جماعت احمدیہ مالی کے چودھویں جلسہ سالانہ کا کامیاب انعقاد
٭…نماز تہجد،باجماعت نمازیں اور تربیتی موضوعات پر دروس
٭…علمائے سلسلہ کی تعلیمی و تربیتی موضوعات پر تقاریر
٭…پریس اور میڈیا کے ذریعے تشہیر
٭…شاملین جلسہ کے تاثرات
جلسہ سالانہ کا پودا جو حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے 1891ء میں اپنے ہاتھ سے لگایا تھا آج اللہ کے فضل سے ایک تناور اور مضبوط درخت بن گیا ہے جس کی شاخیں دنیا کے ہر ملک جہاں نظام جماعت قائم ہے پھیل چکی ہیں اور مختلف ممالک میں پھیلے ہوئے احمدی اس درخت کی سایہ دار برکات اور پھلوں کی مانند فیوض سے مستفیض ہو رہے ہیں۔
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اجازت کے بعد جماعت احمدیہ مالی نےحکومتی پابندیوں کو ملحوظ خاطر رکھ کر مورخہ 24تا26؍دسمبر2022ء ’’حدیقۃ المہدی‘‘ کولیکورو میں اپنےچودھویں جلسہ سالانہ کے کامیاب اور بابرکت انعقاد کی توفیق ملی۔ عموماً جلسہ سالانہ مالی کا انعقاد مارچ کے آخر میں کیا جاتا ہے لیکن مارچ کے مہینہ میں رمضان المبارک کی آمد کے باعث امسال جلسہ سالانہ کا انعقاد دسمبر کے مہینہ میں کیا گیا۔ امسال جلسہ سالانہ کا موضوع ’’اسمعوا صوت السماء جاء المسیح جاء المسیح‘‘ تھا۔
تیاری جلسہ سالانہ
حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی طرف سے جلسہ سالانہ کے انعقاد کی منظوری کے بعد جماعت احمدیہ مالی کی طرف سے سرکاری سطح پر حکومت سے اجازت حاصل کی گئی۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے مکرم محمد داؤد صاحب کی بطور افسر جلسہ سالانہ مالی 2022ء منظوری عطا فرمائی۔ جلسہ کے جملہ کاموں کو 28 مختلف نظامتوں اور ضمنی نظامتوں میں تقسیم کیا گیا اور مختلف میٹنگز کے بعد ہر شعبہ کا کام اس کے سپرد کیا گیا۔ میٹنگز کے آخر پر مکرم ظفر احمدبٹ صاحب امیر و مشنری انچارج مالی کی طرف سے ناظمین کو تمام ضروری ہدایات دی گئیں اور انہیں دعا کے ساتھ کام کا آغاز کرنے کا کہا گیا۔ لجنہ اماء اللہ کے حوالے سے انتظامات کے لیے صدرصاحبہ لجنہ اماءاللہ مالی نے خواتین عہدیداران پرمشتمل ایک ٹیم تشکیل دی۔
مختلف وقار عمل کرکے حدیقۃ المہدی جلسہ گاہ کو جلسہ کے لیے تیا ر کیا گیا۔جلسہ گاہ کی تیاری کے لیے مالی کے مختلف ریجنز سے خدام ایک ہفتہ قبل جلسہ گاہ پہنچے اور بڑی محنت سے جلسہ گاہ کی تیاری کا کام کیا۔ ان وقار عمل میں جلسہ گاہ کی صفائی کے علاوہ مردانہ و زنانہ جلسہ گاہیں بنائی گئیں، عارضی رہائش گاہیں تعمیر کی گئیں، جلسہ گاہ کی تزئین و آرائش مختلف قسم کے بینرز اور جھنڈیوں سے کی گئی، عارضی لنگر خانہ تیار کیا گیا اور مختلف شعبہ جات مثلاً بازار، ہیومینٹی فرسٹ، جماعتی کتب کی نمائش کے حوالے سے عارضی ٹینٹ لگائے گئے۔
اللہ تعالیٰ کےفضل سے جماعت احمدیہ مالی کو 2017ء میں دارالحکومت بماکو سے تقریبا ً50کلومیٹر کے فاصلے پر ساڑھے بارہ ایکڑ زمین بطور جلسہ گاہ خریدنے کی توفیق ملی تھی۔ جلسہ گاہ میں علاوہ مختلف تعمیرات کے مردانہ جلسہ گا ہ کا 40میٹر چوڑا اور 36میٹر لمبا مستقل شیڈ تعمیر کیا جا چکا ہے۔
