یوکے میں سال ِنَو۲۳ء کے آغاز پر جماعت احمدیہ کےنماز تہجد کے رُوحانی اجتماعات
جب جب دسمبر کا مہینہ آتا ہےدنیا بھر میں لوگوں کے ذہنوں میں نئے سال کی تقریبات تازہ ہونا شروع ہوجاتی ہیں۔ ۳۱؍دسمبر کی ساری رات جاگ کر گزاری جاتی ہے۔ انتہا کا شور شرابہ اور غُل غپاڑہ کیا جاتا ہے، ایک دوسرے کو مبارکبادیں دی جاتی ہیں۔ کہیں فائر ورکس اور کہیں مختلف روشنیوں کے ذریعہ نئے سال کا آغاز کیا جاتا ہے۔ لیکن روئے زمین پر ایک جماعت ایسی بھی ہے جس کے ممبران کُل عالم میں اپنےایک امام و خلیفۃ المسیح کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے نئے سال کا آغازغفور و رحیم خدا کے حضور سجدوں اور عاجزانہ دعاؤں سے کرتے ہیں اور اس مقصد کے لیے باجماعت نماز تہجد کے انعقاد کے لیے باقاعدہ اہتمام کیا جاتا ہے جس میں تمام چھوٹے بڑے بچے بوڑھے مَرد و زَن انتہائی ذوق و شوق سے شامل ہوتے ہیں ۔پیارے آقا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے خطبہ جمعہ فرمودہ ۳۰؍دسمبر ۲۰۱۶ء میں احباب جماعت کو نصیحت کرتے ہوئے فرمایا تھا کہ ہم سال کی آخری رات اور نئے سال کا آغاز اگر جائزے اور دعا سے کریں گے تو اپنی عاقبت سنوارنے والے ہوں گے۔ ہمیں یہ دعا کرنی چاہیے کہ ہمارا آنے والا سال گزشتہ سال کی طرح روحانی کمزوری دکھانے والا سال نہ ہو۔ بلکہ ہمارا ہر قدم اللہ تعالیٰ کی رضا کے حصول کے لیے اٹھنے والا قدم ہو۔ ہمارا ہر دن اُسوہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر چلنے والا دن ہو۔ ہمارے دن اور رات حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام سے عہد بیعت نبھانے کی طرف لے جانے والے ہوں۔
پس امسال بھی سال ۲۰۲۳ء کے استقبال کے لیے جماعت احمدیہ یوکے نےاپنے پیارے امام کی نصائح پر عمل کرتے ہوئے تمام جماعتوں میں باجماعت نماز تہجدو نماز فجر کا اہتمام کیا جس میں احمدی احباب کی کثیر تعداد شامل ہوئی اور بعض جماعتوں میں نماز کے بعد احباب جماعت کی خدمت میں ناشتہ بھی پیش کیا گیا۔ بعد ازاں مجلس خدام الاحمدیہ یوکے نے ہر سال کی طرح حسب روایت امسال بھی خدام و اطفال کے گروپ بناکر اپنے اپنے علاقوں میں مقامی سٹی سینٹر یا اطراف کی سڑکوں پر نئے سال کی خوشی منانے والوں کی جانب سے پھیلائے گئے کچرے کو اُٹھانے اور صفائی ستھرائی کرتے ہوئےجماعت احمدیہ کے موٹو’ محبت سب کے لیے نفرت کسی سے نہیں‘ کو اُجاگر کیا۔ اللہ تعالیٰ اس کارِ خیر میں حصہ لینے والے تمام کارکنان کو جزائے خیر عطا فرمائے۔ آمین
قارئین الفضل کے استفادہ کے لیے ذیل میں مختلف ریجنز کی طرف سے موصول ہونے والی رپورٹس معہ تصاویر پیش خدمت ہیں۔
بیت الفتوح ریجن
