خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭… رمضان المبارک میں عمرے کی ادائیگی کےلیے اجازت نامے کے اجرا کا آغاز کر دیا گیاہے۔ سعودی وزارت حج کا کہنا ہے کہ عمرے کی ادائیگی کےلیے عازمین نسک ایپ کے ذریعے بکنگ کرائیں۔ ’اعتمرنًا‘ ایپ منسوخ کر دی گئی ہے اور اب تمام کارروائی ’نسک‘ ایپ کے ذریعے جاری ہے۔سیکرٹری حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ اس سال عمرہ سیزن کے آغاز سے رمضان کے آخر تک بیرون مملکت سے آنے والے عمرہ زائرین کی تعداد ۹۰؍لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔
٭… چین کے وزیر خارجہ شن گینگ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور چین ایک اٹل تنازع کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ امریکہ کہتا ہے کہ وہ بغیر کسی تنازع کے چین پر برتری حاصل کرنا چاہتا ہے لیکن امریکہ کی طرف سے یہ مقابلہ دوسرے کو روکنے اور دبانے کا ہے۔ اگر امریکہ نے غلط سمت میں سفر کرتے ہوئے بریک نہ لگائے بلکہ رفتار بڑھاتا رہا تو یقیناً تنازع اور تصادم ہوگا۔انہوں نے چین اور روس کی دوستی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ بیجنگ اور ماسکو کے تعلقات عالمی خارجہ تعلقات کےلیے مثال ہیں۔ دنیا جتنی زیادہ عدم استحکام سے دوچار ہے، چین اور روس کےلیے اتنا ہی ضروری ہے کہ وہ اپنے تعلقات میں پیشرفت کریں۔یوکرین جنگ ایک غیر مرئی ہاتھ کے اشاروں پر ہے، جس میں یوکرین کے بحران کو جغرافیائی اور سیاسی ایجنڈوں کو آگے بڑھانے کےلیے استعمال کیا جا رہا ہے اور تنازع کو ہوا دی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تائیوان کا معاملہ امریکہ اور چین کے تعلقات کی سیاسی بنیاد کا لازمی جزو ہے اور یہ پہلی سرخ لکیر ہے جسے عبور نہیں کیا جانا چاہیے۔
٭… اقوام متحدہ کی سمٹ میں یمن کی صدارتی کونسل کے رکن عثمان مجالی کا کہنا تھا کہ یمن میں غیر معمولی صورت حال وسائل کی قلت نہیں بلکہ حوثی باغیوں کی طرف سے شروع کردہ جنگ ہے۔انہو ں نے ایران پر کڑی تنقید کرتے ہوئے حوثی باغیوں کی مدد کا الزام لگایا کہ وہ ہمارے ملک میں ’موت کے تحفے‘ بھیج رہا ہے۔اس کے بعد ایران کے نائب صدر منصوری کی تقریر شروع ہونے کے وقت یمنی وفد کانفرنس ہال سے باہر نکل گیا۔نائب صدر نے یمنی عہدیدار کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ غیر حقیقی، بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ بیان ہے۔ یمن کے پیارے لوگوں کےلیے میں امن اور بھائی چارے، ترقی اور بیرونی مداخلت اور جارحیت سے پیدا ہونے والے بحران سے نکلنے کی دعا کرتا ہوں۔عثمان مجالی نے اجلاس کے ایجنڈے سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی جو افسوسناک ہے۔
٭… اسرائیل کے آرمی چیف لیفٹیننٹ جنرل ہرزی حلاوی نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ عدالتی اصلاحات پر فوج میں اندرونی اختلافات ہوسکتے ہیں۔ آرمی چیف کا وزیراعظم نیتن یاہو اور وزیر دفاع یواف گیلنٹ سے ملاقات میں کہنا ہے کہ عدالتی اصلاحات پر شروع ہونے والے تنازع سے نوجوان اسرائیلی فوج میں لازمی ملازمت سے انکار کرسکتے ہیں۔ ریزرو فورس میں شامل افراد نے کہا ہے کہ وہ عدالتی اصلاحات کے خلاف احتجاج کے طور پر لازمی فوجی سروس کا حصہ نہیں بنیں گے۔ وزیر دفاع نے آرمی چیف سے یہ تحفظات سننے کے بعد وزیراعظم پر زور دیا کہ وہ اپوزیشن اور اتحادی جماعتوں کے ساتھ عدالتی اصلاحات کے معاملے پر مذاکرات کریں تاکہ احتجاجی مظاہرین کو سمجھنے پر آمادہ کیا جاسکے۔ واضح رہے کہ یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب اسرائیلی ایئرفورس کے ایک ایلیٹ یونٹ میں شامل ۴۰؍میں سے ۳۷؍پائلٹس نے اعلان کیا کہ وہ عدالتی اصلاحات کے خلاف احتجاج کے طور پر رواں ہفتے شیڈول مشقوں میں حصہ نہیں لیں گے۔
