یومِ تبلیغ بعنوان Stop WW3۔ زیر اہتمام شعبہ تبلیغ مجلس انصار اللہ برطانیہ
مکرم حارث ملک صاحب ایڈیشنل قائد تبلیغ مجلس انصاراللہ یوکے تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے قیادت تبلیغ مجلس انصار اللہ برطانیہ کو مورخہ ۱۹؍فروری ۲۰۲۳ء بروز اتوار ملک بھر میں یومِ تبلیغ منانے کی توفیق ملی۔ پیارے امام حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات کی روشنی میں اس یوم تبلیغ کا عنوان Stop World War 3 مقرر کیا گیا جس میں تمام ریجنز نے بھرپور تیاری کے ساتھ بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ اپنے اپنے شہروں کے مقامی ٹاؤن سینٹرز میں تبلیغی سٹال لگائے جن پر امن کی اہمیت اور جنگ کے نقصانات کے بارے میں مختلف کتابچے اور لیف لیٹس رکھے گئے تھے۔ لوگوں کو متوجہ کرنے کے لیے مختلف انصار پوسٹرز اور بینرز لے کر بھی کھڑے رہے جبکہ بعض افراد نے مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے اسٹال پر موجود کارکنان سے گفتگو بھی کی۔
بعدازاں قیادت تبلیغ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ @UKMuslimsForPeace سے اسی دن شام چھ بجےWW3-World Crisis & Pathway to Peaceکے موضوع پر ایک ٹوئٹر سپیس کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں خصوصی طور پر مدعو کیے گئے مکرم عطاءالمومن زاہدصاحب مربی سلسلہ و استاذ جامعہ احمدیہ یوکے نے بہت ہی خوبصورت انداز اور پیرائے میں جماعت احمدیہ کے ماٹو ’محبت سب کے لیے نفرت کسی سے نہیں‘ کے تناظر میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام اورحضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات کی روشنی میں دنیا کے موجودہ کشیدہ حالات کو امن سے بدلنے کی اہمیت سے آگاہ کرتے ہوئے حضور انور کی سربراہی میں جماعت احمدیہ کی کاوشوں کو بھی بیان کیا۔ چند دیگر مقررین نے بھی قیام امن کی ضرورت پر اظہار خیال کیا۔ریجنز کے نمائندگان نے نہ صرف اپنی کاوشوں اور کارکنان کی کارگزاری کا جائزہ پیش کیا بلکہ اس مہم کے بارے میں مختلف لوگوں کے انتہائی مثبت تاثرات بھی بتائے۔
قائد تبلیغ مجلس انصار اللہ یوکےمکرم احمد نصیر الدین صاحب کی نگرانی میں قیادت تبلیغ نے اس پروگرام کو بھرپور طور پر کامیاب بنانے کے لیےچند ہفتے قبل ہی اپنی کوششوں کا آغاز کردیا تھا۔ مجالس کو مختلف پوسٹرز اور لیف لیٹس کی فراہمی یقینی بنائی گئی۔تمام انصار کو ریجنل ناظمین تبلیغ کے ذریعہ پروگرام کے دن اور وقت کی یاددہانی کروائی جاتی رہی۔ پرنٹ میڈیا، ریڈیو، ٹیلیویژن اور سوشل میڈیا پر اس مہم کو زیادہ سے زیادہ اُجاگر کرنے کے لیے ایڈیشنل ناظمین تبلیغ برائے میڈیا کے ساتھ میٹنگ میں باقاعدہ ایک لائحہ عمل طے کیا گیا۔اخبارات، ریڈیو اور ٹیلیویژن چینلز کو مہم سے قبل اور بعد میں حضور انور کےبعض ارشادات پرمبنی اس مہم کے بارے میں پریس ریلیز بھی جاری کی گئیں۔
