یوم تبلیغ ،ابنگرو ریجن آئیوری کوسٹ
اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے جماعت آئیوری کوسٹ کے ریجن ابنگرو (Abengourou) کو مورخہ ۲۸؍جنوری ۲۰۲۳ء بروز ہفتہ ریجنل احمدیہ مشن ہاؤس میں یوم تبلیغ منانے کی توفیق ملی۔ اس پروگرام کے انعقاد کے لیے تیاریوں کا سلسلہ پروگرام سے دو ہفتے قبل ہی شروع کر دیا گیا تھا۔ چنانچہ اس دن کے حوالہ سے باقاعدہ ایک پروگرام بنا کر چھپوایا گیا اور مہمانانِ گرامی کو اس پروگرام میں شمولیت کے لیے باقاعدہ خط کی شکل میں دعوت نامہ مع پروگرام بھجوائے گئے۔
مورخہ ۲۸؍جنوری بروز ہفتہ صبح ساڑھے نو بجے پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔ تلاوت قرآن کریم کی سعادت مکرم عبداللہ (Niemba Abdoulaye) صاحب کو حاصل ہوئی بعد ازاں اس کا فرانسیسی ترجمہ پیش کیا گیا۔ اس کے بعد پروگرام کے مطابق مقررین نے تقاریر کیں۔ پہلی تقریر مکرم بالو احمد صاحب معلم سلسلہ نے بعنوان ’’دجال کی بابت جماعت احمدیہ کا موقف‘‘ کی۔ جس کے بعد مکرم یوسف دمبیا صاحب نے تقریر بعنوان ’’مسلمان کی کیا تعریف ہے؟‘‘ کی۔ بعد ازاں ’’آخر الزمان کی چند نشانیاں‘‘ کے عنوان سے مکرم صدیق جیالو صاحب معلم سلسلہ نے سیر حاصل بحث کی۔ اس پرو گرام کی اختتامی تقریر خاکسار (ریجنل مبلغ سلسلہ) نے بعنوان ’’جماعت احمدیہ کا اجمالی تعارف‘‘ کی۔ ہر ایک تقریر کے بعد حاضرین کو سوالات کرنے کا موقع بھی فراہم کیا جاتا رہا اور ساتھ ہی ساتھ ان سوالات کے جوابات بھی دیے جاتے رہے۔
تبلیغ ڈے کے حوالہ سے اس تبلیغی کانفرنس کے علاوہ قرآن مجید کی نمائش اور بک سٹال کا بھی اہتمام کیا گیا۔ قرآن مجید کی نمائش میں جماعت احمدیہ کی جانب سےکیے گئے قرآن کریم کےتراجم میں سے دس مختلف زبانوں کے مترجم نسخے رکھے گئے۔ کانفرنس میں شامل مہمانان کرام کو جماعت احمدیہ مسلمہ کی قرآن کریم اور اس کے تراجم کے حوالہ سے خدمات کے متعلق آگاہ کیا گیا۔ بک سٹال میں بیس کے قریب فرانسیسی زبان میں کتب فروخت کے لیے رکھی گئیں۔ مزید برآں تمام حاضرین میں کتابچے تقسیم کیے گئے۔ اور اس پروگرام میں تشریف لانے والے تمام آٹھ آئمہ حضرات کوایک ایک عربی زبان کی کتاب ’’القول الصریح‘‘ تحفۃً دی گئی۔ پروگرام کے اختتام پر جملہ شاملین کی کھانے سے تواضع کی گئی۔
اس تبلیغی کانفرنس میں اللہ تعالیٰ کے فضل سے آٹھ غیر از جماعت آئمہ حضرات کے علاوہ مسلم طلباء تنظیم(Muslim Student Organisation) کے کئی ممبران اور یوتھ پارلیمنٹ میں ابنگرو شہر کے سینیٹر مکرم کونے موسی صاحب صاحب اور میڈیا کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔ بعد ازاں لوکل ریڈیو اور میڈیا کے دیگر نمائندگان نے (جن کی کل تعداد تین تھی) تمام مقررین کے انٹرویوز لیے۔ کانفرنس کے دوران کی جانے والے تمام چار تقاریر کو لوکل ریڈیو پر نشر بھی کیا گیا اور جماعت کا بہت عمدہ الفاظ میں تعارف بھی کروایا گیا۔ علاوہ ازیں AIP نے بھی جو ایک الیکٹرانک اخبار ہے اس پروگرام کے حوالہ سے ایک تفصیلی خبرمورخہ ۲۹ جنوری ۲۰۲۳ء کو شائع کی۔ الحمد للہ علیٰ ذالک
اللہ تعالیٰ اس پروگرام کے مثبت نتائج مرتب فرمائے اور سعید روحوں کو امام الزمان کو قبول کر کے جماعت احمدیہ مسلمہ میں داخل ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔ اور تمام واقفین کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے ارشادات کی روشنی میں مقبول خدمتِ دین کی توفیق عطا فرمائے۔ (آمین)
(رپورٹ: صادق احمد لطیف۔ مبلغ سلسلہ آئیوری کوسٹ)