٭… روس ۶؍ممالک کےلیے ویزا مراحل میں آسانی کےلیے کام کر رہا ہے، ان میں بھارت، شام، انڈونیشیا، انگولا، ویتنام اور فلپائن شامل ہیں۔ روس ۱۱؍ممالک کے ساتھ ویزا فری انٹری کے معاہدوں پر بھی پیشرفت کر رہا ہے۔ ان ممالک میں سعودی عرب، بارباڈوس، ہیٹی، زیمبیا، کویت، ملائیشیا، میکسیکو اور ٹرینیڈاڈ شامل ہیں۔ واضح رہے کہ یوکرین میں ایک سال قبل جنگ چھڑنے کے بعد روس نے بھارت، چین اور افریقی ممالک سے رابطے بڑھائے ہیں۔
٭… سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ شدت پسند تنظیم کے رکن حیدر بن ناصر کا سر قلم کر دیا گیا۔ملزم حیدر بن ناصر آل تحیفہ کو ۲۰۱۷ء میں گرفتار کیا گیا تھا۔ اس پر دہشت گرد تنظیم سے وابستگی اور سیکیورٹی اہلکاروں کے قتل کے الزامات تھے۔ ملزم نے سیکیورٹی فورسز پر ہتھیاروں اور پیٹرول بموں سے حملوں کا اعتراف کیا۔ یاد رہے کہ ایک ہفتے کے دوران سعودی عرب میں تین ملزمان کے سر قلم کر دیے گئے۔ اس سے قبل مغربی شہر جدہ میں فائرنگ اور بچوں سے بدفعلی کے دو ملزمان کا سر قلم کیا گیا تھا۔
٭… بیلجیم میں وزارت قانون کی ڈیجیٹلائزیشن جاری ہے ۔ اب تمام کرمنل ریکارڈ آن لائن دیکھا جا سکے گا۔ اس سے قبل موجودہ فزیکل ریکارڈ دیکھنے کی یہ سہولت صرف وکلاکو مخصوص جگہوں پر حاصل تھی۔ڈیجیٹلائزیشن کے اس مرحلے میں اب تک پچاس ہزار سے زیادہ فائلیں دستیاب ہیں۔اب تمام مجرموں کی معلومات سمیت کرمنل ریکارڈ ’جسٹ کنسلٹ‘ ویب ایپلیکیشنپر وکلاکے علاوہ اجازت لےکر ان کیسز کے متاثرہ افراد یا ان کے رشتہ دار ۲۴؍گھنٹے میں کسی بھی وقت اور کسی بھی جگہ دیکھ سکیں گے۔
٭… لندن میں ہوم سیکرٹری سویلا بریورمین نےبرطانیہ میں غیر قانونی طریقے سے داخل ہونے والوں سے نمٹنے کےلیے بل پیش کیا ہے۔ سویلا بریورمین نے اس موقع پر کہا کہ چھوٹی کشتیوں پر برطانیہ پہنچنے والوں کو فوری طور پر دوسرے ملک بھیجا جائے گا۔ غیر قانونی افراد کو ۲۸؍روز تک بغیر ضمانت حراست میں رکھا جاسکے گا۔ جبکہ ۱۸؍برس سے کم اور طبی طور پر پرواز کےلیے نااہل افراد اپیل کرسکیں گے۔ چھوٹی کشتیوں کو روکنے کےلیے ۷۰۰؍افراد پر مشتمل نیا عملہ بھرتی کیا جائے گا۔ سمگلرز گینگز سے نمٹنے کےلیے این سی اے کی فنڈنگ ڈبل کی جائے گی۔ دوسری جانب لیبر لیڈر سر کیئر اسٹارمر نے منصوبہ ناقابل عمل قرار دے دیا۔
٭… ایران میں گذشتہ سال نومبر میں شروع ہونے والے زہریلی گیس کے حملوں کا سلسلہ ۳۱؍صوبوں میں سے کم از کم ۲۵؍تک پھیل گیا ہے۔ جس سے سینکڑوں طالبات متاثر ہوئی ہیں۔ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ سکول کی بچیوں پر زہریلی گیس کے حملے ناقابل معافی جرم ہے۔ اپنے ایک بیان میں آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ اس جرم کے مرتکب افراد کو سخت سزا دی جانی چاہیے۔حکام کو طالبات پر زہریلی گیس حملے کے معاملے کو سنجیدگی سے لینا چاہیے۔ یہ ایک ناقابل معافی جرم ہے، اس جرم کے مرتکب افراد کو سخت سزا دی جانی چاہیے۔ واضح رہے کہ ایران کے مختلف سکولوں میں ایک ہزار سے زیادہ طالبات کو زہریلی گیس کے حملوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
