برازیل کے شہر Rio de Janeiro میں حضرت عیسٰیؑ کے مجسمہ پر ایک پروگرام کا انعقاد
Rio de Janeiroبرازیل کا دوسرا بڑا شہر ہے۔ جس میں دنیا کے 7 عجائبات میں سے ایک عجوبہ پایا جاتا ہے۔ یہ عجوبہ حضرت عیسیٰ ؑکا مجسمہ ہے جو کہ سطح زمین سے 700میٹر سے زیادہ بلند ہے۔ اس مجسمہ کے اونچائی 30 میٹر ہے۔
Rio de Janeiro شہر میں جنوری کے تیسرے ہفتہ کو مذہبی آزادی رائے کے حوالے سے کونسل کی طرف سے مختلف پروگرام منعقد کیے گئے۔ اس ہفتہ کی مناسبت سے ایک پروگرام حضرت عیسیٰ ؑکے مجسمہ پر بھی منعقد کیا گیا۔ اس پروگرام میں شہر کے تمام مذاہب کے نمائندگان کو مدعو کیا گیا۔ چنانچہ کونسل کی طرف سے اسلام احمدیت کی نمائندگی میں خاکسار کو بھی اس میں شامل ہونے کی دعوت دی گئی۔
یہ پروگرام رات کے وقت تھا جس وقت یہ عجوبہ زائرین کےلیے بند کر دیا جاتا ہے۔ تمام مہمانوں کو کونسل میں جمع ہونے کی ہدایت کی گئی تھی۔ جہاں سے تمام مہمانوں کو vans میں بٹھا کر مجسمہ تک پہنچایا گیا۔ عام حالات میں نارمل گاڑی کو اوپر تک جانے کی اجازت نہیں ہے بلکہ وہاں کی مخصوص گاڑیاں آپ کو اوپر پہنچاتی ہیں جن کی علیحدہ ٹکٹ ہے۔ مگر مہمانوں کی vans کو اوپر تک پہنچایا گیا۔ نیز اس وقت مجسمہ کو اس خاص تقریب کے حوالے سے سرخ رنگ کی بتیوں سے سجا یا گیا تھا۔
اس تقریب میں تمام مذہبی لیڈر ان کو کچھ دیر اظہار خیال کرنے کا موقع دیا گیا۔ نیز کہا گیا کہ اپنے اپنے مذہب کی امن کے بارے میں تعلیمات مختصراً بیان کریں۔ چنانچہ خاکسار کو بھی اسلامی تعلیمات بیان کرنے کا موقع دیا گیا۔ لہذا خاکسار نے اس حوالہ سے اسلام کی پُر امن تعلیمات کے بارے میں کچھ روشنی ڈالی۔نیز حضرت نبی کریم ﷺ کی زندگی کے چند واقعات بیان کیے۔ فتح مکہ کا واقعہ بیان کرتے ہوئے بتایا کہ کس طرح امن اور صلح کی خاطر نبی کریمﷺ نے اپنے جانی دشمنوں کو نہ صرف بخش دیا بلکہ انہیں پناہ بھی دی۔ ان واقعات کو بہت پسند کیا گیا۔
یہ پروگرام اللہ تعالیٰ کے فضل سے بہت کامیاب رہا۔ احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ اس ملک میں بھی اسلام احمدیت کا پیغام پھیلائے اور بے شمار نیک فطرت روحیں حلقہ بگوش اسلام ہونے والی ہوں۔ آمین
(رپورٹ:حافظ احتشام احمد مومن۔ نمائندہ الفضل انٹر نیشنل)