صبح گیارہ بجے سے دوپہر ایک بجے تک تمام ریجنز نے اپنے شہروں کے سٹی سینٹرز میں مخصوص مقامات پر تبلیغی اسٹال لگائے جن پر ’محبت سب کے لیے نفرت کسی سے نہیں‘ کے خوبصورت بینرز نمایاں طور پر آویزاں کیے گئے تھے۔ انصار کے ساتھ ساتھ اُن کے بچوں نے بھی انتہائی جوش و خروش سے حصہ لیتے ہوئے لوگوں میں سینکڑوں لیف لیٹس تقسیم کیے۔ بعض انصارمعلومات حاصل کرنے کے خواہشمند افراد سے گفتگو کرنے اور اُنہیں حقیقی اسلام اور جماعت احمدیہ کی تعلیمات بتانے کے لیے اسٹال پر موجود رہے۔
ذیل میں ریجنز میں لگائےگئے اسٹالز اور شمولیت کرنے والے انصار کی مختصراً تفصیل پیش خدمت ہے۔
مقامی (اسلام آباد) ریجن
مقامی ریجن نے گلفورڈ ٹاؤن سینٹرمیں اسٹال لگایا۔ برطانیہ کے ٹی وی چینل یوکے ۴۴ نے اپنی خبروں میں مکرم میر انجم پرویز صاحب مربی سلسلہ، مکرم لقمان چودھری صاحب، مکرم ندیم احمد شیخ صاحب، مکرم داؤد احمد صاحب اور مکرم ناصر آرچرڈ صاحب کے حوالے سے جماعت احمدیہ کی امن کی کوششوں کا تذکرہ کرتے ہوئے انصار کی جانب سے لوگوں میں لیف لیٹس تقسیم کرتے ہوئے ایک ویڈیو بھی دکھائی۔
بیت الفتوح ریجن
بیت الفتوح ریجن میں ومبلڈن اسٹیشن لندن کے باہر اسٹال لگایاگیا اورکُل بائیس انصار نے حصہ لیتے ہوئے سینکڑوں لیف لیٹس تقسیم کیے۔
فضل ریجن
فضل ریجن نے فلہم براڈوے کے مقام پر اسٹال لگایاجبکہ چالیس انصار شامل ہوئے۔تمام انصار پوسٹرز کے ذریعہ بھی امن کا پیغام پہنچاتے رہے۔
ایسٹ ریجن
ایسٹ ریجن نے مشرقی لندن کے علاقوں سٹریٹفورڈ، نارتھ لندن اور جلنگھممیں ا سٹال لگائے۔ برطانیہ کے ٹی وی چینل یوکے ۴۴ نے اپنی خبروں میں تذکرہ کرتے ہوئےمکرم رانا عبدالودود خان صاحب، مکرم سعد سعود صاحب اور طاہر شفیق صاحب کے پیغامات بھی نشر کیے۔
مسرور ریجن
مسرور ریجن نے ایپسم ہائی سٹریٹ لندن میں سٹال لگایا جبکہ درجنوں انصار نےدعا کے ساتھ یومِ تبلیغ کا آغاز کیااور لیف لیٹس تقسیم کیے۔
ناصر ریجن
ناصر ریجن نے مغربی لندن کے علاقوں ایلنگ براڈوے، ہانسلو اورسلاؤ میں اسٹال لگائے۔ایک سٹال پر لندن میں بوسنیا ہرزوگوینا کی ایمبیسی کی فرسٹ سیکرٹری صاحبہ بھی تشریف لائیں اور مہم کے بارہ میں تبادلہ خیال کیا۔اُنہیں جماعت احمدیہ کا تعارف کرواتے ہوئے حقیقی اسلام کی تعلیمات سے آگاہ کیا گیانیز اُنہیں Life of Muhammad اور World Crisis & the Pathway to Peaceکی کتب اور دوسرا لٹریچر بھی پیش کیا۔
بشیر ریجن
بشیر ریجن نے کنگسٹن اپان تھیمز کی ہائی سٹریٹ پر اسٹال لگایا۔ تقریباً پچاس انصار اورآٹھ بچے شامل ہوئے اور حقیقی اسلام کا پیغام لوگوں تک پہنچایا۔
بیت الاحسان ریجن