ریجنل امیر مکرم مبارک صدیقی صاحب تحریر کرتے ہیں کہ خدا تعالیٰ کے فضل کے ساتھ حسب ِمعمول سالِ نو کے پہلے روز یکم جنوری۲۰۲۳ء کو دیگر بڑی مساجد کی طرح مسجد بیت الفتوح میں بھی نماز تہجد کا انتظام کیا گیا تھا۔ برطانیہ میں آج کل نماز فجر سات بجے ہے اس لیے نماز تہجد کا وقت صبح پونے چھ بجے مقرر کیا گیا تھا۔ ہر چند کہ موسم بہت سرد تھا لیکن اس کے باوجودصبح سوا پانچ بجے سے ہی مسجد بیت الفتوح میں نمازیوں کی آمد شروع ہوگئی اور تھوڑی دیر میں مزید کار پارکنگ کی گنجائش نہ رہی۔ مسجد بیت الفتوح ایک بہت ہی خوبصورت اور روحانی منظر پیش کر رہی تھی۔ چھوٹے بڑے جوان بزرگ کشاں کشاں مسجد کی طرف بڑھ رہے تھے۔ گیٹ پر خدام ٹریفک کنٹرول کرنے کے لیے موجود تھے۔ بہت سے احباب مسجد سے دور گاڑیاں کھڑی کر کے پیدل مسجد پہنچے۔ خدا تعالیٰ کے فضل سے مردو خواتین اور بچوں سمیت۱۵۰۰سے زائد افراد کو نماز تہجد، نماز فجر ادا کرنے کی توفیق عطا ہوئی اور اس کے بعد حسب معمول درس بھی ہوا۔بعد ازاں انتظامیہ کی طرف سے طاہر ہال میں ناشتہ پیش کیا گیا جس میں چنے کا سالن، حلوہ، نان اور چائے شامل تھی۔ ہر طرف السلام علیکم اور نیا سال مبارک ہو کی صدائیں بلند ہو رہی تھیں۔ اللہ تعالیٰ یہ سال اور آنے والا ہر سال ہم سب کے لیے بابرکت فرمائے اور ہم سب کو حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات پر عمل کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنے والا بنائے۔آمین
مسجد فضل ریجن
ریجنل امیر ڈاکٹر مجیب الحق خان صاحب لکھتے ہیں کہ ہمارے آقا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا تھا کہ جب دوسرے لوگ لہو و لعب میں نئے سال کا جشن مناتے ہیں ہم احمدی مسلمان آدھی رات کو اُٹھ کرنماز تہجدادا کر کے نئے سال کا استقبال کرتے ہیں۔پس اپنے آقا کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے ہمارے ریجن میں بھی باجماعت نماز تہجد کی ادائیگی کا اہتمام کیا گیا۔ بہتر حاضری کے لیے ریجن کے مقامی صدور اورریجنل صدر لجنہ اماء اللہ کے ذریعے ممبران جماعت کو مطلع کرنے کے علاوہ نماز جمعہ کے موقع پر اعلان بھی کیا گیا۔ ریجن اور اطراف کے علاقوں سے بڑی تعداد میں اراکین کی شرکت کی امید میں مسجد فضل کے احاطہ میں دو مارکیاں بھی لگائی گئیں جن میں سرد موسم کی مناسبت سے احباب جماعت کے آرام اور آسانی کے لیے ہیٹر بھی لگائے گئے۔ مکرم عمران محمود شیخ صاحب کو اس بابرکت تقریب کے انعقاد کی ذمہ داری سونپی گئی۔خدام الاحمدیہ مسجد فضل ریجن اور مسجد کی ڈیوٹی ٹیم نے خواتین کو ناشتہ کروانے کے لیے اضافی مارکیز بھی لگائیں۔ اللہ تعالیٰ تمام منتظمین اور رضاکاروں کو اَجرِ عظیم عطا فرمائے جنہوں نے اس بابرکت تقریب کو کامیاب بنایا۔ آمین
مسجد فضل میں نماز تہجدٹھیک صبح پونے چھ بجے مربی سلسلہ مکرم انیق الرحمٰن صاحب کی اقتدا میں شروع ہوئی۔ نماز تہجد اور اذان فجر کے بعدمبلغ سلسلہ مکرم فرخ راحیل صاحب نے نماز فجر پڑھائی اور درس میں ماہ و سال کا فلسفہ قرآن کریم کی روشنی میں بیان کیا۔ مردوں نےمسجد فضل، نصرت ہال اور مارکی میں جبکہ مسجد اور محمود ہال کے درمیانی ایریا میں میں سو سے زائد افراد نے نمازیں ادا کیں۔ لجنہ اماء اللہ نے محمود ہال کی بالائی اور گراؤنڈ فلور میں نمازیں ادا کیں۔۵۵۰ سے زائد مردوں اور ۳۵۹ لجنہ اماء اللہ سمیت کُل۹۰۰ سے زائد احباب جماعت شامل ہوئے۔الحمدللہ۔اللہ تعالیٰ اس نئے سال کو اور آنے والے تمام سالوںکو ہمارے لیے بابرکت فرمائےاور ہماری تمام دعائیں قبول فرمائے۔ آمین
