سالانہ پیس کانفرنس جماعت ہڈرزفیلڈ، یوکے
خدا تعالیٰ کےفضل سے جماعت ہڈرزفیلڈ، یوکے کو سالانہ پیس کانفرنس مورخہ ۱۱؍فروری ۲۰۲۳ء کو ہڈرزفیلڈ ٹاؤن ہال میں منعقد کرنے کا موقع ملا۔ پروگرام کی تیاری دو ماہ قبل انتظامیہ کی تشکیل دینے سے ہوئی جس میں خدام و انصار دونوں نے بھرپورحصہ ڈالا ۔مکرم منیر احمد صاحب لوکل سیکرٹری امور خارجہ کو منتظم اعلیٰ مقرر کیا گیا۔ کانفرنس کا موضوع حضرت خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے عالمی خطابات کے مجموعے پر مشتمل کتاب کے نام پر ’’عالمی بحران اور امن کی راہ‘‘ مقرر کیا گیا۔
کانفرنس کا آغاز شام پانچ بجے زیر صدارت مکرم یوسف آفتاب صاحب، صدر جماعت ہڈرزفیلڈ نارتھ ہوا۔ خاکسار (مربی سلسلہ جماعت ہڈرزفیلڈ) نے تلاوت قرآن کریم مع ترجمہ پیش کی۔ بعد ازاں مکرم منیر احمد صاحب (لوکل سیکرٹری امور خارجہ) نے استقبالیہ کلمات کہے۔ جماعت کا تعارف ایک مختصر ویڈیو کلپ دکھا کر کروایا گیا جس میں خصوصی طور پر حضرت خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی امن کے لیے عالمی کاوشوں کی جھلکیاں دکھائی گئیں۔
بعد ازاں مذہبی راہنماؤں نے تقاریر کیں۔ مکرم اِندرپال رندھاوا نے سکھ کمیونٹی، مکرمہ کرن بالی نے ہندو کمیونٹی، Reverend Canon Rachel Firth نے عیسائی کمیونٹی کی نمائندگی میں تقاریر کیں۔ سب نے اپنے خطابات میں بتایا کہ کس طرح امن کی شاہراہ، انفرادی سطح سے شروع ہو کرعالمی سطح تک پہنچتی ہے۔
اس کے بعد درج ذیل سیاسی شخصیات کی طرف سے موصول ہونے والے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے، سب نے ہڈرزفیلڈ جماعت کی خدمات و امن کے قیام کے لیے منعقدہ کانفرنس کرنے کے اقدام کو خوب سراہا:
Jason Mc Cartney، MP Colne Valley, Kim Leadbeater MP Batley & Spen Valley, Rev Mark Sowerby، Bishop of Mirfield, Mr Shabir Pandor، Leader of Kirklees Council, Mr Masood Ahmad، Mayor of Kirklees Council
بعد ازاں درج ذیل تین مہمانان نے مختصر تقاریر کیں:
High Sheriff & D.L of West Yorkshire، Sue Baker, Chief Superintendent of West Yorkshire Police، Jim Griffiths, Father Oswin Garside from Community of Resurrection
آخر پرمہمان خصوصی، مربی سلسلہ مکرم رضا احمد صاحب نے اختتامی تقریر کی۔ جس میں اسلامی تعلیمات کو سامنے رکھتے ہوئےامن عالم کے حصول کے لیے رواداری وانصاف کے قیام کی اہمیت پر بات کی۔
پروگرام کے آخر پر مکرم صدر صاحب جماعت ہڈرزفیلڈ نارتھ نے تمام مہمانان کرام کا شکریہ ادا کیا۔ اختتامی دعا مہمان خصوصی صاحب نے کروائی۔ بعد ازاں عشائیہ پیش کیا گیا۔
خدا کے فضل سے دو سو سے زائد افراد نے پروگرام میں شمولیت کی جس میں ایک سوتیس سے زائد مہمانان کرام تھے۔ اس تاریخی پیس کانفرنس کی ریکارڈنگ اور معزز مہمانان کرام کے تاثرات، لندن سے آئی MTA UK کی ٹیم نےکی۔ پیس کانفرنس کی تشہیر دوران پروگرام خدام کی ٹیم نے Social Media پر کی۔ خدا کے فضل سے معزز مہمانان کرام نے پروگرام کو بہت پسند کیا ۔خصوصی طور پر پروگرام کے حسن انتظام اورلوکل جماعت کی مسلسل انتھک رضاکارانہ کاوشوں کوخوب سراہا۔
(رپورٹ: صباحت کریم۔ مربی سلسلہ جماعت ہڈرزفیلڈ، یوکے)