اس ریجن میں سَٹن ہائی سٹریٹ کے مقام پرا سٹال لگاکر تیس انصار اور چار بچوں نے قیام امن کے لیے جماعت احمدیہ کی تعلیمات کو اُجاگر کیا۔
ساؤتھ ریجن
ساؤتھ ریجن نے جنوبی لندن کے علاقے بیکنہم ہائی سٹریٹ میں سٹال لگایا جبکہ کُل ۴۰؍ انصار شامل ہوئے اور سینکڑوں لیف لیٹس تقسیم کیے۔
نارتھ ایسٹ ریجن
نارتھ ایسٹ ریجن نے شمالی انگلینڈ کے شہروں ہڈرزفیلڈ، ہارٹلے پول، مڈلزبرو، سٹوکٹن اور ویک فیلڈ میں اسٹالز لگا کر دنیا کو امن کا پیغام دیا۔
نارتھ ویسٹ ریجن
نارتھ ویسٹ ریجن نے مانچسٹر میں سٹال لگایا اور لوگوں کو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی حقیقی اسلامی تعلیمات سے رُوشناس کروایا۔
ایسٹ مڈلینڈز ریجن
ایسٹ مڈلینڈز ریجن نے برٹن، لیسٹراور نوٹنگھم میں ایک ایک ا سٹال لگایا جبکہ کُل چالیس انصار نے اس کاوش میں حصہ لیا۔ لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے اس کو سراہتے ہوئے اپنے مثبت خیالات کا اظہار کیا۔
ویسٹ مڈلینڈز ریجن
ویسٹ مڈلینڈز ریجن کے چھیالیس انصار نے برمنگھم سٹی سنٹر میں اسٹال کے ذریعہ’محبت سب کے لیےنفرت کسی سے نہیں‘ کے پیغام کو اُجاگر کیا۔
ویلز اینڈ ساؤتھ ویسٹ ریجن
ویلز اینڈ ساؤتھ ویسٹ ریجن نے کارڈف ہائی سٹریٹ میں ا سٹال لگایا اور لوگوں کو جنگ کےبد اثرات سے آگاہ کیا۔
طاہر ریجن
طاہر ریجن نے مرکزی لندن کے علاقہ ایگزیبیشن سٹریٹ پراسٹال کے ذریعہ امام جماعت احمدیہ کا قیام امن کا پیغام لوگوں تک پہنچایا۔
نُور ریجن
نور ریجن نے جنوبی لندن کے علاقہ کلیپہم میں اجتماعی سٹال لگایا اور لیف لیٹس تقسیم کرنے میں چھیالیس انصار نے حصہ لیا۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس یومِ تبلیغ کےدن مجلس انصاراللہ یوکے نے اپنے ریجنز میں تبلیغی اسٹالزپر آنے والے افراد سے تبادلہ خیال کرکے، ہزاروں کی تعداد میں لیف لیٹس تقسیم کرکے اور میڈیا بشمول سوشل میڈیا کے ذریعہ نہ صرف برطانیہ بلکہ برطانیہ کے باہر بھی دنیا کے موجودہ حالات میں امن کی ضرورت اور اس کے قیام کی اہمیت کےحوالےسے اپنے پیارے امام حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات اور پیغام کو اُجاگر کرنے کی ادنیٰ کوششیں کی ہیں۔اللہ تعالیٰ ہماری ان کوششوں کو قبول فرمائے اور خلافت احمدیہ اور جماعت احمدیہ کے لیے اس مہم کے بہترین ثمرات سے نوازے۔آمین
قیادت تبلیغ مجلس انصار اللہ یوکے اس مہم میں شامل ہونے والے تمام کارکنان اور یومِ تبلیغ کو بھرپور طور پر کامیاب بنانے کے لیے کی جانے والی کاوشوں پر تمام منتظمین کا شکریہ ادا کرتی ہے اور دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ ان سب کو جزائے خیر عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: لطیف احمد شیخ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)