برازیل میں جماعت احمدیہ کے مرکز Petrópolis میں تقریب ظہرانہ
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۲۱؍جنوری بروز ہفتہ پیٹروپولس، برازیل میں جماعت احمدیہ کی مرکزی مسجد میں نئے سال کے حوالہ سے ایک ظہرانہ کی تقریب منعقد ہوئی جس میں شہر پیٹروپولس کی کونسل کے تمام کونسلرز اور میئر کی کیبنٹ کے تمام اراکین کو ایک دعوت نامہ ارسال کرکے مدعو کیا گیا تھا۔ اس کے بعد یاد دہانی بھی کروائی جاتی رہی چنانچہ اس پروگرام میں میئر کے خصوصی نمائندہ جناب Rafael Simão، میئر کی کیبنٹ کے چار اراکین، شہر کی کونسل کے خصوصی نمائندہ جناب Octavio Sampaioجو نائب صدر بھی ہیں، پانچ کونسلرز اور دوکونسلرز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ایک کونسلر جناب Hingo Hammes جو سابق صدر کونسل اور میئر بھی رہ چکے ہیں اور آئندہ الیکشن میں میئر کے لیے مضبوط امیدوار ہیں اسی طرح ایک صوبائی ممبر پارلیمنٹ Yuri Moura اور ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی ایک خصوصی نمائندہ خاتون نے بھی شرکت کی۔ اسی طرح ایک نومبائع پروفیسر Leonardo بھی پہلی مرتبہ اپنی فیملی کے ساتھ کسی جماعتی فنکشن میں شامل ہوئے۔
برازیل کے کسی بھی جماعتی پروگرام میں پہلی بار سرکردہ افراد اتنی زیادہ تعداد میں شامل ہوئے ہیں۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو عزیزم تکریم احمد ظفر نے کی اور پرتگیزی میں ترجمہ بھی پیش کیا جس کے بعدمکرم اعجاز احمد ظفر صاحب نے حضرت اقدس مسیح موعودؑ کا منظوم کلام مترنم آواز میں سنایا اور ترجمہ پیش کیا۔ مکرم ندیم احمد طاہر صاحب جنرل سیکرٹری نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض انجام دیتے ہوئے معزز مہمانوں کا تعارف کروایا۔ خاکسار (صدر جماعت و مبلغ انچارج برازیل) نے اپنی گزارشات میں جماعت احمدیہ کا مختصر تعارف کروایا اور حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی آمد کا بھی بتایا کہ جس مسیح موعود نے آنا تھا وہ آچکا ہے جو بانئ جماعت احمدیہ حضرت مرزا غلام احمد قادیانی علیہ السلام ہیں۔اس موقع پر حاضرین کو حضرت مسیح موعودؑ کی بڑے بینر پر آویزاں فوٹو بھی دکھائی گئی نیز انسانیت کی خدمت کے لیے جماعتی کاوشوں کا بھی ذکر کیا۔
پروگرام میں میئر اور کونسل کے نمائندگان نے بھی باری باری اپنے خیالات کا اظہار کیا اور جماعت کی رواداری اور شہر کے ضرورت مند لوگوں کے لیے جماعتی خدمات کی تعریف کی اور شکریہ ادا کیا نیز ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔
اس تعارفی تقریب کے بعد سب کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا جو مکرمہ انیلہ ظفر صاحبہ اور ان کی زیر نگرانی لجنہ اماء اللہ نے بڑی محنت سے یہاں مشن ہاؤس میں ہی تیار کیا تھا۔ سب نے کھانا بہت پسند کیا۔ کھانے کے دوران اور بعد میں بھی باہمی گفتگو کا سلسلہ جاری رہا اور سب اپنے اپنے رنگ میں مختلف نوعیت کے سوالات پوچھتے رہے جن کے جوابات دیے جاتے رہے۔
مہمانان کو مسجد کا بھی تفصیلی وزٹ کروایا گیا اور تفاصیل بتائی گئیں۔ انہوں نے لائبریری بھی دیکھی جہاں خاص طورپر مختلف زبانوں میں تراجم قرآن کریم دیکھ کر بہت متاثر ہوئے نیز دیگر کتب کا بھی تعارف کروایا گیا۔ اس موقع پر ہیومینٹی فرسٹ کے تحت پچاس خورونوش کے پیکٹ، بچوں کے کھلونے اور دیگر امدادی سامان بھی موجود تھا۔ انسانیت کے لیے اس خدمت پر سب بہت خوش ہوئے اور جماعت کا شکریہ ادا کیا۔ اکثر نے رجسٹر میں اپنے رابطہ نمبرز بھی درج کیے اور کچھ نے اپنے تاثرات بھی قلم بند کیے۔ ایک کونسلر جناب Marcelo Chitão نے خاکسار کے نام کونسل کی طرف سے ایک خصوصی سپاسنامہ بھجوایا جس میں جماعت احمدیہ کی خدمت انسانیت کے کاموں کی بہت عمدہ الفاظ میں تعریف کی اور شکریہ ادا کیا۔
اس تقریب کے بعد شہر کی کونسل کے آفیشل اجلاس میں ایک کونسلر جناب Mauro Peralta نے سب کی نمائندگی میں اس تقریب اور ظہرانہ کا بہت خوبصورت انداز میں ذکر کیا اور جماعت کا بڑے اچھے رنگ میں تعارف کروایا انہوں نے حیر ت انگیز طور پر اسلام کے پانچ ارکان کا ذکر کر کے اپنے مطابق ان کی کچھ تفصیل بھی بتائی اسی طرح ہیومینٹی فرسٹ کے ذریعہ جو انسانیت کی خدمت کے کام ہو رہے ہیں ان کا بھی ذکر کیا۔
اس پروگرام کی تیاری میں مکرم ندیم احمد طاہر صاحب، مکرم اعجاز احمد ظفر صاحب اور عزیزم تکریم احمد ظفر نے بہت محنت سے کام کیا ہے اللہ تعالیٰ انہیں جزائے خیر عطا کرے اور ہمیشہ جماعت اور خلافت احمدیہ سے جوڑے رکھے۔قارئین الفضل سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ ہماری کوششوں میں برکت ڈالے جماعت کے تعارف میں وسعت پیدا ہو اور اس قوم کے دل بھی حق قبول کرنے کے لیے آمادہ ہوں۔ آمین
(رپورٹ: وسیم احمد ظفر۔ مبلغ انچاج جماعت احمدیہ برازیل)