حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خصوصی پیغام کا اردو مفہوم (برموقع جلسہ سالانہ کینیا 2022ء)
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
نحمدہ و نصلی علی رسولہ الکریم و علی عبدہ المسیح الموعود
خدا کے فضل اور رحم کے ساتھ
ھو النّاصر
2022-12-03
پیارے احباب جماعت احمدیہ کینیا
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
مجھےیہ جان کربہت خوشی ہوئی ہے کہ آپ اپنا جلسہ سالانہ مورخہ ۱۰؍ اور ۱۱؍ دسمبر ۲۰۲۲ء کو منعقد کر رہے ہیں۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسے کو اعلیٰ کامیابی عطا فرئے اور آپ سب کواس منفرد اور خاص روحانی اجتماع میں شمولیت کی وجہ سے بے شمارروحانی فوائد، بے شمارنعمتیں حاصل ہوں۔
ہر احمدی مسلمان یہ جانتا ہے کہ ہمارا یہ جلسہ سالانہ، جس کے لیے آپ کینیا میں ایک بار پھر جمع ہوئے ہیں، خواہ کسی بھی ملک میں منعقد ہو کسی دنیوی فائدے یا تفریح کی خاطر منعقد نہیں کیا جاتا بلکہ ہمارا مقصد اس روحانی ماحول سے فائدہ اٹھانا اور اپنےاخلاق کی درستی کرنے کی کوشش کرنا ہے۔ہمیں کوشش کرنی چاہیے کہ ہم اس خوبصورت مذہب جس پر ہم ایمان لاتے ہیں یعنی اسلام کے متعلق اپنے علم کو بڑھائیں اور اس کی دلکش باتوں کو سمجھیں اور اس کی خوبصورت تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے نہ صر ف حقوق اللہ بلکہ حقوق العباد بھی ادا کریں۔ حضر ت مسیح موعود ؑفرماتے ہیں:
’’اس جلسہ کے اغراض میں سے بڑی غرض تو یہ ہے کہ تا ہر ایک مخلص کو بالمواجہ دینی فائدہ اٹھانے کا موقع ملے اور ان کے معلومات وسیع ہوں اور خدا تعالیٰ کے فضل و توفیق سے ان کی معرفت ترقی پذیر ہو۔پھر اس کے ضمن میں یہ بھی فوائد ہیں کہ اس ملاقات سے تمام بھائیوں کا تعارف بڑھے گا اور اس جماعت کے تعلقات اخوت استحکام پذیر ہوں گے۔‘‘
(اشتہار 27؍دسمبر1892ء،مجموعہ اشتہارات جلد اول صفحہ360، ایڈیشن2019ء)
پس آپ کو جماعت کے علماء کی تقاریرکو غور سے سننا چاہیے۔ یا د رکھیں کہ مقررین بڑی محنت سے تقریر تیار کرتے ہیں اس لیے ان کو غور سے سنناضروری ہے۔ یہ اللہ تعالیٰ کا فضل ہے کہ ہمارے علماء تحقیق کر کے نہ صرف خدا کے کلام یعنی قرآن مجید، احادیث اور آنحضرتﷺ کی سنت پر اپنی تقاریرکی بنیاد رکھتے ہیں بلکہ حضرت مسیح موعودؑ کی تحریرات کی روشنی میں بھی اس علم و حکمت کے خزانوں کو ہم تک پہنچاتے ہیں۔
پس آپ کا اس جلسے میں شامل ہونے کا واحد مقصد ایک اچھا احمدی مسلمان بننا ہونا چاہیے اور اپنے اندر روحانی تغیر پیدا کرکے خدا سے ذاتی تعلق پیدا کرنا ہونا چاہیے۔ حضرت مسیح موعودؑ اس ضمن میں فرماتے ہیں: ’’خدا تعالیٰ نے جو اس جماعت کو بنانا چاہا ہے تو اس سے یہی غرض رکھی ہے کہ وہ حقیقی معرفت جو دنیا میں گم ہو چکی ہے اور وہ حقیقی تقویٰ و طہارت جو اس زمانہ میں پائی نہیں جاتی اسے دوبارہ قائم کرے۔‘‘ (ملفوظات جلد7صفحہ277تا278، ایڈیشن1984ء)
اس کے ساتھ ساتھ آپ کو خلافت احمدیہ کے الٰہی نظام کی اہمیت کا بھی مکمل ادراک ہونا چاہیے جو کہ بے شمار نعمتوں کا منبع ہے۔ خلیفة المسیح سے آپ کا گہرا اورذاتی تعلق ہونا چاہیے اور ہمیشہ وفا کا تعلق رکھنا چاہیے۔ یاد رکھیں کہ دنیا کے مسائل کا حل اور عالمی امن صرف نظام خلافت سے وابستہ ہو کر ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔ اس ضمن میں میں احمدیوں کو ہدایت کرتا ہوں کہ ایم ٹی اے کو کثرت سے دیکھنے کی عادت ڈالیں اور اس سے مستفید ہو ں۔ خاص طور پر میرے خطبات اور مختلف مواقع پر دیے گئے خطابات اور دیگر پروگراموں کو لازمی دیکھیں۔ یاد رکھیں ایم ٹی اے خلافت سے تمام احمدیوں کابراہ راست تعلق قائم کرنے کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔
تبلیغ ہر احمدی مسلمان کے لیے ضروری ہے۔ آپ کو اپنی تبلیغی کوششوں میں ہمیشہ متحرک ہونا چاہیے اوراسلام احمدیت کا پیغام نہ صر ف کینیا یا بر اعظم افریقہ بلکہ پوری دنیا تک پہنچانے کے لیے نئے راستے تلاش کرتے رہنا چاہیے۔
اللہ تعالیٰ تمام شاملین کو جلسہ کےمقاصد پورے کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور اپنی زندگیوں میں صحیح معنوں میں تبدیلی کرکے، نیکی ، اخلاقی درستگی اوراسلام اورانسانیت کی خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اللہ تعالیٰ کا فضل آپ سب کے شامل حا ل ہو۔
جزاکم اللہ احسن الجزاء
والسلام
خاکسار
(دستخط)مرزا مسرور احمد
خلیفۃ المسیح الخامس