٭… افغانستان میں موسم سرما کی تعطیلات کے بعد جامعات کھل گئیں، تاہم طالبات پر اعلیٰ تعلیم کے حصول پر پابندی برقرار رکھی گئی ہے۔ طالبات کو اعلیٰ تعلیم تک رسائی نہ دینے کے طالبان کے اقدام کو عالمی سطح پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ واضح رہے کہ طالبان نے خواتین کی ملازمتوں اور لڑکیوں کے سیکنڈری سکولوں، جامعات اور محرم کے بغیر سفر پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔
٭… ایران کی عدلیہ کے سربراہ غلام حسین محسنی نے کہا ہے کہ اسلامی لباس کے ضابطے کی خلاف ورزی کرنے والی خواتین کو سزا دی جائے گی۔ حجاب اتارنا اسلامی جمہوریہ اور اس کی اقدار سے دشمنی ظاہر کرنے کے مترادف ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دشمن کے ساتھ تعاون کرنے والوں اور امن عامہ کو نقصان پہنچانے کا گناہ کرنے والوں سے نمٹنے کےلیے تمام دستیاب ذرائع استعمال کریں گے۔ یاد رہے کہ گذشتہ سال حجاب کے معاملے پر زیرحراست لڑکی مہسا امینی کی موت کےخلاف ایران میں بڑے پیمانے پر مظاہرے ہوئے تھے۔
٭… ایران نے بغیر حجاب گھر سے نکلنے والی خواتین کےلیے نئی سزاؤں اورجرمانوں کااعلان کیا ہے ۔ حجاب نہ کرنے والی خواتین کو گرفتار کے بجائے پہلے انہیں ٹیکسٹ میسج بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اگر وہ حجاب نہ کرنے پر اصرار کرتی ہیں تو ان پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ اگروہ جرمانہ بھی ادا نہیں کرتیں تو ان کا شناختی کارڈ ضبط کرلیا جائے گا اور جرمانے کی ادائیگی تک ان کے لیے حکومت کی تمام سماجی خدمات معطل رہیں گی یعنی وہ حکومت کے کسی بہبود کے پروگرام سے فائدہ نہیں اْٹھاسکیں گی۔اسی مانیٹرنگ سسٹم کے تحت حجاب نہ کرنے والی خواتین کو بار بار ایس ایم ایس بھی بھیجے جائیں گے۔
٭… امریکی ریاست اٹلانٹا میں اتوار کی شام درجنوں افراد نے پولیس کے تربیتی مرکز پر دھاوا بول دیا۔ مظاہرین نے تربیتی مرکز پر پتھراؤ کیا، پٹاخے پھوڑے، اینٹیں اور بوتل بم بھی پھینکے، پولیس نے درجنوں ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔ اٹلانٹا پولیس چیف ڈیرن شیئربام نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یہ احتجاج نہیں مجرمانہ سرگرمی تھی۔ پولیس افسران نے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے آنے تک کوئی کارروائی نہیں کی۔بعد ازاں ۳۵؍افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ حملہ آوروں کا سراغ لگا کر مزید گرفتاریاں بھی کی جائیں گی۔پولیس اور ایف بی آئی دونوں نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
٭… چین نے سری لنکا کے قرضے ری شیڈول کرنے کےلیے رضامندی ظاہر کر دی۔ قرضوں کی ری اسٹرکچرنگ کے بعد سری لنکا کو آئی ایم ایف سے ۲.۹ ارب ڈالر کا پیکیج حاصل کرنے میں آسانی ہوگی۔آئی ایم ایف نے سری لنکا کےلیے مالی پیکیج کئی مہینوں سے التوا میں رکھا ہوا تھا۔ سری لنکا اپنے قرض فراہم کرنے والوں کو قرضوں کی ری شیڈولنگ کےلیے آمادہ کر رہا تھا، آئی ایم ایف نے پیکیج کی فراہمی اس سے مشروط کی تھی۔جنوری میں بھارت اور جاپان نے بھی سری لنکا کو ایسی ہی یقین دہانی کروائی تھی۔ یاد رہے کہ سری لنکا اس وقت چین، بھارت، جاپان اور نجی بانڈ ہولڈرز کا چالیس ارب ڈالر کا مقروض ہے۔
٭… بنگلہ دیش کے دار الحکومت ڈھاکہ میں ایک سات منزلہ عمارت میں زوردار دھماکے سے ۱۵؍افراد ہلاک جبکہ ایک سو سے زائد زخمی ہوگئے۔بنگلہ دیش کی خصوصی فورس ریپڈ ایکشن بٹالین کے بم ڈسپوزل یونٹ نے جائے وقوعہ پر ریسکیو آپریشنز کی قیادت کی۔متعدد افراد عمارت کے تہ خانے میں پھنس گئے جبکہ زخمیوں کو ڈھاکہ میڈیکل کالج اسپتال لے جایا گیا۔ حکام کے مطابق دھماکے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