امریکہ (رپورٹس)دورہ امریکہ ستمبر؍اکتوبر 2022ء

دورۂ امریکہ کا اکیسواں روز 16؍اکتوبر 2022ء بروز اتوار

(رپورٹ:عبدالماجد طاہر۔ایڈیشنل وکیل التبشیر اسلام آباد)

٭…Joppatownکا دورہ

٭…کمیونٹی سینٹر اور مسجد کا معائنہ پودا لگانے کی تقریب

٭…فیملی ملاقاتیں

حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے صبح چھ بج کر پندرہ منٹ پر ‘‘مسجد بیت الرحمٰن‘‘ میں تشریف لا کر نماز فجر پڑھائی۔ نماز کی ادائیگی کے بعد حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ اپنی رہائشگاہ پر تشریف لے گئے۔

صبح حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ نے دفتری ڈاک ملاحظہ فرمائی اور ہدایات سے نوازا۔ حضورِانور مختلف دفتری امور کی انجام دہی میں مصروف رہے۔

دس بج کر چالیس منٹ پر حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ اپنی رہائشگاہ سے باہر تشریف لائے۔ پروگرام کے مطابق رہائشگاہ کے بیرونی احاطہ میں ہی مختلف شعبہ جات نے باری باری حضورِانور کے ساتھ گروپ تصاویر بنوانے کی سعادت پائی۔ ان شعبہ جات میں خدمتِ خلق، حفاظتِ خاص، سیکیورٹی، لنگرخانہ ٹیم، ضیافت ٹیم، MTA، شعبہ جائیداد، مجلس عاملہ میری لینڈ، طلبہ واساتذہ جامعہ احمدیہ کینیڈا، شعبہ رجسٹریشن، شعبہ MTA مسرور ٹیلی پورٹ، ایڈمنسٹریشن ٹیم، PA ٹیم، ملاقات ٹیم اور احمدی پولیس مین کے گروپ شامل تھے۔

بعدازاں پروگرام کے مطابق دس بج کر پچاس منٹ پر

Joppatown کے لیے روانگی

ہوئی۔ Joppa کا علاقہ مسجد بیت الرحمٰن سے پچاس میل کے فاصلہ پر واقع ہے۔ مجلس انصاراللہ امریکہ کے تحت اس علاقہ میں ایک دریا کے کنارے ایک ہاؤسنگ سکیم کے تحت 52 مکانات تعمیر ہوئے ہیں۔ جن میں سے 48 مکانات احمدی احباب کے ہیں۔ اور یہان ایک کمیونٹی سینٹر اور مسجد بھی تعمیر کی گئی ہے۔ قریباً ایک گھنٹہ کے سفر کے بعد گیارہ بج کر پچاس منٹ پر یہاں تشریف آوری ہوئی۔ احباب جماعت مردوخواتین کی ایک کثیرتعداد نے اپنے پیارے آقا کو خوش آمدید کہا۔ حضورِانور نے اپنا ہاتھ بلند کرکے سب کو السلام علیکم کہا۔ اپنے پیارے آقا کے استقبال کے لیے امریکہ کی مختلف سٹیٹس کیلیفورنیا، ٹیکساس، Ohio، Illinois، Michigan، Massachusetts، جارجیا اور فلوریڈا (Florida) سے احباب اور فیملیز یہاں پہنچی تھیں۔ بعض احباب لاس اینجلیز اور شکاگو سے بھی رات بھر کا سفر کرکے پہنچے تھے۔

حضور انور Joppatown میں دعا کروا رہے ہیں

اس جگہ کو مختلف بینرز سے سجایاگیا تھا۔ بعض احمدی احباب نے اپنے گھروں کو بھی باہر سے سجایا ہوا تھا۔ یہاں تعمیراتی پراجیکٹ کا آغاز سال 2017ء میں ہوا تھا اور اس کی تکمیل سال 2022ء میں ہوئی تھی۔

سب سے پہلے حضورِانور نے

کمیونٹی سینٹر اور مسجد کا معائنہ

فرمایا۔ یہ کمیونٹی سینٹر دو منازل پر مشتمل ہے، عمارت کا رقبہ دس ہزار مربع فٹ ہے۔ اس میں جو نماز کا ہال ہے، اس میں تین سو افراد نماز ادا کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ایک Multipurpose ہال ہے۔ دو گیسٹ رومز ہیں۔ ایک کانفرنس روم ہے۔ دو ڈائننگ ہال ہیں۔ دو دفاتر ہیں۔ اس کے علاوہ جماعتی کچن، میڈیا روم اور دو Terraces ہیں۔ علاوہ ازیں چھ باتھ روم اور بیوت الخلا ہیں۔

حضورِانور نے بڑی تفصیل سے اس سینٹر کا معائنہ فرمایا۔ معائنہ کے بعد حضورِانور نے

بیرونی احاطہ میں پودا

لگایا اور بعدازاں دعا کروائی۔ اس موقع پر مقامی انتظامیہ نے حضورِانور کے ساتھ تصویر بنوانے کی بھی سعادت پائی۔ بعدازاں ایک بچی نے حضورِانور کو پھول پیش کیے۔

