خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭… شمال مغربی بنگلہ دیش کے ضلع پنچ گڑھ میں جماعت احمدیہ کے ۹۸ویں سالانہ جلسہ کے موقع پر جمعے کے روز شدت پسند مسلمانوں کی پولیس کے ساتھ جھڑپ کے دوران پولیس اہلکاروں سمیت درجنوں زخمی ہو گئے جبکہ احمدی احباب کے سینکڑوں گھروں کو نذر آتش اور توڑ پھوڑ کی گئی۔ اس دوران ایک احمدی نوجوان انجنیئر زاہد حسن گہرے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔
اس موقع پر بارڈر گارڈ بنگلہ دیش اور ریپڈ ایکشن بٹالین کی ٹیمیں تعینات کی گئیں تھیں تاہم ضلعی پولیس نماز جمعہ کے بعد شروع ہونے والے تشدد پر قابو پانے میں ناکام رہی اور شام دیر گئے تک گھنٹوں تک جاری رہی۔ اس دوران ایک حملہ آور بھی پولیس کی گولی سے جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
پنچ گڑھ کے ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ شفیق الاسلام کے مطابق یہ تصادم پورے پنچ گڑھ قصبے اور اس سے باہر پھیل گیا جبکہ پولیس اہلکار شدت پسندوں کی طرف سے اینٹوں کی بوچھاڑ کے نیچے آگئے جو احمدیوں کو اپنے جلسے سے روکنے کے لیے ان کے ایک بہت بڑے ہجوم کو لڑائی میں شامل ہونے پر اکسانے میں کامیاب ہو گئے۔ اس واقعہ کے بعد ضلع انتظامیہ نے تین روزہ جلسہ ملتوی کر دیا، جو جمعہ کو شروع ہونا تھا۔ اس کے بعد تقریباً پانچ سو لوگوں نے دوپہر دو بجے کے قریب احمدیہ گاؤں پر دھاوا بول دیا اور ، رات کے بعد بھی گھنٹوں احمدیہ گاؤں کے گھروں کو لوٹا، توڑ پھوڑ کی اور تشدد بھی کیا۔
ترجمان جماعت احمدیہ بنگلہ دیش احمد تبصیر کے مطابق احمد نگر گاؤں میں ۲۵۰۰؍سے زیادہ لوگ رہتے ہیں۔ گاؤں کے تقریباً ایک سو گھروں کو مذہبی جنونیوں نے نذر آتش کیا اور توڑ پھوڑ کی۔ ضلعی انتظامیہ نے حملے کو روکنے کے لیے بہت کم کام کیا، حالانکہ اس سے قبل جمعرات کو بھی گاؤں پر حملہ کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ امام جماعت احمدیہ عالمگیر حضرت مرزا مسرور احمد خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نےاسی روزخطبہ جمعہ کے اخیر میں بنگلہ دیش کے احمدیوں سمیت پاکستان، برکینافاسو اور الجزائر کے احمدیوں کے لیے دعا کی تحریک بھی کی۔(تفصیلات کے لیے ملاحظہ کریں صفحہ اوّل)
٭…۴؍مارچ بروز ہفتہ لندن میں واقع مسجد بیت الفتوح کی جدید عمارت کا افتتاح امام جماعت احمدیہ مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا جس کے ساتھ ہی جماعت احمدیہ برطانیہ کی سترہویں نیشنل امن کانفرنس منعقد ہوئی جس میں امام جماعت احمدیہ نے بصیرت افروز خطاب فرمایا۔(اس تقریب کی تفصیلات انشاء اللہ اگلے شمارہ میں دی جائیں گی۔)