اسلام آباد ریجن
ریجنل امیر مکرم عطاءالقدوس صاحب تحریر کرتے ہیں کہ اسلام آباد ریجن میں بھی نئے سال کا آغاز نماز تہجد کی باجماعت ادائیگی سے کیا گیا۔اسلام آباد میں ایک ہزار، مسجد نُورکرالی میں پچاس اور مسجد بیت الشکور میں اٹھارہ احباب جماعت نے شرکت کی۔ تینوں مقامات پر نمازوں کی ادائیگی کے بعد احباب جماعت کی خدمت میں ناشتہ بھی پیش کیا گیا۔
مڈ لینڈز ریجن
ریجنل امیر مکرم سیّد امتیاز صاحب کہتے ہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے حضور انور کی نصائح پر عمل کرتے ہوئے نئے سال کے استقبال کی توفیق ملی اور ریجن کے آٹھ مقامات پر نماز تہجد و نماز فجر باجماعت ادا کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔تمام مقامات پر نمازوں اور درس القرآن کے بعد احباب جماعت کی خدمت میں ناشتہ پیش کیا گیا۔بعد ازاں مجلس خدام الاحمدیہ کے تحت مقامی ٹاؤن سینٹرز اور ملحقہ گلیوں میں صفائی ستھرائی کے کام میں بھی احباب جماعت شامل ہوئے۔ ریجن میں مختلف مساجد اور سینٹرز میں شریک ہونے والے احباب جماعت کی حاضری کی تفصیل کچھ یوں ہے۔
مسجد دارالبرکات برمنگھم:۳۱۶، مسجد بیت الغفورڈڈلی اور بھان ویسٹ :۱۵۰، مسجد بیت المقیت والسال:۹۵، مسجد بیت الحفیظ ناٹنگھم:ایک سو سے زائد، مسجد بیت الاکرام لیسٹر:۱۴۰، مسجد بیت االعطا ولور ہیمپٹن: ۴۶، مسجد بیت الاحسان لیمنگٹن سپا:۲۷ جبکہ برٹن نماز سینٹر میں ۳۷ احباب جماعت شامل تھے۔ اس طرح ریجن کی کُل حاضری ۹۱۱ رہی۔
مڈل سیکس ریجن
ریجنل امیر مکرم سہیل احمد قریشی صاحب نئے سال کے موقع پر اپنے ریجن کی پانچ مساجد میں منعقدہ باجماعت نماز تہجد و نماز فجر کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہمیں حضور انور کے ارشادات کے عین مطابق اس پروگرام کے انعقاد کی سعادت ملی جس میں کُل ۵۳۹؍احباب جماعت نے اپنی فیملیز کے ہمراہ شرکت کی۔نمازوں کے بعد شرکاء کی خدمت میں ناشتہ بھی پیش کیا گیا۔ریجن کی مختصر رپورٹ کچھ اس طرح ہے کہ ہانسلو نارتھ جماعت کی مسجد بیت النور میں مکرم ساحل منیر صاحب مربی سلسلہ نے نمازیں پڑھائیں اور درس القرآن پیش کیا۔یہاں پر حاضری ۸۴ تھی۔ ہانسلو ساؤتھ جماعت کی مسجد بیت الواحد میں مکرم رانا مشہود صاحب مربی سلسلہ نے نمازیں پڑھائیں اور درس دیا جس میں شامل ہونے والے احباب جماعت کی تعداد ۱۲۰تھی۔ساؤتھ ہال جماعت کی مسجد دارالسلام میں مکرم مجیب مرزا صاحب مربی سلسلہ نے نمازیں پڑھائیں اور درس دیا۔ یہاں گرین فورڈ جماعت کے ممبران بھی شامل ہوئے اور حاضری ۱۵۰ رہی۔ہیز جماعت کی مسجد بیت الامن میں مکرم منصور چٹھہ صاحب مربی سلسلہ نے نمازوں کے بعد درس دیا۔یہاں ہائی ویکمب جماعت کے ممبران بھی شریک ہوئے۔حاضری ۷۵ رہی۔سلاؤ جماعت نے ایک مقامی ہال میں اس پروگرام کا انتظام کیا تھا جس میں شامل ہونے والے احباب جماعت کی تعداد ۱۱۰ تھی۔ یہاں پر متعلم جامعہ احمدیہ یوکے مکرم عدیل احمد صاحب نے نماز تہجد و فجر پڑھانے کے بعد درس القرآن پیش کیا۔
نارتھ ویسٹ ریجن
