ہیومینٹی فرسٹ جرمنی کے زیر انتظام چاڈ (وسطی افریقہ) میں چوتھا میڈیکل کیمپ
اللہ تعالیٰ کے فضل کے ساتھ ملک چاڈ میں ہیومینٹی فرسٹ جرمنی کے توسط سے دو ہفتےکے لیے میڈیکل کیمپ منعقد کیا گیا۔
6تا 19نومبر 2022ء ہیومینٹی فرسٹ جرمنی کی سات رکنی ٹیم کا میڈیکل کیمپ کے لیے ملک چاڈ میں قیام رہا۔ ان کی رہائش کا انتظام جماعتی مشن ہاؤس میں کیا گیا تھا۔
06؍نومبر بروز اتوار ہیومینٹی فرسٹ کی ٹیم چاڈ پہنچی جس کی قیادت ڈاکٹر اعزاز احمدصاحب ڈائریکٹر گلوبل ہیلتھ ہیومینٹی فرسٹ جرمنی کر رہے تھے۔ اس کے علاوہ ڈاکٹر عاصم بلال عارف صاحب، ڈاکٹر اویس اکبر باجوہ صاحب، ڈاکٹر سفیر احمد نجم صاحب، ڈاکٹر عامر مرزا صاحب، ڈاکٹر رحمان احمد قمر صاحب اور مکرم محمد فاتح آصف صاحب ٹیم میں شامل تھے۔ اس کے علاوہ خاکسار (مربی سلسلہ) کے ساتھ لوکل ٹیم بھی شامل تھی۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس قیام کے دوران مختلف پروجیکٹس پر کام کیا گیا اور آٹھ فری میڈیکل کیمپس منعقد کیے گئے۔
4800 لوگ ان کیمپس سے مستفید ہوئے جن میں فری ادویات بھی دی گئیں۔ یہ سارے میڈیکل کیمپس چاڈ وزارتِ صحت کے ساتھ مل کر لگائے گئے۔ دارالحکومت چاڈ میں جماعتی مشن ہاؤس اور مسجد کی جگہ پر دو دن کے لیے میڈیکل کیمپس لگائے گئے۔ الحمد للہ علیٰ ذٰلک
فوڈ سیکیورٹی پروجیکٹ
ہیومینٹی فرسٹ جرمنی کی طرف سے 380مستحق فیملیز میں راشن تقسیم کیا گیا۔ راشن میں چاول، میکرونی اور سپیگیٹی شامل تھی۔
اس کے علاوہ ہیومینٹی فرسٹ جرمنی کی طرف سے چالیس بکرے ذبح کیے گئے اور غریب اور مستحق لوگوں میں گوشت تقسیم کیا گیا جن سے تین ہزار لوگ مستفید ہوئے۔الحمد للہ علیٰ ذٰلک۔
یتیم بچوں کی دیکھ بھال
Orphan Care پروجیکٹ کے تحت ہر ماہ چالیس یتیم بچوں کو ملک چاڈ میں ایک ماہ کا راشن تقسیم کیا جاتا ہے۔ راشن میں چاول، میکرونی، سپیگیٹی، چینی، کوکنگ آئل اور ٹماٹو پیسٹ وغیرہ شامل ہوتی ہے۔ ٹیم نے اس جگہ کا دورہ کیا اور ایک ماہ کا راشن تقسیم کیا۔ الحمد للہ علیٰ ذٰلک۔
اللہ تعالیٰ ہیومینٹی فرسٹ کی خدمات قبول فرمائے اور اپنی بے شمار رحمتوں اور فضلوں کا وارث بنائے۔ آمین
(رپورٹ: خلیل احمد خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)