Joppatown میں پودا لگانے کی تقریب

یہاں جو گھر، جوکالونی تعمیر ہوئی ہےان میں سے کمیونٹی سینٹر سے ملحقہ بلاک میں ایک گھر جماعت یوایس اے کے گیسٹ ہاؤس کے طور پر مخصوص کیا گیا ہے۔ حضورِانور نے اس گھر کا معائنہ فرمایا۔ اسی بلاک میں ایک گھر بطور مرکزی گیسٹ ہاؤس تعمیر کیا گیا ہے۔ حضورِانور نے ازراہِ شفقت اس کا بھی معائنہ فرمایا۔

بعدازاں حضورِانور مجلس انصاراللہ امریکہ کے گیسٹ ہاؤس میں تشریف لے گئے اور اس کاتفصیل سے معائنہ فرمایا۔ یہ گیسٹ ہاؤس تین منازل پر مشتمل ہے۔ اس میں ہر منزل پر بیڈرومز ہیں۔ مکمل باتھ روم ہیں۔ Living room ہیں، ڈائننگ روم بھی ہیں۔ ایک کچن بھی ہے۔ اس کے علاوہ لانڈری روم بھی ہے اور لائبریری بھی بنائی گئی ہے۔

انصاراللہ گیسٹ ہاؤس کے معائنہ کے بعد حضورِانور ساتھ والے ملحقہ گھر میں بھی تشریف لے گئے۔بعدازاں حضورِانور ازراہِ شفقت مکرم ڈاکٹر فہیم یونس قریشی نیشنل سیکرٹری تربیت و چیئرمین انصارہاؤسنگ پراجیکٹ کے گھر بھی تشریف لے گئے۔ حضورِانور نے ازراہِ شفقت ڈاکٹر صاحب کی اہلیہ اور بچوں سے گفتگو فرمائی۔

اب یہاں سے واپسی کا پروگرام تھا۔ اس دوران ڈاکٹر نمودِسحر رانا صاحبہ نے حضورِانور سے درخواست کی کہ میں واحد خاتون ہوں جس نے یہاں پر گھر خریدا ہے۔ حضورتشریف لائیں۔ حضورِانور ازراہِ شفقت ڈاکٹر صاحبہ کے گھر بھی تشریف لے گئے۔

بعدازاں بارہ بج کر چالیس منٹ پر یہاں سے مسجد بیت الرحمٰن کے لیے واپسی ہوئی اور قریباً ایک گھنٹہ کے سفر کے بعد ایک بج کر چالیس منٹ پر مسجد بیت الرحمٰن تشریف آوری ہوئی۔

دو بج کر دس منٹ پر حضورِانور نے تشریف لا کر نمازِظہروعصر جمع کرکے پڑھائیں۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد حضورِانور اپنی رہائشگاہ پر تشریف لے گئے۔

لجنہ اماء اللہ یو ایس اے کا مسجد بیت الرحمٰن کمپلکس کے بیرونی احاطہ میں اپنا ایک کانفرنس ہال تعمیر کرنے کا منصوبہ ہے انہوں نے حضور انور کی خدمت میں درخواست کی تھی کہ حضور اس کی تعمیر کی جگہ پر دعا کروادیں۔ چنانچہ پانچ بج کر دس منٹ پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے اپنی رہائش گاہ سے باہر تشریف لاکر دعا کروائی۔ اس موقع پر نیشنل صدر لجنہ اماء اللہ اپنی عاملہ کے ممبران کے ساتھ موجود تھیں اور دعا میں شامل ہوئیں۔

حضور انور مسجد بیت الرحمٰن کے باہر سائٹ لجنہ اماء اللہ کانفرنس ہال پر دعا کروارہے ہیں

بعد ازاں پروگرام کے مطابق پانچ بج کر پندرہ منٹ پر حضورِانور میٹنگ روم میں تشریف لائے جہاں نیشنل عاملہ لجنہ اماء اللہ امریکہ کی حضورِ انور کے ساتھ میٹنگ ہوئی۔ (میٹنگ کی تفصیلی رپورٹ یہاں ملاحظہ فرمائیے)

میٹنگ کے بعد حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ اپنے دفتر تشریف لے آئے جہاں

فیملی ملاقاتیں

شروع ہوئیں۔ آج کے اس سیشن میں 47 فیملیز کے 186 افراد نے اپنے پیارے آقا سے ملاقات کی سعادت پائی۔ علاوہ ازیں 236 افراد نے گروپس کی صورت میں شرف ملاقات پایا۔

آج ملاقات کرنے والے یہ احباب اور فیملیز امریکہ کی مختلف 34 جماعتوں سے آئے تھے۔ آج بھی بعض احباب اور فیملیز بڑے اور طویل سفر طے کرکے ملاقات کے لیے پہنچی تھیں۔

