احمدیہ گزٹ کینیڈا کی پچاس سالہ جوبلی تقریبات کی چند جھلکیاں
خدا تعالیٰ کے فضل اور رحم کے ساتھ جماعت احمدیہ عالمگیر دنیا بھر میں ہر سال کامیابیوں اور کامرانیوں کی نئی منزلیں طے کرتی نظر آتی ہے۔ ۱۹۷۲ء میں ہاتھ سے لکھا جانے والا ’’احمدیہ گزٹ کینیڈا‘‘ چھاپہ خانوں اور کتابت کی منزلیں طے کرتا ہوا کمپیوٹر کے جدید تکنیکی دور میں رنگ اور نور کی بہاروں کا سماں نہ صرف آپ کی دہلیز پر بلکہ آپ کی کمپیوٹر سکرین پرپیش کررہا ہے، یہ رسالہ اسلام احمدیت کی تعلیمات کے ذریعہ تربیتی پہلو اُجاگر کرنے اور خلافت احمدیہ کے تازہ فرمودات احباب جماعت تک پہنچانےکی کوشش میں مصروف ہے۔
پچھلے پچاس برسوں کے سفر میں احمدیہ گزٹ کینیڈا نے اللہ تعالیٰ کے انعام واکرام کے جو نظارے دیکھے اُن کا شمار کرنا تو ناممکن ہے لیکن اِس سنگ میل پر پہنچ کر خوشی اور تشکّر کا اظہار کرنے کے لیے احمدیہ گزٹ کی ٹیم کے ممبران اور مجلہ سے منسلک تمام مخلصین نے ۲۰۲۲ء میں پورا سال تقریبات کا اہتمام کرتے ہوئے ۲؍فروری ۲۰۲۳ءکی شام ایوان طاہر میں اپنےتمام رضاکاروں کےاعزاز میں ایک عشائیہ کے ساتھ نئی منزلوں کی سمت روانگی کا پیمان باندھا۔
احمدیہ گزٹ کے سفر کی تاریخ
’’احمدیہ گزٹ کینیڈا‘‘ جماعت احمدیہ کینیڈا کا سرکاری ترجمان ہے۔ اِس کا پہلا شمارہ جون ۱۹۷۲ء میں شائع ہوا۔ آغاز میں اِس کا نام ’’احمدیہ نیوز بلیٹن‘‘ تھا اور اِس کی شکل خبرنامہ کی سی تھی اور یہ دونوں زبانوں یعنی اردو اور انگریزی میں تھا۔ ماہ اپریل ۱۹۷۲ء میں یہ ’’دی مسلم آؤ ٹ لُک‘‘ کہلایا اور پھر جولائی ۱۹۷۵ء سے اِس موقر جریدہ کو ’’احمدیہ گزٹ کینیڈا‘‘ کا نام دیا گیا۔ اِس کے پہلے ایڈیٹر محترم مبارک احمد خان صاحب مرحوم تھے۔ ۲۰۱۰ء سے مولانا ہادی علی چودھری صاحب مدیر اعلیٰ کی خدمات بجا لارہے ہیں۔
جوبلی تقریبات کی منصوبہ بندی
محترم امیر صاحب کینیڈا کی منظوری سے ادارہ کے اراکین نے گزٹ کی پچاس سالہ جوبلی کی تقریبات کا سلسلہ ترتیب دیا، جو سارے سال پر محیط تھا۔ اِن تقریبات کی اجمالی تفصیل درج ذیل ہے:
احمدیہ گزٹ کا پچاس سالہ جوبلی شمارہ
تقریبات کے آغاز میں اظہارِتشکر کےطور پر پچاس سالہ جوبلی کا خصوصی شمارہ ماہ جون ۲۰۲۲ء میں شائع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ چونکہ جون ۱۹۷۲ء میں پہلی باریہ شمارہ شائع ہوا تھا۔ اِس اعتبار سے ٹھیک پچاس سال بعدیہ جوبلی نمبر شائع کیا گیا۔
گزٹ کےمدیر اعلیٰ صاحب نے جوبلی کی یاد گار کو زندہ رکھنے کے لیے ایک خوبصورت لوگو (logo) ڈیزائن کیا جو گذشتہ سال جون سے ہرشمارہ کے سرورق کی زینت بنتاچلاآرہا ہے۔
اِس شمارہ کا نمایاں پہلو ہمارے پیارے آقا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا وہ خصوصی پیغام ہے جس میں حضور انور نے گزٹ کےمستقبل کے لیے لائحہ عمل کی نشاندہی فرمائی ہے۔اور فرمایا ہےکہ گزٹ کی توجہ کا مرکز نوجوانوں کی جانب ہو نا چاہیے اور اُن کےذہنی میلان کے مطابق حکمت عملی تشکیل دینی چاہیے۔
