اطلاعات و اعلاناتافریقہ (رپورٹس)

مدرسۃ الحفظ گھانا کے ایک اَور طالب علم کا اعزاز۔ تکمیلِ حفظ قرآن

(حافظ مبشر احمد جاوید مبلغ و انچارج مدرسۃ الحفظ گھانا)

خدا تعالی کے فضل سے  مورخہ ۱۷؍ جنوری ۲۰۲۳ء بروز منگل مدرسۃ الحفظ (گھانا) کے ایک طالبعلم عزیزم مصور احمد سرمد نے تکمیل حفظِ قرآن کی سعادت حاصل کی۔ الحمدللہ۔ اللہ تعالیٰ یہ سعادت عزیزم و سلسلہ کے لیے مبارک فرمائے اور بچے کے لیے مزید کامیابیوں کا پیش خیمہ بنائے۔آمین۔

عزیزم ۲۲؍ ستمبر۲۰۰۷ء  کو ربوہ  میں پیدا ہوئے اور اڑھائی سال کی عمر میں گھانا آگئے ۔ ٹی آئی احمدیہ سکول اکرافو سے تعلیم کا آغاز کیا،اسی سکول سےJHS 1(ساتویں کلاس) مکمل کرنے کے بعدمدرسۃ الحفظ میں داخل ہوئے۔

خداتعالیٰ کے فضل سے سکول میں نمایاں پوزیشن حاصل کرتے رہے۔ عزیزم نے یکم فروری۲۰۲۱ء کو قرآن کریم حفظ کرنا شروع کیا اورایک سال گیارہ ماہ سترہ دن میں قرآن کریم کا حفظ مکمل کیا۔ عزیزم دوسرے پاکستانی حافظ ہیں جنہوں نے مدرسۃ الحفظ گھانا سے حفظِ قرآن مکمل کیا۔ الحمدللہ۔ عزیزم پڑھائی کے ساتھ ساتھ فٹبال کے بہت اچھے کھلاڑی ہیں اور مدرسۃ الحفظ کی فٹبال ٹیم کے کپتان ہیں۔ یہ بچہ مکرم امام الدین صاحب مرحوم آف چک نمبر 32 صادق آباد ضلع رحیم یار خان کا پوتا، مکرم عبد القادر  صاحب مرحوم آف بشیرآباد سندھ کا نواسا اور محترم مولوی مبشر حسین شاہد صاحب وائس پرنسپل جامعۃ المبشرین گھاناکا بیٹا ہے۔

عزیزم کو مدرسۃ الحفظ بھجوانے سے قبل یسرنالقرآن اور صحت تلفظ کے ساتھ قرآن کریم ناظرہ پڑھانے کی سعادت ان کی والدہ محترمہ قانتہ فضیلت صاحبہ کو ملی۔ بحیثیت استاد مورخہ ۱۷؍جنوری کو مکرم حافظ خلیق بشیر صاحب نے ان سےآخری سبق سنا اور اس خوشی کے موقع پر عزیز کی جانب سے تمام طلبہ کی خدمت میں ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔ عزیزم وقفِ نو کی بابرکت تحریک میں شامل ہیں۔

مدرسۃ الحفظ کے آغاز(مارچ ۲۰۰۵ء) سے اب تک اس ادارے سے ۷۹ طلبہ قرآنِ کریم حفظ کرنے کی سعادت حاصل کر چکے ہیں جن کا تعلق گھانا، برکینا فاسو،آئیوری کوسٹ، یوگنڈا، لائیبیریا، ٹوگو، بینن، گیمبیا اور پاکستان سے ہے۔ اس وقت مدرسۃ الحفظ میں زیرِ تعلیم طلبہ کی تعداد ۲۸ ہے۔ان طلبہ کا تعلق گھانا ، گیمبیا، گنی بساؤ  اورلیبیا سے ہے۔

احباب جماعت کی خدمت میں  دعا کی درخواست ہے  کہ اللہ تعالیٰ جملہ طلبہ کو تکمیلِ حفظِ قرآنِ کریم کرنے، اسے ہمیشہ یاد رکھنے، اس پر عمل پیرا ہونے اور دوسروں کو سکھانے  کی توفیق عطا فرمائے نیز ہم سب کو خلافتِ احمدیہ کے زیرِ سایہ قرآن کریم کی بہتر ین رنگ میں میں خدمت کی توفیق عطا فرماتا رہے۔آمین۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button