جماعت احمدیہ ناروے کے زیر اہتمام ہفتہ تربیت کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ ناروے کو مورخہ ۶تا۱۲؍فروری ۲۰۲۳ء ہفتہ تربیت منانے کی توفیق ملی۔ ہفتہ تربیت میں سوموار سے جمعرات تک روزانہ شام ساڑھے پانچ تا سات بجے آن لائن اجلاس منعقد کیےگئے۔ ان اجلاسات میں سلسلہ کے علماء نے یوکے،سویڈن، ڈنمارک اور ناروے سے مختلف موضوعات پر براہ راست تقاریرکیں۔ ہفتہ تربیت میں نماز تہجد، باجماعت نمازوں اور تلاوت قرآن کرنے پر زور دیا گیا، روزانہ نمازکی اہمیت کے بارے میں قرآن کریم کی ایک آیت بھجوائی گئی، نیز حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دعاؤں، نوافل اور نفلی روزوں کی تحریکات پر بھی عمل کرنے اور حضور انور کو دعا کے لیے خط لکھنے کی طرف توجہ دلائی گئی۔
پہلے روز تلاوت کلام پاک مکرم زین محمود صاحب نے کی اور ترجمہ پیش کیا۔ اس کے بعد مکرم عبدالمنعم ناصر صاحب نے کلام محمود سےنظم پڑھ کر سنائی۔مکرم ظہور احمد چودھری صاحب، امیر جماعت احمد یہ ناروے نے اپنے افتتاحی تقریر میں بتایا کہ ہمارے نوجوانوں کو معاشرے میں پیش آنے والی مشکلات اور پریشرز کا کس طرح مقابلہ کرنا چاہیے۔ مکرم ڈاکٹر عبدالحئی احمد صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ ناروے نے ’’احمدی نوجوان کی ذمہ داریاں‘‘ کے موضوع پر نارویجن زبان میں تقریر کی۔ بعد ازاں مکرم شاہد محمود کاہلوں صاحب، نائب امیر و مبلغ انچارج ناروے نے اپنی تقریر میں ’’مالی قربانی ایک تعارف‘‘ پربہت وضاحت سے روشنی ڈالی۔ آخر میں ناظرین کو سوالات کا موقع دیا گیا۔
دوسرےرو ز کا پروگرام بھی تلاوت قرآن کریم سے شروع ہوا جو مکرم رانا مبشر محمود صاحب نے کی۔ پہلی تقریر مکرم یاسر فوزی صاحب، مربی سلسلہStavanger نے نارویجن میں ’’صداقت حضرت مسیح موعود علیہ السلام‘‘ کےموضوع پر کی۔ بعد ازاں یوکے سے مہمان مقرر مکرم محمد طاہر ندیم صاحب نے ’’خلافت کی اطاعت ‘‘کے موضوع کو بہت عمدگی سے بیان کیا۔ آخر میں مقررین نے ناظرین کے سوالوں کے جواب بھی دیے۔
تیسرے روز کے اجلاس کا آغاز بھی تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو مکرم سلطان نصیر صاحب نے کی۔ مکرم ڈاکٹر احمد رضوان صادق صاحب صدر مجلس انصار اللہ ناروے نے ’’خوشگوار عائلی زندگی‘‘کے موضوع پر دلچسپ تقریرکی۔ دوسری تقریر نارویجن زبان میں کی گئی جو مکرم ہارون احمد چودھری صاحب مربی سلسلہTrondheim نے ’’ہستی باری تعالیٰ‘‘ کے موضوع پر کی۔ اگلی تقریر مہمان مقرر مکرم آغا یحییٰ خان صاحب مبلغ انچارج سویڈن نے کی اور ’’سیرت حضرت محمدﷺ‘‘ کو بہت خوبصورتی سے بیان کیا۔ آخر میں ناظرین کے سوالات کے جوابات دیے گئے۔
چوتھے روز اجلاس میں تلاوت قرآن پاک مکرم بشارت احمد صابر صاحب نےکی۔ مکرم طاہر محمود صاحب مربی سلسلہ Kristiansand نے نارویجن میں ’’باادب با نصیب‘‘ کے عنوان پر تقریر کی۔دوسری تقریر مہمان مقرر مکرم محمد زکریا خان صاحب مبلغ انچارج و امیر جماعت ڈنمارک نے کی۔ آپ نے ’’نماز باجماعت کا قیام‘‘کامضمون قرآن و سنت کی روشنی میں بہت عمدگی سے بیان کیا۔ مکرم امیر صاحب جماعت ناروے نے اختتامی تقریر میں والدین اور بچوں کی ذمہ داریوں کے موضوع پر روشنی ڈالی۔ امیر صاحب نے آخر پر تمام مقررین کا اور ناظرین و سامعین کا شکریہ ادا کیا اور دعا کروائی۔ ان اجلاسات میں روزانہ اوسطاً تین سوسے چار سو حاضری رہی۔ الحمد للہ۔
تربیتی ہفتہ کے پانچویں روز جمعہ کا دن تھا۔مقامی طور پر جمعہ کے خطبہ میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے گذشتہ خطبہ جمعہ کا خلاصہ بیان کیاگیا۔ بعد ازاں خطبہ جمعہ حضورانور براہ راست سنا گیا۔
چھٹے روز یوم تبلیغ منایا گیا۔ ناروے کے چھ مختلف شہروں میں دس مقامات پر تبلیغی سٹالز لگائے گئے جس میں خدام،اطفال اور انصار نے شرکت کی اسی طرح سوشل میڈیا پربھی جماعت کاتعارفی پمفلٹ نشر کیا گیا۔
اتوار کا دن ہفتہ تربیت کا آخری روز تھا۔ اس دن تمام مقامی جماعتوں میں یوم مصلح موعودؓ کے جلسے منعقد کیے گئے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے تربیتی ہفتہ میں جماعت کو بہت ساری تربیتی سرگرمیاں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ دعا ہے کہ خدا تعالیٰ ان حقیر کوششوں کو قبول فرمائے اور اچھےنتائج ظاہر فرمائے، ہمیں اپنی رضا اور خوشنودی کی راہوں پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے نیز ہمیں خلیفۃ المسیح کی سچی اطاعت کرنے والا اورآپ کے تمام حکموں پر عمل کرنے والا بنائے۔آمین
(رپورٹ: عبدالمنعم ناصرؔ۔ سیکرٹری تربیت جماعت ناروے)