ریجنل امیر مکرم عبد الغالب خان صاحب نے اطلاع دی ہے کہ سال ۲۰۲۳ء کے آغاز پر نارتھ ویسٹ ریجن کی جماعتوں میں بھی باجماعت نماز تہجد و نماز فجرکا اہتمام کیا گیا۔ مسجد دارالامان مانچسٹر میں مکرم حافظ طیب احمد صاحب نے نماز تہجد و فجر کی امامت کروائی جس میں ۴۰۴ افراد شامل ہوئے۔ مسجد بیت اللطیف لیور پُول میں مربی سلسلہ مکرم نعمان احمد صاحب نے امامت کے فرائض ادا کیے اور یہاں ۶۹ احباب جماعت شامل ہوئے۔ مسجد بیت الرشید بلیک برن میں مربی سلسلہ مکرم فرہاد احمد صاحب نے نماز تہجد و نماز فجر پڑھائی جس میں ۱۶ افراد شامل ہوئے۔ اس طرح ریجن میں احباب جماعت کی کُل حاضری ۴۸۹رہی۔مانچسٹر اور لیور پُول کی جماعتوں میں نماز کے بعد احباب جماعت کی تواضع ریفریشمنٹ سے کی گئی۔
بیت الاحسان ریجن
ریجنل امیر مکرم عطاءالعلیم صاحب کہتے ہیں کہ ہمارے ریجن کی مسجد بیت الاحسان میں تین سو مرد حضرات اور۱۵۰ لجنہ اماء اللہ شامل ہوئیں اور مچم نماز سینٹر کی حاضری ۳۷ تھی اس طرح ریجن کی کُل حاضری چار سو ستاسی رہی۔مسجد بیت الاحسان میں نمازوں اور درس کی ادائیگی کے بعد احباب جماعت کی خدمت میں ناشتہ بھی پیش کیا گیا۔
نارتھ ایسٹ ریجن
ریجنل امیر مکرم ڈاکٹر سیّد مظفر احمد صاحب نے اپنی رپورٹ میں تحریر کیا ہے کہ دیگر تمام ریجنز کی طرح ہمارے ریجن میں بھی نئے سال کے پہلے دن کا آغاز نماز تہجد کے انتہائی کامیاب پروگرام سے کیا گیا۔ریجن کی آٹھ مساجد میں باجماعت نماز تہجد و فجر میں شامل ہونے والے احباب جماعت کی تعداد ۴۰۶تھی۔سکنتھورپ جماعت کے خدام نے نمازوں کی ادائیگی کے بعد ناشتہ کیا اور چند سپورٹس مقابلہ جات بھی کئے۔ بعد ازاں مقامی ٹاؤن سینٹر میں صفائی کی خدمت انجام دینے کے بعد مقامی فائر بریگیڈاور پولیس کو دو عدد گفٹ ہیمپرز بھی دیے جبکہ دو اولڈ کیئر ہومز اور چلڈرن وارڈ میں بھی تحائف تقسیم کیے۔ تمام تحائف کے ساتھ جماعت احمدیہ کے سیزن گریٹنگ کارڈ زبھی دیے گئے۔
ہارٹفورڈ شائر ریجن
ریجنل امیر مکرم ڈاکٹر نوید احمد ظفر صاحب تحریر کرتے ہیں کہ ہمارے ریجن کے سات سینٹرز میں اللہ تعالیٰ کے فضل سے نئے سال کے پہلے دن کا آغاز باجماعت نماز تہجد اور نماز فجر میں خدا تعالیٰ کے حضورعاجزانہ دعاؤں سے کیا گیا۔نارتھ ہیمپٹن میں ۲۰، واٹفورڈ میں ۵۹، اسٹیونیج نارتھ اور ساؤتھ میں ۷۵، ملٹن کینز میں ۴۰، کیمبرج میں ۱۰، لُوٹن میں۷۰ اور پیٹر بورو میں ۴۰کی حاضری سمیت ریجن کی کُل حاضری ۳۱۴تھی۔یہاں بھی ریجن کی تمام جماعتوں میں مجلس خدام الاحمدیہ کے زیر اہتمام احباب جماعت نے مقامی ٹاؤن سینٹرز میں ۳۱؍دسمبر کی رات پھیلائے گئے کچرے کو اُٹھانے اور صفائی کا کام انتہائی خوشدلی سے انجام دیا۔
اسکاٹ لینڈ ریجن
ریجنل امیر مکرم عبد الحئی صاحب تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہم نے بھی اپنے ریجن میں نئے سال کا آغاز باجماعت نماز تہجد سے کیا۔ مسجد بیت الرحیم گلاسگو میں۶۶ مرد حضرات اور ۳۵ لجنہ اماء اللہ، ڈنڈی جماعت میں دس اور ایڈن برگ جماعت میں پندرہ احباب جماعت شامل ہوئےجبکہ نمازوں کے بعد درس دیا گیا۔یہاں بھی احباب جماعت کی تواضع ناشتے سے کی گئی جس کے بعد مجلس خدام الاحمدیہ کے تحت مقامی ٹاؤن سینٹرز اور ایک پارک میں صفائی ستھرائی کی خدمت رضاکارانہ طور پر انجام دی گئی۔
