برازیل کے شہر Rio de Janeiro کے سنٹر میں بُک سٹال کا اہتمام
برازیل کے دوسرے سب سے بڑے شہر Rio de Janeiro میں جنوری کے تیسرے ہفتہ کو مذہبی آزادی رائے کے نام سے منایا گیا۔ اور اس لحاظ سے شہر میں مختلف تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ اس ہفتہ کے اختتام پر مورخہ ۲۱ جنوری ۲۰۲۳ء کو شہر کے سنٹر میں ایک میلہ کا اہتمام کیا گیا جس میں مذہبی جماعتوں کے لیے انتظامیہ کی طرف سے دس ٹینٹ لگائے گئے تاکہ وہ اپنی نمائش کرسکیں۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ کو بھی سٹال لگانے کے لیے ایک پورا ٹینٹ مختص کیا گیا۔ اس کے علاوہ دو بڑے سٹیج بنائے گئے تھے جہاں سے لوگوں نے عوام سے خطاب کیا۔ جماعت احمدیہ نے بھی بھر پور انداز سے اس پروگرام میں شرکت کی اور جماعتی کتب نیز قرآن مجید کی مختلف زبانوں میں تراجم نیز پمفلٹس وغیرہ کی نمائش کی۔ نیز اس موقع پر خاکسار کو اسلام کی نمائندگی میں دونوں سٹیجوں سے باری باری خطاب کرنے کا موقع بھی ملا۔ خاکسار نے اسلام کی پرامن تعلیمات کے بارے میں لوگوں کو بتایا۔ نیز سورۃ الفاتحہ کو ترنم سے پڑھ کر سنایا۔ جسے بہت سارے لوگوں نے پسند کیا اوراس سے محظوظ ہوئے۔
اس کے علاوہ بے شمار لوگوں نے ہمارے سٹال کا وزٹ بھی کیا۔ تقریباً ۳۰۰ سے زائد افراد نے سٹال میں آکر اپنا نام عربی میں لکھوانے کی خواہش کی۔ چنانچہ ان کا نام لکھ کر دیا نیز انہیں جماعتی پمفلٹ دیے اور جماعتی تعارف بھی کروایا۔ اس کے علاوہ کئی افراد نے جماعتی کتب خریدنے کا بھی اظہار کیا۔ مگر چونکہ انتظامیہ کی طرف سے کتب بیچنے کی اجازت نہیں تھی۔ اس لیے خاکسار جماعتی تعارف پر مبنی کتابچے اور دیگر چھوٹی تعارفی کتابیں لیکر گیا تھا جو اُن کو دیں۔ اس طرح تقریباً ۱۲۰۰ پمفلٹ اور ۶۰ کے قریب کتب لوگوں میں تقسیم کیں۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے صبح ۸ بجے سے شام ۸ بجے تک سٹال لگانے کی توفیق ملی۔ اور یہ دن بہت ہی کامیاب دن رہا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے میڈیا نے بھی کافی کوریج دی۔ 2 چینلز کو خاکسار نے انٹرویو دیا۔ اس کے علاوہ برازیل کے سب سے بڑے TV چینل پر بھی اس خبر کو نشر کیا گیا۔ جس میں سارے مذہبی لیڈران کو بھی دکھایا گیا۔
احباب جماعت سے دعا کی عاجزانہ درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ ہماری ادنیٰ مساعی میں بے شمار برکت ڈالے اور اللہ کرے کہ لوگ خدا تعالیٰ کے اس فرستادہ کو مان کر اسلام احمدیت کی آغوش میں آنے والے ہوں۔ آمین