خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭… سعودی عرب اور ایران کے مابین سفارتی تعلقات کی بحالی کے لیے بیجنگ میں اہم معاہدہ کروانے سے چین کی عالمی سیاست پر گرفت مزید مضبوط ہوگئی ۔ سعودی عرب اور ایران نے اس بات کا اعلان چین کے ساتھ مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے کیا۔سعودی عرب اور ایران اگلے دو ماہ کے دوران اپنے ملکوں میں سفارتخانے اور قونصل خانے دوبارہ کھولیں گے۔دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی ملاقات میں سفیروں کی تعیناتی اور تعلقات کو ازسرنو مضبوط کرنے کے متعلق بات کی جائے گی۔ سعودی عرب اور ایران نے ۲۰۰۱ء کا ایک سیکیورٹی تعاون معاہدہ اور ۱۹۹۸ء میں معیشت، تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، سائنس، ثقافت، کھیل اور نوجوانوں کے حوالے سے کیے گئے معاہدے بھی بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ چین، سعودی عرب اور ایران نے ۲۰۲۱ء اور ۲۰۲۲ء میں اپنے یہاں مذاکرات کے انعقاد پر عمان اور عراق کا شکریہ ادا کیا۔ واضح رہے کہ ایران اور سعودی عرب کے سفارتی تعلقات کی بحالی کو مشرق وسطیٰ میں امریکی مفادات کےلیے بڑا دھچکا قرار دیا جارہا ہے۔ متحدہ عرب امارات نے کہا ہے کہ سعودیہ اور ایران کے سفارتی تعلقات کی بحالی خطے کے استحکام و خوشحالی کی جانب اہم قدم ہے۔
٭… شی جن پنگ تیسری مدت کے لیے چین کے صدر منتخب ہوگئے۔ کمیونسٹ پارٹی کے شی جن پنگ اگلے پانچ سال کے لیے صدر منتخب ہوئے ہیں۔شی جن پنگ سینٹرل ملٹری کمیشن کے چیئرمین بھی منتخب ہوئے ہیں۔
٭… چین کے صدر شی جن پنگ نے پارلیمنٹ کے سالانہ اجلاس میں لی کیانگ کو ملک کا وزیراعظم نامزد کر دیا ہے۔ لی کیانگ شنگھائی میں کمیونسٹ پارٹی کے سابق چیف رہ چکے ہیں، وہ موجودہ وزیراعظم لی کی کیانگ کی جگہ لیں گے۔ ۶۳؍سالہ لی کیانگ چینی صدر کے قریبی ساتھی ہیں، انہوں نے ۲۰۰۴ء تا ۲۰۰۷ء شی جن پنگ کے چیف آف سٹاف کے طور پر کام کیا ہے، اس زمانے میں شی مشرقی صوبے ژی جیانگ میں پارٹی کے صوبائی صدر تھے۔ یاد رہے کہ تکنیکی اعتبار سے پچھلے سال اکتوبر میں لی کیانگ کو وزیراعظم نامزد کیا گیا تھا کیونکہ اس وقت انہیں پولٹ بیورو کی اسٹینڈنگ کمیٹی میں دوسرا سب سے بڑا عہدہ دیا گیا تھا۔
٭… امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس اور محکمہ خارجہ نیدرلینڈز کی بین الاقوامی عدالت کے ساتھ تعاون کرنے کے حامی ہیں تاکہ روسی افواج کو جنگی جرائم پر ذمہ دار ٹھہرایا جاسکے لیکن محکمہ دفاع اس تعاون کی مخالفت کر رہا ہے۔ دوسری جانب محکمہ دفاع کا کہنا ہے کہ یہ اقدام مستقبل میں امریکی فوج کے خلاف کارروائی کے لیے مثال بن جائے گا۔نیشنل سیکیورٹی کونسل نے ۳؍فروری کو سینئر عہدیداران کا ایک اجلاس طلب کیا تھا جس میں اس مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کی گئی لیکن سیکرٹری دفاع لائیڈ آسٹن راضی نہیں ہوئے، صدر جو بائیڈن نے بھی ابھی حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے۔انہیں خدشہ ہے کہ اگر اس نے انٹرنیشنل کرمنل کورٹ میں روس کے جنگی جرائم کی معلومات پیش کیں تو بعد ازاں یہی قانون ان امریکی فوجیوں پر لاگو ہوسکتا ہے جو غیر ملکی جنگیں لڑ رہے ہیں۔