جلسہ میں شرکت کے لیے دعوت نامے چھپوا کر حکومتی، نجی، مذہبی اور سماجی شخصیات تک بھجوائے گئے۔ جلسہ سالانہ میں زیادہ سے زیادہ شمولیت کے لیے جلسہ سالانہ کی کثرت کے ساتھ سوشل میڈیا، جماعتی ریڈیوز اور لیف لیٹس کے ذریعہ تشہیر کی گئی۔
جلسہ سالانہ مالی سے ایک روز قبل مالی کے مختلف ریجنز سے احباب جماعت کے وفود کی آمد کا سلسلہ حدیقۃ المہدی جلسہ گاہ میں جاری ہو گیا اور حدیقۃ المہدی جلسہ سالانہ کے آغاز سے قبل امام مہدی علیہ السلام کے جاںنثاران پر مشتمل ایک چھوٹے شہر کا منظر پیش کر رہا رتھا۔ جلسہ سالانہ مالی میں شمولیت کے لیے بینن، آئیوری کوسٹ اور گیمبیا کے وفود ایک طویل سفر کر کے پہنچے۔ حسب روایت مکرم ظفر احمد بٹ صاحب امیر و مشنری انچارج مالی نے افسر جلسہ سالانہ اور دیگر مہمانان خصوصی کے ہمراہ جلسہ گاہ کا معائنہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا اور مختلف شعبہ جات کو حسب ضرورت ہدایات دیں۔
جلسہ سالانہ مالی کا آغاز اور پہلا دن
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ 24؍دسمبر بروز ہفتہ جلسہ سالانہ مالی کے پہلے دن کا آغاز باجماعت نماز تہجد سے ہوا۔ فجر کی نماز کے بعد درس قرآن کریم ہوا جو مکرم ادریس کولیبالی صاحب لوکل مشنری نے ’’مالی قربانی کی اہمیت‘‘ پر دیا۔ درس قرآن کریم کے بعد جلسہ سالانہ کے شرکا نے ناشتہ تناول فرمایا۔
صبح9بج کر 15منٹ پر نعرہائے تکبیر اور لَآ اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ مُحَمَّدٌ رَّسُوْلُ اللّٰہِ کی گونج میں لوائے احمدیت لہرا کر مکرم امیر صاحب مالی نے جلسہ سالانہ کا باقاعدہ آغاز کیا۔ مالی کا جھنڈا مکرم عمر معاذ صاحب کولیبالی نائب امیر جماعت احمدیہ مالی نے لہرایا۔ پرچم کشائی اور دعا کے فوراً بعد جلسہ سالانہ مالی کے افتتاحی اجلاس کاآغاز ہوا۔
افتتاحی اجلاس کی صدارت مکرم امیر صاحب مالی نے کی۔ حسب روایت تلاوت قرآن کریم کے ساتھ آغاز ہوا جو مکرم ناصر احمد ناصر صاحب مبلغ سلسلہ نے کی۔ قصیدہ مکرم عبدالقادر تراؤرے صاحب لوکل مشنری نے پیش کیا جس کے بعد مکرم محمد داؤد صاحب نے جلسہ سالانہ کے مہمانا ن جن میں اعلیٰ حکومتی اور نجی شخصیات بھی شامل تھیں کو خوش آمدید کہا اور ان کا آمد پر شکریہ ادا کیا۔ اس کے بعد امیر صاحب نے افتتاحی تقریر کی جس میں آپ نے’’خلافت کے ساتھ مضبوط تعلق‘‘ پر قرآن کریم، حدیث، حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور خلفائے کرام کے ارشادات کی روشنی میں تفصیل سے روشنی ڈالی۔ افتتاحی تقریر کے بعد مکرم محمد دومبیا صاحب لوکل مشنری نے ’’نماز کی اہمیت حضر ت مسیح موعود علیہ السلام کے ارشادات کی روشنی میں‘‘ کے عنوان پرتقریر کی۔ افتتاحی اجلاس کی تیسری تقریر مکرم عمر معاذ صاحب کولیبالی نے ’’خاتم النبیین کا مفہوم قرآن و حدیث کی روشنی میں ‘‘کے عنوان پر کی۔ ان تقاریر کے بعد معزز مہمانان کرام اور حکومتی شخصیات نے اپنے تاثرات کا اظہار کیا اور جلسہ کے انتظامات کی تعریف کی۔ دعا کے بعد افتتاحی اجلاس کا اختتام ہوا۔ اجلاس کے بعد نماز ظہر اور عصر ادا کی گئیں اور شاملین جلسہ نے دوپہر کا کھانا تناول فرمایا۔