٭… اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے قطر میں ۴۶؍کم ترقی یافتہ ممالک کی کانفرنس سے خطاب میں غریب ممالک کے خلاف امیر ممالک کے حربوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امیر ممالک اور توانائی کمپنیاں غریب ممالک کو شرح سود اور ایندھن کی اضافی قیمتوں سے تنگ کر رہے ہیں۔دولت مند قوموں کو معیشتوں کے فروغ اور صحت و تعلیم بہتر بنانے کے لیے سالانہ پانچ سو ارب ڈالر دینے چاہییں۔قرضوں میں ڈوبے اور کم وسائل والے ممالک کو معاشی ترقی کے چیلنجز درپیش ہیں۔عالمی مالیاتی نظام اپنے فائدے کے لیے امیر ممالک نے ڈیزائن کیا۔امیر ممالک غریب ریاستوں کو موسمیاتی تبدیلی سے لڑنے میں مدد کے لیے سینکڑوں ارب ڈالر دینے میں ناکام رہے۔
٭… عراق کی عدالت نے چار سابق سرکاری عہدیداران کو قومی خزانے سے ڈھائی ارب ڈالر غبن کرنے کے الزام میں گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔ان عہدیداران میں سابق وزیر خزانہ اور سابق وزیراعظم مصطفیٰ الخادمی کے رشتے دار بھی شامل ہیں جو اب بیرون ملک مقیم ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ستمبر ۲۰۲۱ء سے اگست ۲۰۲۲ء کے عرصے میں پانچ کمپنیز نے ۲۴۷؍ چیک کیش کروائے جن کی مالیت ڈھائی ارب ڈالر تھی، یہ رقم خرد برد کرلی گئی۔ اس رقم کو کمپنیز کے اکاؤنٹس سے ان کے مالکان نے کیش کروایا اور فرار ہوگئے۔ واضح رہے کہ اس کیس کو ملک میں صدی کی سب سے بڑی ڈکیتی قرار دیا جا رہا ہے۔
٭… چینی وزیرِ اعظم نے سالانہ نیشنل پیپلز کانگریس سے خطاب میں اقتصادی ترقی کے ہدف کا اعلان کرتے ہوئے رواں سال کے لیے معاشی ترقی کا ہدف تقریباً پانچ فیصد مقرر کر دیا ہے۔ چین کی جانب سے معاشی ترقی کا مقررہ پانچ فیصد ہدف گذشتہ دہائیوں کا کم ترین ہدف ہے۔ چین کا اس سال تقریباً ۱۲ ملین نئی ملازمتیں پیدا کر کے شہری بے روزگاری کی شرح کو ۵.۵ فیصد تک لے جانے کا ارادہ ہے۔ چین نے دفاعی بجٹ ۷.۲ فی صد بڑھانے کا اعلان کیا ہے جو ۲۲۵؍ارب ڈالرز بنتا ہے۔
٭… بھارت میں ہونے والے جی 20 اجلاس کے موقع پر کینیڈا اور چین کے وزرائے خارجہ کی ملاقات ہوئی ہے۔کینیڈا کی وزیرِ خارجہ میلانیا جولی نے چین کے ہم منصب کو واضح کہہ دیا کہ اپنے اندرونی معاملات میں کسی بھی غیر ملکی مداخلت کو برداشت نہیں کریں گے۔ کینیڈا اپنی جمہوریت اور اندرونی معاملات میں چین سمیت کسی بھی غیر ملکی مداخلت کو کبھی بھی برداشت نہیں کرے گا۔ ہم اپنی علاقائی سالمیت اور خود مختاری کی خلاف ورزی کو کبھی قبول نہیں کریں گے۔واضح رہے کہ کینیڈا کے میڈیا نے حال ہی میں گمنام انٹیلی جنس ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے چین کی طرف سے کینیڈا کے گذشتہ دو انتخابات میں مداخلت کی کوششوں کا الزام لگایا تھا جس کی چین نے تردید کر دی تھی۔
٭… سعودی وزارتِ خارجہ نےقابض اسرائیلی عہدیدار کی فلسطینی گاؤں حوارہ کو صفحہ ہستی سے مٹانے کے بیانات کی شدید مذمت کی کہ سعودی عرب ان نسل پرستانہ، غیر ذمے دارانہ بیانات کو مکمل مسترد کرتا ہے۔ عالمی برادری کشیدگی کم کرائے اور فلسطینیوں کو تحفظ فراہم کرے۔ واضح رہے کہ اسرائیل کے وزیر خزانہ نے فلسطینی گاؤں حوارہ کو صفحہ ہستی سے مٹانے کی دھمکی دی تھی۔