سو صفحات کے اِس شمارہ میں گزٹ کی تاریخ اور اُس کے ارتقا پر مضامین شامل ہیں۔ اِس کے صفحات کو گزٹ کے ماضی و حال کے نگران اعلیٰ، مدیران، معاونین، گرافکس ڈیزائنرز، رضاکاروں، پرنٹرز وغیرہ کی تاریخی تصا ویر اور ماضی میں شائع ہونے والے تاریخی سرورق سے مزین کیاگیا ہے۔
جوبلی مشاعرہ
گزٹ کے پچاس سال مکمل ہونے کی یاد میں۹؍ستمبر ۲۰۲۲ءکو جماعت احمدیہ کینیڈا کے مرکز ایوانِ طاہر میں ایک خصوصی مشاعرہ منعقد کیاگیا۔ جس میں اُن شعراء کو حمد و نعت اور خلافت سے اپنی محبت کے اظہار کےموضوع پر اپنا کلام پیش کرنے کی دعوت دی گئی تھی جن کا کلام احمدیہ گزٹ میں شائع ہو چکا ہے۔۱۳؍شعراء نےاپنا شعری کلام پیش کیا جس کےبعد تمام مہمانوں کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا۔اس تقریب کی رپورٹ مع تصاویر دسمبر۲۰۲۲ء کے گزٹ میں شائع ہوئی تھی۔
مقابلہ مضمون نگاری
گزٹ کی جانب سے’’خلافت احمدیہ‘‘ کےموضوع پر مضمون نگاری کے مقابلہ کا اہتمام بھی کیا گیا۔ جس کی تمام تر ذمہ داری مکرم فرحان حمزہ قریشی صاحب ایڈیٹر احمدیہ گزٹ کے سپرد تھی۔ مقابلہ میں شرکا کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا تھا اور اُسی اعتبار سے مضمون کے عناوین بھی دیے گئےتھے۔ گروپس کی تفصیلات اورمضمون کے عناوین درج ذیل تھے:
گروپ الف (اطفال و ناصرات )۔عناوین: برکاتِ خلافت، خلافت سے محبت۔ گروپ ب (خدام،لجنہ اور انصار)۔ عناوین:خلافتِ احمدیہ : عالمی بد امنی کا حل، خلافتِ احمدیہ کی الٰہی تائید، اطاعتِ خلافت
مضمون نگارکو اردو، انگریزی یا فرنچ میں سے کسی ایک زبان میں لکھنےکی آزادی تھی اور مضمون جمع کروانے کی آخری تاریخ ۳۱؍اکتوبرمقرر کی گئی تھی۔مضمون جمع کروانے کے بعدہر زبان کے تین علیحدہ علیحدہ ججز نے ہر مضمون کا جائزہ لیا اور بغورمطالعہ کرنے کے بعد نمبر لگائے۔
اوّل، دوم اور سوم درجہ کے لیے بالترتیب۳۰۰ ڈالرز، ۲۰۰ ڈالرز اور ۱۰۰ ڈالرز کا انعام مقرر کیا گیا تھا۔
تقریب پچاس سالہ احمدیہ گزٹ کا عشائیہ
گزٹ کی ۵۰سالہ جوبلی کی مرکزی تقریب وہ عشائیہ تھا جو ۲؍فروری ۲۰۲۳ء جمعرات کی شام ایوان طاہر میں منعقد کیا گیا۔ ایوانِ طاہر کو اِس تقریب کے لیے بڑی خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔ رضاکاروں اور مہمانوں کے بیٹھنے کے لیے پُر تکلف انتظام کیا گیا تھا۔ میزوں پر تمام احباب کے لیے گزٹ کا خوبصورت اور رنگین تعارفی کارڈ جس پر پچاس سالہ تاریخ کا خاکہ (timeline) شامل تھا، اور پچاس سالہ جوبلی کا دیدہ زیب پن رکھاہوا تھا۔ تمام احباب نے تقریب کے لیے اِس خصوصی پن کو اپنےسینہ کی زینت بنارکھا تھا۔ اِس عشائیہ میں تقریباً ۲۵۰؍مرد و خواتین سے زائد مہمان شامل ہوئے۔
