۔ حضورِانور کا یہ خطبہ جمعہ دو بجے تک جاری رہا۔ بعدازاں حضورِانور نے نمازِجمعہ کے ساتھ نمازِعصر جمع کرکے پڑھائی۔
نمازوں کی ادائیگی کے بعد حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنی رہائش گاہ پر تشریف لے گئے۔
نیشنل عاملہ خدام الاحمدیہ امریکہ کی ملاقات
پروگرام کے مطابق 6 بجے حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ ِ العزیز میٹنگ روم میں تشریف لائے جہاں نیشنل مجلسِ عاملہ خدام الاحمدیہ امریکہ کی حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہِ العزیز کے ساتھ میٹنگ شروع ہوئی۔ (تفصیلی رپورٹ یہاں ملاحظہ فرمائیں) یہ میٹنگ چھ بج کر 55 منٹ پر ختم ہوئی۔
نیشنل عاملہ انصار اللہ امریکہ کی ملاقات
بعد ازاں سات بجے نیشنل مجلس عاملہ انصار اللہ امریکہ کی حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہِ العزیز کے ساتھ میٹنگ شروع ہوئی۔ حضور ِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہِ العزیز نے دعا کے ساتھ میٹنگ کا آغاز فرمایا۔ (تفصیلی رپورٹ یہاں ملاحظہ فرمائیں) میٹنگ کے آخر پر مجلس عاملہ انصار اللہ کے ممبران نے حضور انور کے ساتھ تصویر بنانے کی سعادت پائی۔ مجلس انصار اللہ کی یہ میٹنگ آٹھ بجے اپنے اختتام کو پہنچی۔
بعدازاں حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنے دفتر تشریف لے آئے۔ ساڑھے آٹھ بجے حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد بیت الرحمٰن میں تشریف لا کر نمازِمغرب وعشاء پڑھائیں۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ اپنی رہائش گاہ پر تشریف لے گئے۔