خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭… انٹرنیشنل کریمنل کورٹ کی جانب سے روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنےپر روسی صدر کے ساتھی اور روسی سیکیورٹی کونسل کے ڈپٹی چیئرمین دمتری میڈویف نے اس حوالے سے بیان میں کہا کہ صدر ولادیمیر پیوٹن کو گرفتار کرنے کی کوئی بھی کوشش روس کے خلاف اعلان جنگ ہوگا۔یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے انٹرنیشنل کریمنل کورٹ (آئی سی سی) نے یوکرین میں مبینہ جنگی جرائم پر روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔
٭… بھارتی فضائیہ (آئی اے ایف) نے کہا ہے کہ یوکرین میں جنگ کی وجہ سے روس وعدے کے مطابق اہم دفاعی ہتھیار بروقت فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے۔ نئی دہلی کو پریشانی ہے کہ فروری ۲۰۲۲ء میں روس کی یوکرین میں مداخلت سے بھارت کے دفاعی ہتھیاروں پر بری طرح اثر پڑ سکتا ہے۔بھارتی فضائیہ نے اس سے قبل بیان میں روس سے ہتھیاروں کی فراہمی میں کمی کی تصدیق کی تھی۔واضح رہے کہ بھارت نے ۲۰۱۸ء میں روس سے ۵.۴ ارب ڈالر مالیت کے ایس۴۰۰؍ٹریومف ایئر ڈیفنس سسٹم یونٹس کی فراہمی کے لیے معاہدہ کیا تھا، جن میں سے تین سسٹم بھارت کو موصول ہوچکے ہیں اور مزید دو تاحال نہیں ملے۔
٭… شمالی کوریا نے جوہری صلاحیت کے حامل زیر سمندر حملہ کرنے والے نئے ڈرون کا تجربہ کیا ہے۔ نئے ڈرون کو سونامی کا نام دیا گیا ہے جس نے مشرقی ساحل کے قریب ایک غیر جوہری پےلوڈ کو دھماکے سے اڑایا۔ نیا ڈرون کسی بھی ساحل اور بندرگاہ پر تعینات کیا جا سکتا ہے، ڈرون سسٹم کا مقصد بڑی آپریشنل بندرگاہوں کو دھماکے سے ایک بڑی تابکار لہر پیدا کر کے تباہ کرنا ہے۔دوسری جانب جنوبی کوریا کی فوج کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کے دعووں کا تجزیہ کر رہے ہیں۔
٭… افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی نےالجزیرہ میں شائع شدہ ایک کالم میں ایک بار پھر دنیا سے کہا ہے کہ وہ ملک پر عائد پابندیاں اٹھائے،اور ساتھ ہی امریکہ سمیت تمام اقوام کے ساتھ مل کر کام کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔انہوں نے ملک میں بحران کا اعتراف کیا اور اس کے لیے امریکہ اور دیگر ممالک کی جانب سے عائد کردہ پابندیوں کو ذمہ دار ٹھہرایا۔تاہم انہوں نے افغانیوں کے حقوق کا احترام، خواتین کی تعلیم اور کام تک رسائی پر پابندیاں ہٹانا اور افغانستان سے باہر کام کرنے والی دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائی کرنے پر بات نہیں کی۔
٭… امریکی کانگریس میں بیان دیتے ہوئے وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ امریکہ افغانستان سے درجنوں امریکیوں کو واپس لانے کے لیے کام کر رہا ہے۔ افغانستان میں موجود ۴۴؍امریکیوں کی مدد کےلیے کام کر رہے ہیں۔ یہ امریکی افغانستان چھوڑنا چاہتے ہیں اور طالبان حکام کے زیر حراست ہیں۔ طالبان قبضے کے بعد سے ۹۷۵؍امریکی شہریوں کی افغانستان چھوڑنے میں مدد کی ہے۔ افغانستان میں خود کو امریکی کہنے والے ۱۷۵؍افراد ہیں جو ۲۰۲۱ء کے بعد افغانستان گئے ہیں۔
٭… اقوام متحدہ کے اقتصادی اور سماجی کمیشن برائے ایشیا و بحرالکاہل کی جانب سے جاری کردہ ’پائیدار ترقی کے اہداف کی پراگریس رپورٹ ۲۰۲۳ء‘کے مطابق ایشیائی ممالک پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے ۲۰۳۰ء کے ہدف سے کئی دہائیوں تک محروم رہیں گے کیونکہ خطے میں ان اہداف کے حصول کے لیے درکار برسوں کی کُل تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ خطے میں پائیدار ترقی کے تمام ۱۷؍اہداف کو حاصل کرنے کی اوسط مجموعی پیش رفت ۲۰۱۷ء میں ۴.۴ فیصد تھی جو انتہائی سست روی سے آگے بڑھ کر ۲۰۲۲ء میں محض ۱۴.۴ فیصد ہوسکی ہے۔
٭…رمضان المبارک کے حوالےسے لندن میں لیسٹر سکوائر اور پکاڈیلی کو ملانے والی سڑک کوونٹری سٹریٹ پر پہلی بار پر ۳۰؍ہزار لائٹس لگائی گئی ہیںجوپورے رمضان جگمگائیں گی ۔لائٹس کا افتتاح میئر لندن صادق خان نے کیا ۔
٭… برطانیہ کے شہر لندن اور برمنگھم میں دو مسلمان بزرگوں کو قتل کرنے کے شبے میں گرفتار شخص پر فرد جرم عائد کردی گئی۔ ۲۸؍سالہ ملزم نے مبینہ طور پر دو افراد پر سپرے کر کے آگ لگا دی تھی۔ واضح رہے کہ آگ لگانے کا پہلا واقعہ۲۷؍فروری کو ایلنگ میں جبکہ دوسرا واقعہ پیر کو ایجبسٹن میں مسجد کے باہر پیش آیا تھا۔
٭… برطانیہ نے پارلیمنٹ کے زیر استعمال ڈیوائسز میں سائبر سیکیورٹی کے پیش نظر چینی ایپ ٹک ٹاک پر پابندی لگادی ہے۔ یاد رہے کہ امریکہ اور یورپی ممالک بھی سرکاری ڈیوائسز میں ٹک ٹاک پر پابندی لگا چکے ہیں۔
٭… بحیرہ روم کو عبور کرکے اٹلی جانے کی کوشش کرنے والے تارکین وطن کی کشتیوں کو تیونس کے ساحل کے قریب حادثہ پیش آیا۔ چار کشتیوں کے ڈوبنے کے واقعے میں پانچ افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوگئی ہے۔ جبکہ کوسٹ گارڈز نے کشتیوں میں سوار ۸۴؍افراد کو بچا لیا جبکہ تینتیس افراد تاحال لاپتا ہیں۔
٭… پاکستان میں ایک بار پھر کورونا وائرس کے مریضوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، گذشتہ ۲۴؍گھنٹوں کے دوران ۱۵۰؍افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ یکم رمضان کو ۴؍ہزار ۱۹۴؍ٹیسٹ کیے گئے جس کے بعد مثبت کیسز کی شرح ۳.۵۸ فیصد ہوگئی۔ ایک شخص کی موت بھی ہوئی جبکہ ۲۲؍مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ واضح رہے کہ ملک میں کورونا پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ۳۰؍اپریل تک ماسک پہننے کا الرٹ جاری کر رکھا ہے۔