مجلس خدام الاحمدیہ و اطفال الاحمدیہ سوئٹزرلینڈ کے نیشنل والی بال اور فٹ بال ٹورنامنٹس
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۱۰؍دسمبر۲۰۲۲ء کو مجلس خدام الاحمدیہ سوئٹزرلینڈ کو نیشنل والی بال ٹورنامنٹ اور مجلس اطفال الاحمدیہ سوئٹزرلینڈ کو نیشنل فٹ بال ٹورنامنٹ نور مسجد ویگولٹینگن کے قریبی گاؤں موحل ہائیم کے سپورٹس ہال میں منعقد کرنے کی توفیق ملی،جس میں۴۰ خدام اور ۳۵ اطفال نے شرکت کی۔
اس ٹورنامنٹ کی تیاری دو ماہ قبل شروع کر دی گئی تھی۔ سب سے پہلے مناسب جگہ تلاش کی گئی۔ بعد ازاں خدام و اطفال کی ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔
مورخہ ۱۰؍دسمبر کو صبح ۱۰:۳۰ بجے ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب کا ا ٓغاز مکرم عارف محمود کاہلوں صاحب معتمد مجلس خدام الاحمدیہ سوئٹزرلینڈ کی زیر صدارت تلاوتِ قرآن کریم سے کیا گیا۔ محترم صدر صاحب کی ہدایت کے مطابق مکرم معتمد صاحب نے ٹورنامنٹ کے افتتاحی اجلاس کی صدارت کی۔ تلاوت کے بعد محترم معتمد صاحب نے خدام کا عہد دُہرایا۔
بعد ازاں مکرم منیر احمد منور صاحب مبلغ انچارج سوئٹزرلینڈ نے اپنی افتتاحی تقریر حدیث نبویﷺ صحت مند اور توانا مومن کمزور مومن سے بہتر ہے کی روشنی میں خدام اور اطفال کو نصائح کیں۔ اس کے بعد مبلغ انچارج صاحب نے دعا کروائی اور میچز کا آغاز ہوا جو کہ دوپہر کے کھانے اور نمازوں کے وقفہ تک جاری رہے۔نمازِ ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد کھیل کے بقیہ میچز منعقد ہوئے۔
اس ٹورنامنٹ میں مجلس اطفا ل الاحمدیہ کے کل ۱۰ میچز اور مجلس خدام الاحمدیہ کے ۱۳میچز کروائے گئے۔ کھیلوں کا اختتام شام ساڑھے پانچ بجے ہوا جس کے بعد اختتامی تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا۔
تلاوت قرآن کریم کے بعد مکرم ولید طارق تارنتسرصاحب نیشنل امیر سوئٹزرلینڈ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ محترم امیر صاحب نےنمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔
بعد ازاں محترم امیر صاحب نے اپنی اختتامی تقریر میں ٹورنامنٹس کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام ورزش کو پسند کرتا ہے اور کہا کہ جہاں جسمانی ورزش ضروری ہے وہاں روحانی ورزش جوکہ نماز ہے وہ بھی ضروری ہے۔ اور یہ کہ صحت مند رُوح کے لیے صحت مند جسم بھی ضروری ہے۔
آخر پر محترم امیر صاحب نےدعا کروائی اور پروگرام اختتام پذیر ہوا۔
(رپورٹ: صباح الدین بٹ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)