٭… آسکر ایوارڈز کی تقریب میں یوکرین کے صدر ولودومیر زیلینسکی کو آن لائن تقریر کرنے کی اجازت کی درخواست کو مسترد کر دیاگیا۔ ۹۵ویں آسکر ایوارڈز کی تقریب ۱۲؍مارچ کو امریکی شہر لاس اینجلس میں ہونی تھی۔یاد رہے کہ یوکرینی صدر ولودومیر زیلینسکی کئی ایوارڈز تقریبات میں روس اور یوکرین کی جنگ پر گفتگو کرچکے ہیں۔
٭… جنوبی کوریا کی حکومت نے ہفتے کے دوران کام کرنے کے دورانیے کو ۵۲؍سے بڑھا کر ۶۹؍گھنٹے کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔جنوبی کوریا کے وزیر محنت لی جنگ نے جمعرات کو کہا تھا کہ ہفتہ وار کام کے اوقات کو ۵۲؍سے بڑھا کر ۶۹؍گھنٹے کرنے سے ملازمت کرنے والی ماؤں کو درحقیقت مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا تھا کہ اس سے ملازمت کرنے والی ماؤں کو مزید اختیارات ملیں گے اور انہیں بچوں کی پرورش میں مدد ملے گی۔دوسری جانب وزیر محنت کے بیان پر کئی لوگوں نے ان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس سے صرف خواتین کو نقصان پہنچے گا۔
٭… بحرین نے ہیومن رائٹس واچ کے نمائندوں کو ایک بین الاقوامی پارلیمانی کانفرنس میں شرکت کے لیے جاری کردہ ویزے منسوخ کر دیے۔ ۲۰۲۱ء کے بعد یہ پہلا موقع ہوتا کہ ہیومن رائٹس واچ (ایچ آر ڈبلیو) کے نمائندے خلیجی ملک آتے۔ایچ آر ڈبلیو کو بین الاقوامی پارلیمانی یونین میں مستقل مبصر کی حیثیت حاصل ہے اور اس کے افسران کو رواں برس کے آغاز میں ہی ویزے جاری کیے گئے تھے۔ انٹرنیشنل پارلیمنٹری یونین (آئی پی یو) کا کہنا ہے کہ ہماری معلومات کے مطابق بحرینی حکام نے ویزے منسوخ کیے ہیں۔ ہیومن رائٹس واچ کے علاوہ کسی وفد کے ویزے منسوخ نہیں کیے گئے۔ ان کے نمائندوں کو ۲۰۱۲ء سے بحرین میں داخل نہیں ہونے دیا جاتا۔
٭… ترک صدر رجب طیب اردوان نے پارلیمانی اور صدارتی انتخابات کی تاریخ کا اعلان کر تے ہوئے ٹی وی پر نشر کردہ تقریر میں کہا کہ ملک میں صدر اور ارکان پارلیمنٹ کے انتخاب کےلیے ووٹنگ ۱۴؍مئی کو ہوگی۔انہوں نے کہا کہ انتخابات مجوزہ تاریخ ۱۸؍جون سے پہلے اس لیے منعقد کروائے جا رہے ہیں کیونکہ ان دنوں میں یونیورسٹی امتحانات، موسم گرما کی تعطیلات اور حج پر روانگی کےلیے تیاری ہو رہی ہوگی۔ ان کی انتخابی مہم میں ہولناک زلزلے کے بعد بحالی پر توجہ دی جائے گی اور کسی قسم کی موسیقی استعمال نہیں ہوگی۔واضح رہے کہ سرکاری گزٹ میں شائع ہونے والے ایک حکم نامے کے مطابق زلزلہ متاثرین اپنے موجودہ رہائشی شہروں میں حق رائے دہی استعمال کرسکیں گے۔
٭… واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام اپنے سیاسی فیصلے خود کریں، امریکہ صرف پاکستانی جمہوریت اور آئینی نظام کی حمایت کرتا ہے۔ امریکہ پاکستان کو پُرامن، مستحکم اور خوشحال دیکھنا چاہتا ہے۔ پاکستان کو معاشی مسائل اور پاکستانی عوام کو ریکارڈ مہنگائی کا سامنا ہے، امریکا چاہتا ہے پاکستان کو مستحکم اور دیرپا معاشی راستے پر گامزن کیا جائے۔پاکستان اور بھارت کے درمیان امریکہ کی ثالثی سے متعلق سوال پر نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ مسائل کے حل میں امریکہ کے کردار سے متعلق فیصلہ دونوں ملکوں نے ہی کرنا ہے۔