جماعت Buffalo سے آنے والے 374 میل، جماعت شکاگو (Chicago) سے آنے والے 690 میل اور جماعت Miami سے آنے والے 1078 میل کا سفر طے کرکے آئے تھے۔ علاوہ ازیں جماعت Dallas سے آنے والے1342 میل اور جماعت Bay Point سے آنے والے 2786 میل کا سفر طے کرکے پہنچے تھے۔ ان سبھی احباب اور فیملیز نے حضورِانور کے ساتھ تصویر بنوانے کی سعادت بھی پائی۔ حضورِانور نے ازراہِ شفقت تعلیم حاصل کرنے والے طلباء اور طالبات کو قلم عطافرمائے اور چھوٹی عمر کے بچوں اور بچیوں کو چاکلیٹ عطافرمائیں۔

احباب جماعت کے تاثرات

آج بھی ملاقات کرنے والوں میں بڑی تعداد ان فیملیز اور احباب کی تھی جو اپنی زندگی میں پہلی بار اپنے پیارے آقا سے ملاقات کی سعادت پارہے تھے۔

عمران نصیرصاحب جو Connecticut سے آئے تھے۔ ملاقات کے بعد کہنے لگے کہ ہمیں لگ رہا ہے کہ ہم ایک خواب دیکھ کرآئے ہیں۔ میں جو باتیں کرنا چاہتا تھا، نہیں کرسکا۔ حضورِانور ازراہِ شفقت ہم سے گفتگو فرماتے رہے۔

ایک دوست عاطف رحمٰن صاحب جو جماعت Buffalo سے آئے تھے کہنے لگے کہ ملاقات کے لیے جو چند لمحات میسر آئے، ہمیں بہت سکون ملا ہے۔ ہم بہت خوش نصیب ہیں کہ اپنے آقا سے ملے ہیں۔ اس وقت ہمارا دل جذبات سے بھرا ہوا ہے اور ہم تو جنت سے ہو کر آئے ہیں۔

نارتھ ورجینیا سے آنے والے ایک دوست شبیراحمد صاحب بات کرتے ہوئے رونے لگ گئے۔ ان سے بات نہیں ہورہی تھی۔ بڑی مشکل سے کہنے لگے کہ ہم سوچ بھی نہیں سکتے تھے۔ ہمارے وہم وگمان میں بھی نہیں تھا کہ ہماری پیارے آقا سے ملاقات ہوگی۔ لیکن آج اللہ تعالیٰ نے یہ موقع عطافرمایا۔ ہم نے حضورسے تبرک بھی لیا۔ حضورِانور نے میری انگوٹھی کو حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی انگوٹھی کے ساتھ مَسْ کیا۔ آج ہماری نسلوں نے بھی حضورِانور سے برکت حاصل کی۔ میرا بیٹا اور میرا پوتا بھی ساتھ تھے۔

جماعت نارتھ ورجینیا سے آنے والے ایک دوست لقمان احمدصاحب کی آنکھوں سے آنسوجاری تھے۔ کہنے لگے کہ مجھے نہیں لگ رہا تھا کہ میں کبھی بھی حضورِانور سے مل سکوں گا۔ لیکن اللہ تعالیٰ نے راستہ کھول دیا اور میں یہاں آگیا۔ میں آج ملاقات کو الفاظ میں بیان نہیں کرسکتا۔ آج میرے دل کو سکون اور اطمینان نصیب ہوا۔

جماعت Mary Land سے آنے والے ایک دوست فضل عمر ملک صاحب نے بیان کیا کہ بہت ہی بابرکت ملاقات تھی۔ حضورِانور نے ہمارے لیے دعا کی۔ میں نے اپنے آقا کو دیکھا۔ میرا دل بہت نرم ہوگیا۔ میں نے تو صرف نعمتیں ہی محسوس کیں۔ بہت برکتیں لے کر آیا ہوں۔

جماعت North Virginia سے آنے والی ایک خاتون عائشہ انصاری صاحبہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج میری زندگی کی پہلی ملاقات تھی۔ میرے پاس بیان کرنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں۔ میرا جسم کانپ رہا تھا۔ آج مجھے خدا سے بہت کچھ مل گیا۔ یہ میری زندگی کے قیمتی ترین لمحات تھے۔

ضیاء انور صاحب جماعت نارتھ ورجینیا سے آئے تھے۔ کہنے لگے کہ میں نے حضورِانور کی خدمت میں عرض کیا کہ میں موصی ہوں۔ میرے لیے دعا کریں کہ میں وصیّت کی شرائط کو پورا کرسکوں اور بخشا جاؤں۔ اس پر حضورِانور نے فرمایا اللہ تعالیٰ فضل کرے۔

ملاقاتوں کا یہ پروگرام ساڑھے آٹھ بجے تک جاری رہا۔ بعدازاں حضورِانور نے مسجد بیت الرحمٰن تشریف لاکر نمازِمغرب وعشاء جمع کرکے پڑھائیں۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ اپنی رہائشگاہ پر تشریف لے آئے۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button