٭… انڈونیشیا کی سرکاری توانائی کمپنی پرتمینا کے ایندھن ذخیرہ کرنے والے اسٹیشن میں آتشزدگی سے ۱۷؍افراد ہلاک ہوگئے۔ جکارتا میں واقع فیول سٹوریج میں رات آٹھ بجے کے بعد آگ لگی۔ آتشزدگی سے کچھ گھر بھی جلے اور قریبی رہائش پذیر شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، شہری گھروں سے سامان سمیٹ کر بھاگ نکلے۔ فائر فائٹنگ یونٹ کے مطابق مرنے والوں میں دو بچے بھی شامل ہیں جبکہ ایک بچے سمیت ۵۰؍افراد شدید زخمی ہیں۔ آگ بجھانے کےلیے۵۱؍ ٹرک روانہ کیے گئے تھے۔ کمپنی کے سی ای او نے آتشزدگی پر معذرت کی اور کہا کہ وہ آئندہ ایسے حادثات سے بچنے کےلیے اندرونی معاملات کو بغور دیکھیں گے۔آگ لگنے والے فیول سٹیشن میں تین لاکھ لیٹر ایندھن ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہے۔
٭… ایشیا کی سب سے بڑی فوجی مشقیں، ’’کوبرا گولڈ‘‘ تھائی لینڈ میں شروع ہوگئیں، ان فوجی مشقوں میں تیس ممالک کے سات ہزار سے زائد فوجی حصہ لیں گے۔ مشقوں کے انعقاد کے لیے تھائی لینڈ امریکہ اور دیگر درجنوں ممالک کے سات ہزار سے زیادہ فوجیوں کی میزبانی کر رہا ہے۔ امریکی فوج کے انڈو پیسیفک فرنٹ کے کمانڈر جنرل جان اکیلینو نے بتایا کہ کووڈ- 19 کی وبا کی وجہ سے اس مشق کو معطل کرنے کے بعد، اس سال کی مشقیں تقریباً چھ ہزار امریکی فوجیوں اور دوسرے ممالک کے ایک ہزار سے زائد فوجیوں کی موجودگی میں منعقد کی جارہی ہیں۔ ان فوجی مشقوں میں تھائی لینڈ، امریکہ اور جاپان کی فوجی اور سویلین خلائی ایجنسیاں موجود ہیں۔اس رپورٹ کے مطابق ان فوجی مشقوں میں تھائی لینڈ، امریکہ اور جاپان کی فوجی اور سویلین خلائی ایجنسیاں موجود ہیں۔
٭… جاپان کے شہر سائتاما میں بلیوں کو مار کر ان کے ٹکڑے ملنے کا سلسلہ جاری ہے جس سے شہریوں کی تشویش میں اضافہ ہوگیا ہے۔سکولوں کے اساتذہ کو بچوں کو گھروں تک چھوڑنے اور گروپس میں چلنے کا کہا گیا ہے جبکہ پولیس نے بھی علاقے میں گشت بڑھا دیا ہے۔پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ان واقعات کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ یاد رہے کہ جاپان میں جانوروں کو مارنا یا زخمی کرنا جرم ہے جس کی سزا پانچ سال تک قید یا تقریباً پانچ ملین ین (۳۶؍ہزار ۶۰۰؍ڈالر) جرمانہ ہے۔
٭… امریکہ کے صدر جوبائیڈن کے بروقت علاج نے انہیں جِلد کے کینسر کے مرض میں مبتلا ہونے سے بچا لیا۔امریکی صدر کے فزیشن کیون او کونر کی لکھی گئی رپورٹ وائٹ ہاؤس نے جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ۸۰؍سالہ امریکی صدر کے سینے سے جلد کے کینسر کا سبب بننے والا زخم ۱۶؍فروری کو ہٹایا گیا۔امریکی صدر کو مزید علاج کی ضرورت نہیں اور وہ اپنے فرائض کی ادائیگی کے لیے مکمل فٹ ہیں۔یاد رہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن اس وقت ڈیموکریٹس کے درمیان موضوع بحث بنے ہوئے ہیں کہ وہ ۲۰۲۴ء میں ہونے والے انتخابات میں حصہ لیں گے یا نہیں۔