بیت النور ریجن
ریجنل امیر مکرم سیّد شکیل احمد صاحب تمام احباب جماعت کو نئے سال کی مبارک باد دیتے ہوئے تحریر کرتے ہیں کہ ہمارے ریجن میں چار سینٹر ز قائم ہیں جن میں نئے سال کے موقع پر نماز تہجد کا اہتمام کیا گیا اور بالترتیب حاضری یہ رہی۔ بلال سینٹر :۵۵، ٹوٹنگ بیک :۱۸، ڈیئر پارک :۳۰ اور کلیپہم جنکشن:۲۰۔اس طرح ریجن کی کُل حاضری ۱۳۰ تھی۔
ساؤتھ ویسٹ ریجن
ریجنل امیر مکرم محمد نعمان صاحب اطلاع دیتے ہیں کہ محض خدا کے فضل کے ساتھ حضور انور کی نصائح کے مطابق ہمارے ریجن کے احباب جماعت نے بھی نئے سال کو نماز تہجد میں عاجزانہ دعاؤں کے ذریعہ خوش آمدید کہا۔مسجد بیت الرحیم کارڈف میں ۷۳، برسٹل جماعت کے دو نماز سینٹر ز میں ۱۴، سوانزی جماعت کے نماز سینٹر میں ۱۳، ڈیون اینڈ کارنیوال جماعت کے نماز سینٹر میں تین احباب جماعت شریک ہوئے جبکہ نیوپورٹ جماعت اپنے ممبران کی اکثریت فلو اور کووڈ میں مبتلا ہونے کی وجہ سے اس پروگرام کو اجتماعی طور پر منعقد نہیں کرسکی۔ ریجن کی کل حاضری۱۰۳ رہی۔ ریجن کی کارڈف، برسٹل اور سوانزی جماعتوں میں مجلس خدام الاحمدیہ کے زیر انتظام مقامی ٹاؤن سینٹرز اور اُس کے اطراف میں صفائی ستھرائی کی خدمات بھی انجام دی گئیں۔
ادارہ الفضل دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ احباب جماعت کی دعاؤں کو قبول فرمائے اور تمام انتظامی کارکنان کو بھی جزائے خیر عطا فرمائے۔ہمیں اس بات کو بھی مدنظر رکھنے کی ضرورت ہے کہ جو ایک مرتبہ نئے سال کے آغاز پر ہمارے پیارے آقا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نےاحباب جماعت کو نصیحت کرتے ہوئے فرمایا تھا کہ ’’اللہ تعالیٰ یہ سال ہمارے لئے مبارک کرے اور بے شمار کامیابیاں لے کر آئے۔ لیکن ہمیں یہ بھی یاد رکھنا چاہئے کہ صرف رسمی مبارکباد کہہ دینے کا تو کوئی فائدہ نہیں ہے۔ نہ ہی رسمی مبارکباد اللہ تعالیٰ کی رضا کو حاصل کرنے والا بناتی ہے۔ سال کی حقیقی مبارکباد یہ ہے کہ ہم یہ عہد کریں کہ اللہ تعالیٰ نے جو ہمیں ایک اور سال کا سورج دکھایا ہے، اس میں داخل کیا ہے تو اس میں ہم اپنے اندر کی کمزوریوں اور اندھیروں کو دور کرنے کی کوشش کریں۔ گزشتہ سال میں جو کمیاں اور کوتاہیاں ہو گئی ہیں ہم یہ عہد کریں کہ ہم انہیں دور کریں گے۔ اپنے اندر پہلے سے بڑھ کر وہ پاک تبدیلی پیدا کرنے کی کوشش کریں گے جس کے حصول کے لئے ہم نے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام سے عہد بیعت باندھا ہے۔‘‘(خطبہ جمعہ فرمودہ ۴ جنوری ۲۰۱۹ء)
ادارہ الفضل انٹرنیشنل کی جانب سے بھی تمام قارئین الفضل کو اس دعا کے ساتھ نئے سال کی مبارکباد پیش خدمت ہے کہ اللہ تعالیٰ دنیا بھر کے تمام احمدیوں کو حضور انور کے مندرجہ بالا ارشادات کے عین مطابق نئے سال کی حقیقی مبارکباد پیش کرنے اور اپنی کمیاں اور کوتاہیاں دُور کرکے پاک تبدیلیاں پیدا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین
(رپورٹ: شیخ لطیف احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)