٭… شاہی خاندان سے علیحدگی اختیار کرنے والے شہزادہ ہیری کے بچوں آرچی اور لیلیبیٹ کے ناموں کو شاہی خاندان کی آفیشل ویب سائٹ پر نئے رائل ٹائٹلز کے ساتھ شامل کرلیا گیا ہے۔ شاہی خاندان کی آفیشل ویب سائٹ پر بچوں کے نام کے ساتھ رائل ٹائٹلز کا اضافہ ہونے کے بعد انہیں ’پرنس آرچی آف سسیکس‘یعنی شہزادہ آرچی اور ’پرنسز لیلیبیٹ آف سسیکس‘ یعنی شہزادی لیلیبیٹ کے نام سے جانا جائے گا۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے شاہی خاندان کی آفیشل ویب سائٹ پر شہزادہ ہیری کے بچوں کے نام’ماسٹر آرچی ماؤنٹ بیٹن ونڈسر‘ اور ’مس لیلیبیٹ ماؤنٹ بیٹن ونڈسر‘ کے طور پر درج کیے گئے تھے۔
٭… یوکرین پر روس کی جانب سے جمعرات کی صبح ۸۱؍میزائل اور ۸؍ڈرون حملےکیے گئے ہیں۔روس نے دس ریجنز پر میزائل حملے کیے ہیں۔ یوکرینی فوج کا کہنا ہے کہ روس کے ۸۱؍میزائلوں میں سے۳۴؍میزائل مار گرائے گئے۔جبکہ ۸؍ڈرون حملوں کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔ لیوو ریجن میں روسی میزائل حملے میں چار افراد جبکہ دنیپرو ریجن میں ایک شخص ہلاک ہوا ہے۔ یوکرینی وزیرِ اعظم کی جانب سے تازہ روسی حملوں کی مذمت کی گئی ہے۔
٭… افغانستان کے شمالی شہر مزار شریف میں بم دھماکے سے ایک سیکیورٹی گارڈ ہلاک جبکہ تین بچوں سمیت پانچ افراد زخمی ہوگئے۔ شہر کے ثقافتی مرکز تابعاں فرہنگ میں ملکی میڈیا کے اعزاز میں تقریب جاری تھی کہ دھماکا ہوگیا۔دھماکے کے وقت بچوں کا ایک گروپ نغمہ گا رہا تھا۔خیال رہے کہ دو روز قبل بلخ کے گورنر داؤد مزمل دارالحکومت مزار شریف میں بم دھماکے سے جاں بحق ہوگئے تھے۔
٭… افریقی ملک ڈیموکریٹک ری پبلک آف کانگو میں عسکریت پسندوں کے حملے میں چالیس سے زائد افراد ہلاک ہوگئے۔ عسکریت پسندوں نے رات کے وقت مشرقی گاؤں موکونڈی پر حملہ کیا۔ حکام کے مطابق حملے میں ہلاک ہونے والوں میں خواتین، بچے اور بزرگ بھی شامل ہیں۔
٭… ۲۷؍فروری کو برطانیہ کے علاقے ایلنگ میں ایک مسجد سے نکلنے والے ۸۲؍سال کے معمر شخص پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگانے کا واقعہ پیش آیا تھا۔ جس سے مجروح کے گردن اور بازو پر زخم آئے تھے۔ حملے میں ملوث شخص بھی ویسٹ لندن اسلامک سینٹر سے ہی نکلا تھا۔ واقعےکی تفتیش جاری ہے، پولیس نے مشتبہ حملہ آور کی تصویر جاری کر دی ہے۔ پولیس نے واقعے کے بعد علاقے میں گشت بڑھا دیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ویسٹ لندن اسلامک سینٹر تفتیش میں پولیس کی مدد کر رہا ہے۔
٭… شمالی کوریا نے کم فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔ جنوبی کوریا کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے یلو سی (بحیرہ زرد) کی جانب بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا۔ یاد رہے کہ شمالی کوریا نے گذشتہ روز امریکہ اور جنوبی کوریا کے درمیان مشترکہ فوجی مشقوں کو بڑھتی ہوئی کشیدگی کے لیے ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔ اسی طرح امریکہ اور جنوبی کوریا اگلے ہفتے سے شروع ہونے والی ’’فریڈم شیلڈ‘‘ کے نام سے مشہور بڑے پیمانے پر فوجی مشقیں کریں گے۔
