مدرسۃ الحفظ گھانا کے ایک اَور طالب علم کا اعزاز پانچ ماہ دس دن کی ریکارڈ مدت میں تکمیلِ حفظ قرآن
خدا تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۱۰؍فروری ۲۰۲۳ء بروز جمعۃ المبارک مدرسۃ الحفظ گھاناکے ایک اَور طالبعلم عزیزم عبد الوہاب ابوبکرابن مکرم مہاما یوسف صا حب نے پانچ ماہ دس دن کی ریکارڈ مدت میں تکمیل حفظ القرآن کی سعادت حاصل کی۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک۔ اللہ تعالیٰ عزیزم اور احبابِ جماعت کے لیے مبارک فرمائے اور عبد الوہاب ابوبکر کے لیے مزید کامیابیوں کا پیش خیمہ بنائے۔آمین
عزیزم ۵؍مئی ۲۰۰۸ء کو اکرا(Accra) گھانا میں پیدا ہوئے اور کوٹوکا سکول (Kotoka Basic School)میں نویں جماعت (JHS 3)میں تھے جب یکم ستمبر۲۰۲۲ء کومدرسۃ الحفظ میں داخل ہوئے۔ دورانِ حفظ ہی جماعت نہم کا سالانہ امتحان دیا اورAggregate ۷لے کر امتحان میں نمایاں پوزیشن حاصل کی۔ بچہ کی والدہ محترمہ ربیتو ابوبکر (Rabitu Abubakar)شعبہ تعلیم سے وابستہ ہیں اور سکول ٹیچر ہیں۔ والدہ نے بچپن سے ہی بچے کی تعلیم القرآن کی جانب بہت توجہ دی۔ ان کا کہنا ہے کہ پانچ سال کی عمر سے وہ اسے بذریعہ موبائل قرآن کریم سناتی رہی ہیں اور عزیزم نے اتنا قرآنِ کریم سنا کہ مکمل قرآنِ مجید سن سن کر اسے اب حفظ کرنے میں بہت آسانی ہوئی۔
عزیزم حفظ کی پختگی کے ساتھ ساتھ تجوید القرآن کا بھی بہت علم رکھتے ہیں اور بڑی مسحور کن آواز میں تلاوت کرتے ہیں۔ بحیثیت استاد مورخہ ۱۰؍فروری کو خاکسار نے ان سےآخری سبق سنا اور اس خوشی کے موقع پر عزیز نے اپنے جیب خرچ سے تمام طلبہ کو ریفریشمنٹ پیش کی۔
اب عزیزم سیکنڈری سکول کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا میں داخلے کا خواہشمند ہے تاکہ مزید علم حاصل کر کے سلسلہ کی خدمت کر سکے۔ مدرسۃ الحفظ کے آغاز(مارچ ۲۰۰۵ء) سے اب تک اس ادارے سے ۸۰؍طلبہ قرآنِ کریم حفظ کرنے کی سعادت حاصل کر چکے ہیں۔ اس وقت مدرسۃ الحفظ میں زیرِ تعلیم طلبہ کی تعداد ۲۶ ہے۔ان طلبہ کا تعلق گھانا، پاکستان، گیمبیا، گنی بساؤ اور لیبیا سے ہے۔
احبابِ کرام کی خدمت میں دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام طلبہ کو مکمل قرآن کریم حفظ کرنے، اسے ہمیشہ یاد رکھنےاور خلافتِ احمدیہ کے زیرِ سایہ دوسروں کو سکھانے کی توفیق عطا فرماتا رہے۔آمین
(رپورٹ: حافظ مبشر احمد جاوید ۔مربی سلسلہ و انچارج مدرسۃ الحفظ گھانا)