بریڈ فورڈ، کینیڈا میں جلسہ یوم مصلح موعود
محض خداتعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ کینیڈا کی جماعت بریڈفورڈ ایسٹ کو مورخہ ۲۰؍فروری ۲۰۲۳ء کو بریڈ فورڈ کمیونٹی سنٹر میں جلسہ یوم مصلح موعود منعقد کرنے کی توفیق ملی۔
جلسہ کے آغاز سے قبل مغرب اور عشاء کی نمازیں ادا کی گئیں۔ جلسہ کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ محترم فائز احمد حلیم صاحب نے سورة الحشر کی آیات ۲۳ تا ۲۵خوش الحانی سے تلاوت کیں۔ متلو آیات کا انگریزی ترجمہ محترم احیاء الدین ناصر صاحب نے اور اردو ترجمہ محترم وسیم احمد صاحب نے پیش کیا۔ حضرت مصلح موعودؓ کے بارہ میں نظم ’’اے فضل عمر تیرے اوصاف کریمانہ‘‘ مکرم مبارک احمد صاحب نے خوش الحانی سے پیش کی۔ سامعین اس نظم سے خوب لطف اندوز ہوئے۔ اس نظم کا انگریزی ترجمہ محترم مبشر احمد تشنہ صاحب نے پیش کیا۔
محترم توصیف احمد صاحب نائب صدر جماعت احمدیہ بریدفورڈ ایسٹ نے اردو زبان میں پیشگوئی مصلح موعود کے الفاظ پیش کیے۔ پیشگوئی کے الفاظ کا انگریزی ترجمہ جو حضرت چودھری ظفراللہ خان صاحب نے کیا تھا، محترم توصیف احمد ریحان صاحب نے پیش کیا۔
جلسہ کی صدارتی تقریر محترم ہادی علی چودھری صاحب نائب امیر جماعت احمدیہ کینیڈا نے کی۔ آپ نے حضرت مصلح موعودؓ کے دور خلافت میں ہونے والی کامیابیوں پر روشنی ڈالی اور بیان کیا کہ کس طرح پیشگوئی مصلح موعود مکمل طورپر حضرت مصلح موعودؓ کی ذات میں پوری ہوئی۔
جلسہ کا اختتام دعا سے ہوا جس کے بعد کھانا پیش کیا گیا۔ محض خداتعالیٰ کے فضل و کرم سے اس جلسہ میں ۱۷۰؍ افراد شامل ہوئے جس میں ۹۰ اطفال، خدام اور انصار، ۷۰؍لجنہ ممبرات اور ناصرات اور ۱۰بچے شامل ہیں۔
اللہ تعالیٰ جماعت کے ممبران پر اس جلسہ کے دیرپا روحانی اثرات پیدا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: توصیف احمد ریحان۔ سیکرٹری اشاعت بریڈفورڈ ایسٹ، کینیڈا)