جماعت احمدیہ پولینڈ کا دعاؤں سے نئے سال کا آغاز
اللہ تعالیٰ کے خاص فضل وکرم سے جماعت احمدیہ پولینڈ نے دارالحکومت وارسا (Warsaw) میں واقع مشن ہاؤس میں سال ۲۰۲۲ء کا اختتام اور نئے سال ۲۰۲۳ء کا آغاز دعاؤں اور نمازوں سے کیا۔ جس میں وارسا کے علاوہ پورے ملک سے احباب و خواتین کو شمولیت کی دعوت دی گئی تھی۔ دور سے آنے والوں کے لیے مشن ہاؤس میں رہائش کا انتظام کیا گیا تھا۔ اس پروگرام میں شمولیت کے لیے مکرم رشید احمد صاحب مع اہلیہ اور بیٹا عزیزم حزقیل احمد شہر Lodz سے ۱۲۰؍کلومیٹر کا فاصلہ طے کرکے مشن ہاؤس پہنچے۔
۳۱؍دسمبر ۲۰۲۲ء بروز ہفتہ نماز مغرب کی ادائیگی کے بعد تمام احباب و خواتین کو کھانا پیش کیا گیا۔ اسی طرح اسلامی روایات اور تاریخ کے متعلق گفتگو ہوئی۔ اس کے بعد نماز عشاء باجماعت ادا کی گئی۔جس میں تین انصار، تین خدام، ایک طفل، چارلجنہ اماء اللہکی ممبرات، ایک ناصرہ اور دو بچے سمیت کل ۱۴؍افراد نے شرکت کی۔
نئے سال کا آغاز حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی ہدایت کی روشنی میں نماز تہجد سے خصوصی دُعاؤں کے ساتھ کیا گیا۔ نماز کے بعد درس ہوا۔ نماز تہجد اور نماز فجر میں کل نو احباب و خواتین شامل ہوئے۔
اسی طرح یکم جنوری ۲۰۲۳ء کو اللہ تعالیٰ کے فضل سے دوپہر ساڑھے بارہ بجے نیشنل عاملہ کی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں خاکسار (مربی سلسلہ) نے تمام موجود سیکرٹریان کو اُن کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی اور نئے سال کے پروگراموں کی منصوبہ بندی کی۔اور نیز حضور انور کی طرف سے موصولہ عاملہ ممبران کے لیے حلف نامہ اُردو اور پولش زبان میں پڑ ھ کر سنایا اور موجود ممبران سے عہد نامہ پر دستخط کروائے گئے۔یہ میٹنگ ساڑھے تین بجے تک جاری رہی اس کے بعد نماز ظہر وعصر باجماعت اد اکیں۔ اس طرح اس پروگرام کا اختتام ہوا۔
دُعا ہےکہ اللہ تعالیٰ ہماری تمام دُعائیں قبول فرمائے اور ہمیں اپنی ذمہ داریاں احسن رنگ میں نبھانے کی توفیق عطا فرمائے۔ اللہ تعالیٰ جماعت احمدیہ پولینڈکو بے شمار ترقیات سے نوازے اوریہاں جماعت کی رونقیں بڑھاتا چلا جائے۔آمین ثم آمین
(رپورٹ: منیب احمد چٹھہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)