٭… عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی ابتدا کے بارے میں جاننے کے لیے کام اب بھی جاری ہے۔ یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ڈبلیو ایچ او نے کورونا وائرس کے آغاز کی نشاندہی کرنے کے کسی منصوبے کو ترک نہیں کیا ہے۔کورونا وائرس سے متعلق کئی موقعوں پر چین کے اعلیٰ راہنماؤں سے بات چیت کی ہے۔ یاد رہے کہ حال ہی میں امریکی ایجنسی نے کورونا وائرس چینی لیبارٹری سے ممکنہ طور پر لیک ہونے کا دعویٰ کیا تھا جو چین کی جانب سے رد کردیا گیا ہے۔
٭… کورونا وائرس سے بچاؤکے لیے روسی ویکسین سپوٹنک فائیو بنانے میں مددکرنے والے سائنسدان اینڈرے بوٹیکوو جمعرات کواپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے جبکہ پولیس نے قتل کے شبے میں ایک شخص کو گرفتار کرلیا ہے۔مقتول کی گردن پر نشانات پائے گئے جس کی وجہ سے اندازہ لگایا جارہا ہے کہ ان کی موت ممکنہ طور پر گلا دبانے کی وجہ سے ہوئی ہے۔ روسی صدر ویلادیمیر پیوٹن نے مقتول سائنسدان کو ۲۰۲۱ء میں ویکسین کی تیاری پر کام کرنے پر ایک ایوارڈ سے بھی نوازا تھا۔
٭… سعودی عرب میں رمضان کے دوران معمول سے زیادہ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔رمضان کے آغاز میں ملک کے شمالی، مشرقی اور وسطی علاقوں میں موسم معتدل رہے گا۔رواں برس رمضان موسم بہار میں آ رہا ہے لہٰذا ہوا میں نمی کا دباؤ بڑھ جائے گا جبکہ درجہ حرارت بھی معمول سے ایک ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہوگا۔ مکہ اور ساحلی علاقوں میں درجہ حرارت رمضان کے آخر میں بڑھے گا۔
٭… امریکی ریاست پنسلوانیا کے بین الاقوامی ایئرپورٹ پر مسافر سے دھماکا خیز ڈیوائس برآمد ہوئی ہے۔ فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) کا کہنا ہے کہ چالیس سالہ مارک مفلے نامی مسافر فلوریڈا جا رہا تھا،تلاشی کے دوران بیگ کو چیک کیا گیا تو الارم بج گیا، بیگ میں ایک گول چیز تھی جس میں دو فیوز اور کچھ سفوف تھا جو مومی پاؤڈر اور پلاسٹک میں لپٹا ہوا تھا۔ ٹی ایس اے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایف بی آئی اور مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ٹیکنیشنز نے تصدیق کی کہ یہ دھماکا خیز ڈیوائس ہے۔ الارم بجنے کے بعد مفلے کو ایئرپورٹ سیکیورٹی کے پاس جانے کےلیے کہا گیا لیکن وہ چند منٹ بعد ہی ایئرپورٹ سے نکل گیا۔ بعد ازاں اسے شام میں گھر سے گرفتارکرلیاگیا۔
٭… پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان کی تقاریر، بیانات، براڈ کاسٹ اور ٹیلی کاسٹ کے حوالے سے عائد پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس میں کہا گیا ہے کہ ٹی وی چینلز عمران خان کا لائیو، ریکارڈڈ بیان، تقاریر نشر نہیں کرسکتے۔ عمران خان مسلسل ریاستی اداروں کے خلاف بےبنیاد الزامات لگا رہے ہیں۔پیمرا نے نوٹیفکیشن میں کہا کہ عمران خان کی تقاریر براہ راست یا ریکارڈڈ نہیں چلائی جائیں گی۔ عمران خان کی تقاریر اور بیانات پر پابندی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔ اشتعال انگیز بیانات کے ذریعے عمران ریاستی اداروں، افسران کے خلاف نفرت پھیلارہےہیں۔