خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭… سویڈن میں انتہائی دائیں بازو کےگروپ کی جانب سے قرآن پاک کی بے حرمتی کے اعلان پر جاری ہنگاموں میں شدت آگئی ہے۔سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم اور دیگر شہروں میں ہونے والے مظاہروں میں ۲۶؍پولیس اہلکار اور۱۴؍شہری زخمی ہوچکے ہیں۔پولیس کے مطابق مظاہروں کےدوران نورکوپنگ شہر سے ۸؍ اور لنک کوپنگ سے ۱۸؍افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔تازہ ترین واقعے میں نورکوپنگ شہر میں پولیس کی جانب سے ایک مشتعل ہجوم پرکی گئی فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوگئے۔خیال رہےکہ سویڈن میں احتجاج کا سلسلہ اس وقت شروع ہوا جب انتہائی دائیں بازو کے انتہا پسند ڈینش نژاد سویڈش سیاست دان ریسمس پلودن کی جانب سے قرآن مجید کے نسخے نذر آتش کرنے کا اعلان کیا گیا۔اس سے قبل ریسمس پلودن کی جانب سے اسلام مخالف ریلیاں بھی نکالی گئی تھیں۔
٭… برازیلین صدر لولا ڈی سلوا نے آرمی چیف جولیو سیزر ڈی اروڈا کو بر طرف کر دیا جنہوں نے ایک ماہ قبل ہی یہ عہدہ سنبھالا تھا۔ دارالحکومت برازیلیا میں صدر اور ملٹری افسران کے درمیان اہم ملاقات کے بعد صدر کی جانب سے آرمی چیف کو برطرف کرنے کا فیصلہ سامنے آیا ہے۔اس سے قبل بھی برازیلین صدر کھلے عام یہ الزام لگا چکے ہیں کہ کچھ فوجی افسران نے ملک گیر ہنگاموں کی حمایت کی تھی۔یاد رہے کہ۸؍جنوری کو سابق برازیلین صدر بولسو نارو کے حامیوں نے حکومت کے خلاف احتجاج کیا تھا اور برازیلیا میں صدارتی محل، سپریم کورٹ اور کانگریس پر حملے کیے تھے۔اب تک ان مظاہروں میں ملوث دو ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
٭… ترکی کے وزیر دفاع حلوسی آکر نے کہا کہ ۲۷؍جنوری کو ان کے سویڈش ہم منصب پال جانسن دورے پر نہیں آئیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ دورہ اس لیے اہم نہیں رہا کیونکہ سویڈن نے اپنے یہاں ترکی کے خلاف جاری احتجاجی مظاہروں کی اجازت دے رکھی ہے۔ترک اور کرد گروپس سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں مظاہروں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ترکی نے جمعہ کو سویڈش سفیر کو طلب کرکے مظاہروں کی مذمت کی تھی۔ترک حکام نے سویڈش سفیر پر واضح کیا تھا کہ کرد حامی گروپس کی طرف سے احتجاج کردستان ورکرز پارٹی (پی کے کے) سے منسلک ہے، اس کی اجازت دینا ترکی، سویڈن اور فن لینڈ کے مابین دستخط شدہ مشترکہ میمورنڈم کی خلاف ورزی ہوگا۔ترکی، امریکہ اور یورپی یونین پی کے کے کو دہشتگرد گروپ مانتے ہیں اور سویڈن اور فن لینڈ نے بھی میمورنڈم میں اسے دہشتگرد گروپ تسلیم کیا تھا۔
٭… عالمی ادارہ صحت نے بیجنگ کے فراہم کیے گئے کورونا ڈیٹا پر رپورٹ میں کہا ہے کہ گذشتہ ہفتے کے مقابلے میں ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کی تعداد ۷۰؍فیصد بڑھی ہے۔عالمی ادارہ صحت کے مطابق تین سالوں میں پہلی مرتبہ ۶۳؍ہزار سے زائد کورونا مریض ہسپتالوں میں داخل ہوئے۔یاد رہے کہ رواں ماہ نیشنل ہیلتھ کمیشن میں بیورو آف میڈیکل ایڈمنسٹریشن کے سربراہ جیاؤ یاہوی نے پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ ۸؍دسمبر ۲۲ءسے ۱۲؍جنوری ۲۳ءتک ۵۹؍ ہزار ۹۳۸؍افراد ہلاک ہوئے۔
٭…لبنان میں بدترین معاشی بحران کی صورت حال جاری ہے اور لبنانی پارلیمنٹ مسلسل گیارھویں بار نئے صدر کا انتخاب نہ کرسکی، جس کے خلاف احتجاجاً دو پارلیمانی ارکان نے ایوان میں ہی رات گزارنے کا اعلان کیا۔ایک احتجاجی رکن اور قانون ساز نجات صلیبا نے کہاکہ ’ہم یہاں سوئے، ہم امید کرتے ہیں کہ آج ہمارے لبنان کے لیے ایک اچھی صبح طلوع ہو گی‘۔ان کے ساتھ احتجاج میں شریک دوسرے رکن پارلیمنٹ ملحم خلف نے نئے صدر کے انتخاب پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صرف نیا صدر ہی لبنان کو بچا سکتا ہے۔’ہم اپنے موقف سے نہیں ہٹیں گے‘۔
٭… برطانیہ کے وزیراعظم رشی سونک نے چلتی کار میں سیٹ بیلٹ نہ پہننے پر معذرت کرلی۔ترجمان برطانوی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ رشی سونک نے سوشل میڈیا کےلیے کلپ بنانے کی خاطر مختصر وقت کےلیے سیٹ بیلٹ کھولی تھی،انہیں غلطی کا مکمل احساس ہے اور وہ معذرت خواہ ہیں۔وزیراعظم رشی سونک کا ماننا ہے کہ چلتی کار میں بیٹھے تمام افراد کو سیٹ بیلٹ باندھنی چاہیے۔دوسری جانب لنکا شائر پولیس کے مطابق وزیراعظم کے سیٹ بیلٹ نہ پہننے کے معاملے سے آگاہ ہیں اور اس کا جائزہ لے رہے ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق کار کے مسافر کو سیٹ بیلٹ ہونے کے باوجود نہ پہننے پر ایک سو پاؤنڈ تک جرمانہ ادا کرنا پڑتا ہے۔
٭…آئی سی سی کی جانب سے نئی ون ڈے ٹیم رینکنگ جاری کی گئی ہے جس کے مطابق نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلی پوزیشن سے تنزلی کے بعد دوسری پوزیشن پر چلی گئی ہے۔انگلینڈ کی ٹیم رینکنگ میں پہلے نمبر پر پہنچ گئی جبکہ بھارت کا تیسرا اور آسٹریلیا کا چوتھا نمبر ہے۔ون ڈے رینکنگ میں پاکستان کرکٹ ٹیم پانچویںنمبر پر ہے جبکہ جنوبی افریقہ چھٹے، بنگلادیش ساتویں اور سری لنکا آٹھویں نمبر پر ہے۔آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں افغانستان نویں اور ویسٹ انڈیز دسویں نمبر پر ہے۔