پہلے دن کے دوسرے اجلاس کا آغاز سہ پہر چار بجے ہوا۔ اس اجلاس کی صدارت مکرم عمر معاذ صاحب کولیبالی نائب امیر جماعت احمدیہ مالی نے کی۔تلاوت قرآن کریم سے آغاز مکرم حافظ آدم سوغے صاحب لوکل مشنری نے کیا۔ نظم کے بعد پہلی تقریر مکرم محمد واصف شہزاد صاحب مبلغ سلسلہ نے ’’شہدائے احمدیت ‘‘ کے عنوان پر کی۔ اس کے بعد مکرم سیکو تراؤرے صاحب لوکل مشنری نے ’’حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی صداقت کا ایک نشان ڈاکٹر جان الیگزنڈر ڈوئی کی ہلاکت‘‘ کے عنوان پر کی۔اس اجلا س کی تیسری تقریر مکرم سایو تراؤرے صاحب لوکل مشنری نے’’احیائے دین کی فلاسفی‘‘ کے عنوان پر کی۔ مہمانان کے تاثرات کے بعد اس اجلاس کا اختتام ہوا۔
دوسرے اجلاس کے اختتام کے بعد نماز مغرب اور عشاء ادا کی گئیں۔ رات کے کھانے کے بعد احباب جماعت اور غیر از جماعت احباب نے سوال و جواب کی محفل سے لطف اٹھایا اوراسلام اور جماعت احمدیہ سے متعلق اپنے ذہنوں میں پیدا ہونے والے سوالات کے تسلی بخش جوابات پائے۔
جلسہ سالانہ مالی کا دوسرا دن
مورخہ 25؍دسمبر 2022ء بروز اتوار جلسہ سالانہ مالی کے دوسرے دن کا آغاز اللہ تعالیٰ کے فضل سے نماز تہجد باجماعت کے ساتھ ہوا۔ فجر کی نماز کے بعد حاضرین جلسہ سالانہ نے درس قرآن کریم سناجس کو مکرم مودیبو جارا صاحب لوکل مشنری نے ’’قرآن کریم پڑھنے اور پڑھانے کی اہمیت ‘‘کے عنوان پر پیش کیا۔
دوسرے دن کے پہلے اجلاس کا آغاز صبح نو بجے تلاوت قرآن کریم کے ساتھ ہوا جو مکرم عبد القادر تراؤرے صاحب نے کی۔ اس اجلاس کی صدارت مکرم قاسم ادیبی صاحب نمائندہ خصوصی جماعت احمدیہ بینن نے کی۔ قصیدہ مکرم سعید تراؤرے صاحب نے پیش کیا۔ اس اجلاس کی پہلی تقریر مکرم محمد لامین کوناتے صاحب معلم سلسلہ نے ’’جلسہ سالانہ ایک نشان الٰہی ‘‘کے عنوان پر کی۔ اس تقریر کے بعد حاضرین جلسہ سالانہ مالی نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا جلسہ سالانہ قادیان کے موقع پر روح پرور خطاب سماعت کیا اور پیارے آقا کا دیدار کیا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس خطاب کے دوران جلسہ سالانہ مالی کے شاملین بھی ویڈیو لنک کے ذریعہ جلسہ سالانہ قادیان میں شامل تھے۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کےخطاب کے بعد تعلیمی میدان میں نمایاں کامیابیاں پانے والے طلبہ میں اسناد تقسیم کی گئیں اورمعزز مہمانان کرام نے اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔ اس کے بعد لجنہ اماء اللہ کے گروپ نے قصیدے پیش کیے۔ اجلاس کے اختتام کے بعد نماز ظہر اور عصر ادا کی گئیں جس کے بعد احباب جماعت نے دوپہر کا کھانا تناول فرمایا۔
دوسرے دن کے دوسرے اجلاس کا آغاز حسب روایت تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو مکرم لورے تیجان صاحب لوکل مشنری نے کی۔ اس اجلاس کی صدارت مکرم امیر صاحب مالی نے کی۔ نظم کے بعد پہلی تقریر مکرم عبد الوہاب دامبیلے صاحب لوکل مشنری نے حکومت کا مذہبی معاملات میںغیر جانبداررہنے کے حوالہ سے تقریر کی۔اس کے بعدمکرم عمر معاذ صاحب کولیبالی صاحب نے جلسہ سالانہ مالی کےعنوان’’اسمعوا صوت السماء جاء المسیح جاء المسیح ‘‘پر تقریر کی۔
