سالانہ اجتماع مجلس انصاراللہ تنزانیہ
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس انصار اللہ تنزانیہ کا سالانہ اجتماع مورخہ ۹ تا ۱۱؍دسمبر ۲۰۲۲ءدارِسلام شہر سے کچھ فاصلہ پر Kitonga کے مقام پر واقع جلسہ گاہ میں منعقد ہوا۔ تمام شرکاء نے نمازِ جمعہ وہاں ادا کی جس کے بعد پرچم کشائی کی تقریب ہوئی۔ مکرم عبد الرحمٰن عامے صاحب (نائب امیر) نے پرچم بلند کیا اور اجتماعی دعا کروائی۔ افتتاحی تقریب میں تلاوت قرآن کریم ہوئی اور انصار اللہ کا عہد دہرایا گیا۔ امسال اجتماع کابنیادی موضوع ’’قرآن کریم‘‘ رکھا گیا تھا۔ مکرم صدر صاحب انصاراللہ نے حضرت خلیفۃ المسیح الثالثؒ کے ارشاد کے حوالہ سے سورۃ البقرہ کی پہلی سترہ آیات حفظ کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ مکرم عبد الرحمٰن عامے صاحب نے افتتاحی تقریر میں انصا ر بھائیوں کے سامنے اجتماعات کی اغراض بیان کیں اور تمام پروگراموں سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کرنے کی طرف توجہ دلائی۔
دوپہر کے کھانے کے وقفہ کے بعد تمام شاملین اجتماع نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ ایم ٹی اے افریقہ کے ذریعہ براہِ راست سنا۔ جس کے بعد انصار اللہ کی مجلس شوریٰ کا انعقاد ہوا۔ امسال مجلس شوریٰ میں انتخاب صدر مجلس انصار اللہ بھی عمل میں آیا۔ انتخاب کی صدارت مکرم طاہر محمود چودھری صاحب (امیر و مشنری انچارج) نے کی۔ انتخاب کے نتائج حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں بھجوائے گئے اور بعد منظوری مکرم ڈاکٹر Kitabuپازی صاحب (صدر مجلس) اور مکرم کریم Mpateصاحب (نائب صدر صفِ دوم) مقرر ہوئے ہیں۔ اللہ تعالیٰ انہیں احسن رنگ میں خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
سالانہ اجتماع میں انصاراللہ کے مابین مختلف علمی و ورزشی مقابلہ جات کروائے گئے۔ علمی مقابلہ جات میں تلاوت، حفظِ قرآن، حفظِ ادعیہ، نظم، اذان، پیغام رسانی اور معلوماتِ عامہ کے مقابلہ جات شامل تھے۔ جبکہ ورزشی مقابلہ جات میں فٹ بال، دوڑ، نشانہ غلیل، میوزیکل چیئرز اور ڈرافٹ کے مقابلہ جات کروائے گئے۔ مکرم امیر صاحب نے جلسہ گاہ کے قریب ہی زیرِ تعمیر عمارت برائے دفاتر انصار اللہ کا دورہ کیا اور ہدایات دیں۔ اس عما رت میں کچن، سٹور، میٹنگ روم کے علاوہ سات دفاتر تعمیر کیے جارہے ہیں۔
اجتماع کے موقع پر ایک نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں اسلام احمدیت کی تعلیمات خوبصورت بینرز اور چارٹس پر آویزاں کی گئی تھیں۔ اسی طرح جماعتی کتب کا سٹال لگایا گیا تھا جس میں خلفائے سلسلہ کی تصاویر بھی موجود تھیں۔
اجتماع کے تیسرے دن بروز اتوار تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیا گیا۔ مکرم امیر صاحب (مہمانِ خصوصی) نے اچھی کارکردگی دکھانے والے انصار میں انعامات تقسیم کیے۔ اختتامی تقریر میں آپ نے کہا کہ انصار اللہ کو اپنی تربیت کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کی تربیت کا بھی خیال رکھنا چاہیے۔ اگر ہمارا عملی نمونہ اچھا ہوگا تو ہی ہم دوسروں کو متاثر کرکے اسلام احمدیت کے قریب لا سکتے ہیں۔
اجتماع کی کل حاضری ۲۰۹؍رہی۔ اس کے علاوہ بعض ممبران خدام الاحمدیہ بھی ڈیوٹیز کے لیے ہمہ وقت موجود رہے۔ اجتماعی دعا کے ساتھ اس تقریب کا اختتام ہوا۔ الحمدللہ، تمام انتظامات بہت اچھے رہے۔ اللہ تعالیٰ اجتماع کا انعقاد بابرکت فرمائے اور ہم سب خلافتِ احمدیہ کے سایہ تلے اسلام کی صحیح تعلیم دوسروں تک پہنچانے والے ہوں۔ آمین
(رپورٹ:شہاب احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)