گزٹ کی اس تاریخی تقریب کے لیے یہ بہت بڑا اعزاز تھا کہ حضرت مصلح موعود خلیفۃالمسیح الثانی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی دختر نیک اختر صاحبزادی محترمہ امۃ الجمیل بیگم مدظلہا اللہ العالی ازراہِ شفقت وعنایت اِس تقریب میں شامل ہوئیں۔
ٹھیک سات بجےمحترم ملک لال خاں صاحب امیر جماعت احمدیہ کینیڈا کی صدارت میں تقریب کاآغاز مکرم سرمدنوید صاحب مربی سلسلہ نے تلاوت قرآن پاک سےکیا۔آپ نےسورۃ القلم کی آیات ۱ تا ۹ کی تلاوت کی اور ان کا ترجمہ پیش کیا۔
اس کے بعد گزٹ کے مدیر اعلیٰ ونائب امیر جماعت احمدیہ کینیڈا مولانا ہادی علی چودھری صاحب نے تقریر کی۔ آپ نے اپنے خطاب میں احمدیہ گزٹ کی پچاس سالہ تاریخ کے اوراق پلٹنے شروع کیے اور مختصرمگر جامع نقشہ کھینچا۔ اورماضی کے مدیروں، معاونین، رضاکاروں وغیرہ کی خدمات کا اجمالی ذکربھی کیا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
ان کے بعد گزٹ کے ابتدائی دور کے نائب مدیر مکرم محمد زکریا ورک صاحب نے ابتدائی زمانہ کے حالات، مشکلات اور پرانے رضاکاروں کا ذکر کیا۔
پھر مکرم عبدالحمید وڑائچ صاحب صدر مجلس انصاراللہ کینیڈا نے تقریر کی۔اور احمدیہ گزٹ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور اِس تاریخی موقع پر آپ نےمجلس انصاراللہ کینیڈا کی جانب سے ایک یادگاری تختی (plaque) احمدیہ گزٹ کینیڈا کو پیش کی۔
محترمہ امۃ السلام ملک صاحبہ صدر لجنہ اماء اللہ کینیڈا نے اس تقریب کے لیے خصوصی پیغام ارسال کیا جسے مکرم حافظ مجیب احمد صاحب نائب مدیر گزٹ نے پڑھ کر سُنایا۔
تقریب تقسیم انعامات
مہمان مقررین کےبعدمکرم فرحان حمزہ قریشی صاحب ایڈیٹر احمدیہ گزٹ نے مضمون نگاری کےمقابلہ جات کے بارہ میں ایک مختصر رپورٹ اور انعام پانے والوں کےنام پڑھ کرسنائے۔انعامات حاصل کرنے والےمرد حضرات میں محترم امیرصاحب کینیڈا نے انعامات تقسیم کیے۔ جبکہ صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ کینیڈا نے خواتین میں انعامات تقسیم کیے۔
بعد ازاں مکرم شیخ عبدالودود صاحب نیشنل سیکرٹری اشاعت نے تقریر کی جس میں آپ نے احمدیہ گزٹ کینیڈا کی طباعت، اشاعت اور ترسیل کے علاوہ اس کی اہمیت اور افادیت پر وضاحت کی۔
مکرم امیر صاحب نے اختتامی تقریر میں احمدیہ گزٹ کینیڈا کو پچاس سال مکمل کرنے پر دلی مبارکبا ددی۔ اور حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات کی روشنی میں مستقبل میں گزٹ کو مطالعہ کے لیے فعال اور دلچسپ بنانےکی طرف توجہ دلوائی نیز اس کے روشن اور تابناک مستقبل کی امید کا اظہار کیا۔ فجزاہ اللہ احسن الجزاء
اظہارِ تشکر