جلسہ سالانہ مالی کی اختتامی تقریر مکرم امیر و مشنری انچارج صاحب مالی نے کی۔ اپنی تقریر میں انہوں نے حاضرین جلسہ سالانہ کو عبادت کے معیار بلند کرنے، خلافت احمدیہ سے مضبوط تعلق پیدا کرنےاورنظام جماعت کی اطاعت کے حوالے سے قرآن کریم، احادیث، حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور خلفائے احمدیت کے ارشادات کی روشنی میں نصائح کیں۔ اس کے بعد مہمانان کے تاثرات کے بعد اس اجلاس کا اختتام ہوا۔ بعد ازاں نماز مغرب اور عشاء ادا کی گئیں۔ جس کے بعد احباب جماعت نے رات کا کھانا تناول فرمایا۔
رات کے کھانے کے بعد اللہ تعالیٰ کے تائیدی نشانات کے بیان کے حوالے سے ایک اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف نومبائعین نے تائیدی نشانات بیان کیے جنہیں دیکھ کر انہیں بیعت کرنے کی توفیق ملی، جن سے حاضرین جلسہ سالانہ کے ایمانوں کو مزید تقویت ملی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے بخیر و خوبی دوسرے دن کا اختتام ہوا۔
جلسہ سالانہ مالی کا تیسرا دن
مورخہ26؍دسمبر بروز پیر جلسہ سالانہ مالی کے تیسرے دن کا آغاز نماز تہجد باجماعت کے ساتھ ہوا۔ فجر کی نماز کے بعد مکرم امیر صاحب مالی نے شاملین جلسہ سے مختصر تقریر کی جس میں آپ نے تمام معزز مہمانان کرام، کارکنان جلسہ سالانہ اور تمام حاضرین جلسہ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے جلسہ سالانہ مالی کو ہر لحاظ سے کامیاب کیا۔ اختتامی دعا کے بعد اللہ تعالیٰ کے بے شمار رحمتوں و فضلوں کو سمیٹتا ہوا جلسہ سالانہ مالی اپنے اختتام کو پہنچا۔ دوپہر کے کھانے کے بعد مختلف علاقوں سے آئے ہوئے احباب جماعت کے وفود حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی حاضرین جلسہ سالانہ کے لیے کی گئی دعاؤں سے اپنی جھولیوں کو بھرتے ہوئے اپنے گھروں کو روانہ ہو گئے۔ وفود کی روانگی کے ساتھ ہی وائنڈ اپ کا سلسلہ شروع ہو گیا جسے تھکاوٹ کے باوجود رضاکاروں نے بھر پور طریقے سے انجام دیا۔
جلسہ سالانہ کی حاضری
عموماً جلسہ سالانہ مالی کا انعقاد مارچ کے آخر میں کیا جاتا ہے لیکن مارچ کے مہینہ میں رمضان المبارک کی آمد کے باعث امسال جلسہ سالانہ کا انعقاد دسمبر کے مہینہ میں کیا گیا اور خدشہ تھا کہ موسم اور ملکی حالات کے باعث جلسہ سالانہ کی حاضری میں کمی آئے گی لیکن اللہ تعالیٰ کے فضل سے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی دعاؤں کے وارث بننے کی خاطر مالی کے طول و عرض کی311؍جماعتوں سے 7150؍مرد و خواتین جلسہ سالانہ مالی میں شامل ہوئے۔ ان کے علاوہ ہمسایہ ممالک بینن، گیمبیا، برکینافاسو اور آئیوری کوسٹ کے احباب جماعت نے بھی جلسہ میں شرکت کی۔ اسی طرح 511؍سے زائدغیر از جماعت احباب شامل ہوئے جن میں اکثر امام، چیف آف ولیج اور مختلف دیہات کے نمائندگان تھے جو پہلی بار جلسہ سالانہ میں شامل ہو رہے تھے۔
بیعتیں
جلسہ سالانہ میں بہت بڑی تعداد میں غیر از جماعت افراد شامل ہوئے اور جلسہ سالانہ کے روحانی ماحول کا ان پر گہرا اثر ہواجس پر اللہ تعالیٰ کے فضل سے جلسہ سالانہ کے دوران 72؍افراد کو احمدیت میں داخل ہونے کی توفیق ملی۔الحمدللہ
پریس اینڈ میڈیا