٭… مصری وزیراعظم مصطفیٰ مدبعولی نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ غیر ملکی درخواست گزاروں کو چار شرائط پر مصر کی شہریت دیں گے:وہ مصر میں تین لاکھ ڈالر کی جائیداد خریدیں، ساڑھے تین لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کریں، مصر کے کسی بینک اکاؤنٹ میں پانچ لاکھ ڈالر جمع کروائیں یا سرکاری خزانے کے غیر ملکی ریونیو میں ناقابل واپسی ڈھائی لاکھ ڈالر کی رقم جمع کروائیں۔ مصر کی طرف سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کےلیے یہ نئے اقدامات ہیں۔ واضح رہے کہ مصر میں اس وقت ڈالر کی شدید قلت ہے اور وہ بدترین مہنگائی سے نبرد آزما ہے۔ ۲۰۱۸ء میں پارلیمنٹ نے ایک قانون منظور کیا تھا جس کے تحت غیر ملکی افراد چار لاکھ ڈالر یا ۷۰؍لاکھ مصری پاؤنڈ جمع کروانے کے عوض مصر کی شہریت کےلیے اہل قرار دیے گئے۔ لیکن اب وزیراعظم نے شرط رکھی ہے کہ ڈیپازٹ صرف ڈالر میں ہونا چاہیے کیونکہ ملک میں ڈالر کا بحران جاری ہے۔
٭… برطانیہ کے مختلف شہروں سے ٹکرانے والا برفانی طوفان تھم گیا ہے تاہم سکاٹ لینڈ، مانچسٹر اور دیگر شہروں میں سردی بڑھ گئی۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے غیر ضروری سفر نہ کرنے کی ہدایات برقرار ہیں۔ علاوہ ازیں سٹیفورڈ میں پیر سے ہلکی برف باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ قبل ازیں شیفیلڈ میں ۱۹۷۰ء کے بعد سے مارچ میں سب سے زیادہ برف باری ریکارڈ کی گئی۔ شیفیلڈ میں ۳۰؍سینٹی میٹر تک برف باری ریکارڈ کی گئی۔
٭… انڈونیشیا اپنا دارالحکومت جکارتہ سے دو ہزار کلومیٹر دور ایک جزیرے میں منتقل کررہا ہے۔ جزیرے پر آباد ہونے والا یہ نیا شہر سرسبز و شاداب ہوگا اور اس میں ماحولیاتی تحفظ کو مرکزی اہمیت دی جائے گی۔ صدر ویدیدو نے ’نوسانتارا‘کے نام سے نیا شہر بسانے کا منصوبہ پیش کیا تھا۔ جاوانیز زبان میں یہ لفظ جزائر کے مجموعے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ ابتدائی اندازے کے مطابق اس شہر میں ۱۵؍ لاکھ سرکاری ملازم منتقل ہوں گے جن کی تعداد کا حتمی تعین ہو رہا ہے۔نئے دارالحکومت کی تعمیر کے لیے بنائی گئی اتھارٹی کے سربراہ بمبانگ سوسانتونو کے مطابق ملک کا نیا دارالحکومت ’فوریسٹ سٹی‘ہوگا جس کے ۶۵؍فی صد حصے پر درخت اگائے جائیں گے۔ نئےدارالحکومت کا افتتاح رواں برس ۱۷؍ اگست کو انڈونیشیا کے یومِ آزادی کے موقع پر متوقع ہے۔ تاہم کیپٹل اتھارٹی کا کہنا ہے کہ شہر کی تکمیل ۲۰۴۵ء تک ہوگی جب انڈونیشیا کی آزادی کو بھی ۱۰۰؍برس مکمل ہوجائیں گے۔تا ہم ماحولیاتی تحفظ کے لیے کام کرنے والے کارکنوں کا موقف ہے کہ بورنیو جزیرے میں بڑے پیمانے پر جنگلات کی کٹائی سے معدومی کے خطرے سے دوچار بندروں کی اورنگوٹان نسل اور مقامی کمیونٹیز متاثر ہوں گے۔