آخر پر مکرم مبشراحمد خالد صاحب مینیجر احمدیہ گزٹ کینیڈا نے ان احباب کا شکریہ ادا کیا جنہوں نےدن رات ایک کرکے گزٹ کی جوبلی کی تقریب کو کامیاب بنانے میں انتھک محنت کی۔آپ نے خاص طور پر مکرم نصیراحمد خاں صاحب نیشنل سیکرٹری ضیافت، مکرم عزیز اللہ چودھری صاحب لوکل امیر پیس ولیج، مکرم احسان چیمہ صاحب اور ان کی ٹیمیں اور جامعہ احمدیہ کینیڈا کے طلبہ و دیگر تمام رضاکاروں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
اظہارِ تشکر کے بعد مکرم امیر صاحب کینیڈا نے اختتامی دعا کرائی اور یہ پچاس سالہ گزٹ کی تقریب بخیر وخوبی اختتام پذیر ہوئی۔فالحمدللہ۔ دعاکے بعد احباب وخواتین کی خدمت میں پرتکلف عشائیہ اور کشمیری چائے پیش کی گئی۔
گزٹ کی پچاس سالہ جوبلی کی مختصر روداد کے بعد ہم دل کی گہرائیوں سے صاحبزادی امۃ الجمیل سلمہا اللہ تعالیٰ کے شکر گزارہیں اور ممنون احسان بھی کہ موسم سرما کی خرابی کے باوجود اس تقریب میں تشریف لائیں۔
یہاں یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ اس تقریب کوکامیاب بنانے کے لیے مکرم مدیر اعلیٰ صاحب نے کئی ماہ پندرہ روزہ، ہفت روزہ اوربعض دفعہ سہ روزہ میٹنگ کیں نیز ادارہ کےتمام اراکین نےانتھک محنت کی جو قابلِ ستائش ہے۔
مکرم عثمان شاہد صاحب سابق ایڈیٹر احمدیہ گزٹ نے بڑی محنت سے تاریخی، معلوماتی اوردستاویزی ویڈیو تیار کی۔ موجودہ ادارہ کے۳۵ سال پرانے رکن مکرم ہدایت اللہ ہادی صاحب نے پچاس سال پرانے دوستوں کا کھوج لگایا اور ادارہ کے تمام اراکین کے نام، فون نمبر اور ای میل پتا جات تلاش کیے اور ان کی فہرست تیارکی تاکہ انہیں دعوت نامے ارسال کیے جاسکیں۔ امرواقع ہے کہ یہ انتہائی مشکل کام تھا۔ اسی طرح پرانی، تاریخی اور یادگاری تصاویر وغیرہ بھی ویڈیوکی تیاری کے لیے فراہم کیں۔
مکرم مبشراحمد خالد صاحب کی گراں قدر اور مسلسل کوششوں کے نتیجہ میں تمام انتظامات بخیر و خوبی انجام پذیر ہوئے۔ہر قدم پر گزٹ کے اراکین کی معاونت بھی کی اور اپنے تجربہ کی بناپر راہنمائی بھی کرتے رہے۔
اسی طرح خاص طورپرمکرم شفیق اللہ صاحب مدیر معاون نے اپنا کام کاج چھوڑکر، شدیدسردی اور برف باری کے باوجود اس تقریب کی تیاری میں وقت صرف کیا۔ اور ہال کی زیبائش وآرائش اور اس کے جملہ انتظامات کو کامیابی اور کامرانی سے ہمکنار کیا۔ فجزاہم اللہ احسن الجزاء
احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ ادارہ احمدیہ گزٹ کینیڈا کو سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکی ہدایات، ارشادات اور جملہ توقعات کوپوراکرنے کی توفیق عطافرمائے۔ اور جماعت احمدیہ کینیڈا کے ترجمان گزٹ کو تعلیمی، تربیتی اور تبلیغی امور میں بہترین خدمات بجالانے کی توفیق دے اور ادارہ کی مساعی میں برکت ڈالے اور اپنے فضلوں سے نوازے۔ آمین!
(رپورٹ: محمد اکرم یوسف ۔ نمائندہ خصوصی، احمدیہ گزٹ کینیڈا)