جلسہ سالانہ مالی کے آغاز سے قبل ملک کے مختلف ٹیلیویژن، ریڈیواسٹیشنز، اخبارات، رسائل اورآن لائن اخبارات کے نمائندوں کو دعوت دی گئی۔ جس پر اللہ تعالیٰ کے فضل سے ملکی میڈیا و پریس کے نمائندے بڑی تعداد میں جلسہ میں شامل ہوئے۔ جلسہ سالانہ کے اختتام پر ملک کے نیشنل ٹیلیویژ ن سمیت چار ٹیلیویژن نے جلسہ سالانہ مالی کے حوالے سے رپورٹ نشرکی۔ جماعت احمدیہ کے 15؍ریڈیو اسٹیشنز پر جلسہ کی تینوں دن کی تمام کارروائی نشر کی گئی جسے احمدی احباب اور غیر ازجماعت احباب نے مالی کے مختلف شہروں میں گھر بیٹھے سنا اور بہت پسند کیا۔ چار اخبارات اور دو آن لائن اخبارات نے جلسہ سالانہ مالی کے حوالے سے رپورٹ شائع کی۔اس کے علاوہ یوٹیوب اور فیس بک پر جلسہ کی تشہیر کے علاوہ جلسہ سالانہ مالی کی تمام کارروائی لائیو نشر ہوئی۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق پریس اور میڈیا کے ذریعہ سے تقریباً دس ملین افراد تک جماعت احمدیہ اور جلسہ سالانہ کامثبت تعارف پہنچا۔ فالحمد للہ علیٰ ذالک
حضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا بذریعہ MTA جلسہ سالانہ مالی میں شمولیت
اس جلسہ سالانہ میں اللہ تعالیٰ کے بے شمار فضلوں میں سے ایک بہت بڑا فضل حضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا بذریعہ MTAجلسہ سالانہ مالی میں راہ راست پہلی مرتبہ شمولیت تھی۔ جہاں شاملین جلسہ کو بذریعہ MTAاپنے پیارے آقا کے دیدار کی توفیق ملی وہیں غلامان خلافت کو اپنے پیارے خلیفہ کی نظر شفقت نصیب ہوئی۔ ما لی جیسے غریب ملک میں کمی وسائل کے باعث اکثرشاملین جلسہ کے لیے یہ پہلے موقع تھا کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کو براہ راست دیکھ سکیں۔ اس بابرکت اور تاریخی موقع پر بعض نومبائعین اور غیرازجماعت افراد نے اپنے پر خلوص جذبات کا اظہار کیا جو کہ درج ذیل ہیں:
٭…سلیمان دامبلے (Souleymane Dembelé): میرے والد صاحب احمدی تھے اور ہر سال جلسہ سالانہ میں شامل ہوتے تھے۔ امسال ان کی وفات ہو گئی۔ میں احمدی نہیں تھا مگر میرے والد نے نصیحت کی تھی کہ میں جماعت احمدیہ کے پروگراموں میں شامل ہوا کروں۔ والد صاحب کی وفات کے بعد میں جلسہ سالانہ میں امسال پہلی مرتبہ شامل ہوا۔ علاوہ جلسہ سالانہ کے باقی ماحول کے سب سے زیادہ متاثر مجھے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطاب نے کیا جس کے بعد میں احمدیت میں داخل ہونے کا اعلان کرتا ہوں۔
٭…جاگی کولیبالی (Jagui Coulibaly): میں آج حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کو اپنے درمیان اس طریق پر پا کر بہت خوش ہوں اور چاہتا ہوں کہ مالی کے ہر جلسہ میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ اسی طرح شامل ہوا کریں۔
٭…صوفی ابو بکر باگایو(Sufi Aboubakar Bagayogo): ٹی وی پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ شروع ہونے سے پہلے مجھے بہت غنودگی طاری تھی مگر جیسے ہی حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ شروع ہوا میری غنودگی کی حالت جاتی رہی۔ پیارے آقا کا خطاب بہت متأثر کن ہوتا ہے جسے ہم کانوں کی بجائے دل سے سنتے ہیں۔
٭…مامادو تراؤرے(Mamadou Traore): مجھے آج سکرین پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کو دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے اور ایسا لگا جیسے وہ ہمارے جلسہ گاہ میں موجود ہوں۔ میرا دل کرتا ہے کہ ہم اب حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے بالمشافہ بھی ملاقات کریں۔
