مجلس خدام الاحمدیہ یونان کے ایک روزہ سالانہ اجتماع کا کامیاب انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس خدام الاحمدیہ یونان کا ساتواں ایک روزہ سالانہ اجتماع مورخہ 25؍دسمبر 2022ء بروز اتوار کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔ اس سال اجتماع کا موضوع ’’الصلوٰۃ معراج المؤمن‘‘تھا۔
اجتماع سے قبل خدام الاحمدیہ کو بذریعہ ٹیلی فون اطلاع کی گئی اوراجتماع کا پروگرام بھجوایا گیا۔ انفرادی نماز تہجد، نماز فجر اور تلاوت قرآن کریم سے دن کا آغاز کیا گیا۔ اجتماع کو تین سیشن میں تقسیم کیا گیا۔
اجتماع کا پہلا اجلاس صبح 10:45 پر ایتھنز مسجد میں شروع ہوا۔ اس کی صدارت مکرم مبارک احمد بشیر صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ یونان نے کی۔ جماعتی روایت کے مطابق پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ مکرم خرم مبارک احمد صاحب نے سورۃ المومنون آیت 1 تا 12 کی تلاوت کی اور اردو ترجمہ پیش کیا جس کے بعدعہد خدام الاحمدیہ دہرایا گیا۔ نظم مکرم محمد عمران صاحب نے خوش الحانی سے پیش کی۔ بعد ازاں مکرم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ نے افتتاحی تقریر کی میں خدام کو ان کی ذمہ داریوںکی طرف توجہ دلائی۔ دوپہر ساڑھے بارہ بجے حضرت امیرالمومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا قادیان کے جلسہ کا اختتامی خطاب براہ راست سننے اور دیکھنے کا انتظام پروجیکٹر کے ذریعہ بڑی سکرین پر کیا گیا تھا جو سب حاضرین نے بہت ذوق و شوق سے دیکھا اور سنا۔ پیارے آقا کے خطاب اور دعا کے بعد وقفہ برائے نماز ظہر و عصر اور طعام ہوا۔
دوسرا اجلاس دوپہر چار بجے زیر صدارت مکرم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ شروع ہوا۔ تلاوت قرآن کریم مع اردو ترجمہ مکرم منور احمد تابش صاحب اور نظم مکرم محمد عمران صاحب نے پیش کی۔ پہلی تقریر مکرم خرم مبارک احمد صاحب نے قیام نماز کے موضوع پر کی۔ جبکہ دوسری تقریر مکرم قیصر ایوب صاحب نے بعنوان حضرت مسیح موعود ؑکی دینی غیرت کی۔ تقاریر کے بعد علمی مقابلہ جات ہوئے جن میں مقابلہ تلاوت قرآن کریم، اذان، نظم، اور تقریر شامل تھے جس میں سبھی خدام نے حصہ لیا۔
اجتماع کا تیسرا اور آخری اجلاس 5:20 پر مکرم عطاءالنصیر صاحب نیشنل صدر و مبلغ سلسلہ کی زیر صدارت شروع ہوا۔ تلاوت قرآن کریم مکرم محمد اکبر صاحب نے مع اردو ترجمہ پیش کی پھر عہدخدام الاحمدیہ دہرایا گیا۔ نظم مکرم خرم مبارک احمد صاحب نے خوش الحانی سے پیش کی بعد ازاں محترم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ یونان نے اجتماع کی رپورٹ پیش کی اور ناظمین، قائدین اور اجتماع میں کسی بھی حوالہ سے خدمت کرنے والوں اور شاملین کا شکریہ ادا کیا۔
حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی طرف سے اجتماع کے لیے محبت اور پیار بھری نصائح سے لبریز جوپیغام موصول ہوا تھا مکرم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ نے پڑھ کر احباب کو سنایا۔
بعد ازاں مکرم و محترم عطاء النصیر صاحب نیشنل صدر و مبلغ سلسلہ نے ورزشی و علمی مقابلہ جات میں پوزیشن حاصل کرنے والے خدام میں انعامات تقسیم کیے اور اختتامی خطاب فرمایا جس میں آپ نے خدام الاحمدیہ کو پنجوقتہ نماز باجماعت کے قیام کی طرف توجہ دلائی اور اختتامی دعا کروائی۔
اجتماع کے لیے مسجد میں تشریف لانے والے احباب کی تعداد 18؍ اور آن لائن بذریعہ زوم شامل ہونے والوں کی تعداد 8؍ تھی جو کہ یونان کے مختلف شہروں جن میں سائپرس، کاترینی، تھسیلونیکی وغیرہ سے شامل ہوئے۔ اس طرح اس اجتماع کی کل حاضری 26 رہی۔