٭…آمنہ کولیبالی(Amina Coulibaly): اللہ تعالیٰ کے فضل سے امسال پھر سے جلسہ سالانہ میں شامل ہونے کی توفیق ملی۔ مجھے ٹی وی پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کو دیکھنے کا موقع پا کر بہت خوشی ہوئی۔ میں چاہتی ہوں کہ پیارے آقا مالی میں تشریف لائیں اور جلسہ سالانہ مالی کو رونق بخشیں۔
٭…ادریس تراؤرے (Idrissa Traore): حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبات کو میں احمدیہ ریڈیو کے ذریعہ سنتا ہوں جس کا مجھ پر بہت اثر ہوتا ہے آج حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العز یزکو براہ راست دیکھ کر بہت خوش ہوں۔
٭…سلیم سنگارے(Salim Sangare): اس جلسہ سالانہ میں سب سے متاثر کن چیز حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا لائیو خطاب تھا جس کا اثر سیدھا میرے دل پر ہوا ہے۔
٭…حوا سنگارے (Hawa Sangare): میں پہلی مرتبہ جلسہ سالانہ میں شامل ہوئی ہوں اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کو لائیو پہلی مرتبہ میں نے جلسہ میں دیکھا۔ میں اپنی خوشی الفاظ میں بیان نہیں کر سکتی۔
٭…امو داؤ (Ummu Dao): حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کو جلسہ سالانہ میں اپنے درمیان MTAکے ذریعہ پاکر بہت خوش ہوں اور چاہتی ہوں کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز بنفس نفیس ہمارے درمیان تشریف لائیں۔
٭…عمر تراؤرے( Umer Traore): حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے جب فرمایا کہ افریقن ممالک سے کو ئی قصیدہ پڑھ لیں تو میں اس وقت حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے قصیدہ پڑھنے لگا لیکن آواز کا اس وقت انتظام نہ تھا۔
٭…برولائی سنگارے (Bourlaye Sangare): یہاں علماء جماعت احمدیہ کی سچائی کے متعلق غلط باتیں پھیلاتے ہیں۔ یورپ، ایشیا اور افریقن ممالک کے جلسہ جات کو لائیوبیک وقت دیکھنا بھی احمدیت کی سچائی کی دلیل ہے۔
٭…عیسیٰ بامبا (Issa Bamba): میری قادیان جانے اور خلیفہ وقت سے ملنے کی بہت خواہش ہے جلسہ کے دوران قادیان کو اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کو دیکھ کر ایسا محسوس ہوا کہ یہ دونوں خواہشات پوری ہو گئی ہیں۔
٭…یعقوب کونے (Yacouba Kone): آج جلسہ میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کو دیکھا اور حضور انور مجھے دیکھ رہے تھے۔ یہ ایک ایسا منظر تھا جس کا میں نے کبھی تصور بھی نہ کیا تھا۔ میں بہت خوش ہوں اور اپنی خوشی کا اظہار بھی نہیں کرسکتاجس قدر مجھے اس وقت خوشی محسوس ہو رہی ہے۔
آخر میں اللہ تعالیٰ کے حضور دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام شاملین جلسہ کو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی دعاؤں کا وارث بنائے اور جن مقاصد کے لیے پیارے امام علیہ السلام نے جلسہ سالانہ کا آغاز کیا تھا اللہ کرے کہ ان مقاصد کو کما حقہ ہم حاصل کرنے والے بنیں۔ آمین
(رپورٹ: احمد بلال مغل۔ مبلغ سلسلہ مالی)