خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭…امریکہ کے صدر جوبائیڈن نے کہا کہ ایران کے ساتھ تنازع نہیں چاہتے۔ امریکہ اپنے شہریوں کے تحفظ کے لیے طاقت سے کام لینے کو تیار ہے۔امریکی صدر جوبائیڈن کے حکم پر شام میں فضائی حملے کیے گئے تھے، جس میں ایران نواز جنگجو مارے گئے تھے۔ امریکہ نے ایک ڈرون حملے میں امریکی شہری کی ہلاکت پر جوابی کارروائی کی تھی۔
٭… ایران کے وزیر خزانہ نے برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ روس ایران میں سرمایہ کاری کرنے والا سب سے بڑا ملک بن گیا۔ ایران کی وزارت معاشی اور مالیاتی امور کے مطابق رواں مالی سال ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم ۴.۲/ارب ڈالر ہوچکا ہے اور اس میں دو تہائی حصہ روس کا ہے۔وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ روس سے کان کنی کے شعبے سمیت صنعت اور ٹرانسپورٹ کے منصوبوں کی فنانسنگ پر بات چیت جاری ہے۔
٭…برطانیہ کے شاہ چارلس سوم کو بطور بادشاہ فرانس کا پہلا دورہ اتوار سے شروع کرنا تھا۔ تاہم فرانس میں حکومتی پالیسیوں کےخلاف جاری ہنگامہ آرائی کے سبب دورہ ملتوی کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ فرانس میں ان دنوں ریٹائرمنٹ کی عمر میں مجوزہ اضافہ کےخلاف احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔
٭…پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ وہ افغان کردار کو مغربی ممالک سے زیادہ جانتے ہیں، طالبان کا پیسہ منجمد کرکے اس وقت مغرب نے انہیں تنہا کر دیا ہے۔ برطانوی صحافی کے اس سوال پر کہ کیا وہ افغان طالبان سے کہیں گے کہ وہ بچیوں کو سکول جانے دیں عمران خان نے جواب دیا کہ افغان یہ پسند نہیں کرتے کہ انہیں بتایا جائے کہ کیا کرنا ہے۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ وہ کسی کی بھی بات کیوں سنیں گے؟ افغان لڑکیوں کی تعلیم کی حمایت میں آواز نہ اٹھانے پر عمران پر کڑی تنقید بھی کی گئی۔
٭…بھارتی پارلیمنٹ نے اپوزیشن جماعت کانگریس کے راہنما راہول گاندھی کو نااہل قرار دیتے ہوئے پارلیمنٹ کی رکنیت منسوخ کردی۔ پارلیمنٹ کے نوٹس میں کہا گیا کہ راہول گاندھی کو ایوان زیریں ’لوک سبھا‘ کی رکنیت سے نااہل کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ بھارت کی ایک عدالت نے گذشتہ روز راہول گاندھی کو ۲۰۱۹ء میں کی گئی اس متنازع تقریر کے کیس میں ہتک عزت کا مجرم قرار دیتے ہوئے دو سال قید کی سزا سنائی تھی۔ دوسری جانب کانگریس نے اس فیصلے کو سیاسی انتقام قرار دیا تھا اور حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی اور وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت کو اس کا ذمے دار قرار دیا۔
٭…بیروت جانے والی آئی ایم ایف وفد کے سربراہ ارنیسٹو رامیریز ریگو نے خبردار کیا ہے کہ بحرانوں میں گِھرا لبنان اس وقت بہت خطرناک موڑ پر ہے، بےعملی کی پالیسی جاری رہی تو نا ختم ہونے والا بحران ہوگا۔ آئی ایم ایف وفد نے لبنان میں اصلاحاتی عمل پر سست روی پر تنقید کی جس کی وجہ سے اربوں ڈالر کے قرضے رکے ہوئے ہیں۔ یاد رہے کہ لبنان اور آئی ایم ایف کے درمیان معیشت کو بچانے کیلئے پچھلے سال اپریل میں تین ارب ڈالر کا ایک مشروط معاہدہ ہوا تھا۔
٭… روس کا بیلاروس کے ساتھ جوہری ہتھیار رکھنے کا معاہدہ ہوگیا، جس کے تحت روس اپنے جوہری ہتھیار بیلاروس میں رکھے گا۔ روسی صدر پیوٹن نے کہا کہ بیلاروس کے ساتھ اس کی سرزمین پر ٹیکٹیکل جوہری ہتھیار رکھنے کا معاہدہ کیا ہے۔ روسی اقدام سے جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدوں کی خلاف ورزی نہیں ہوگی۔امریکہ نے بھی یورپی اتحادیوں کی سرزمین پر جوہری ہتھیار رکھے ہوئے ہیں۔
٭… شام میں ایرانی حمایت یافتہ مزاحمتی فورسز کے ٹھکانوں پر امریکی فضائی حملوں میں ۳؍شامی فوجیوں سمیت ۱۹؍جنگجو مارے گئے۔ ہلاک ہونے والے جنگجوؤں میں شامی باغی گروپ کے ۱۱؍ اور ۵؍ غیر شامی جنگجو شامل تھے۔ امریکہ نے شمال مشرقی شام میں جمعرات کو ہونے والے ڈرون حملے کے بعد جوابی کارروائی کی۔ امریکی حملوں کے بعد مزاحمتی فورسز نے شام میں امریکی بیس پر راکٹ حملے کیے۔ ترجمان وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ شام میں امریکی بیس پر راکٹ حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں۔ یاد رہے کہ شمال مشرقی شام میں ڈرون حملے میں ایک امریکی کنٹریکٹر ہلاک اور ۵؍ امریکی فوجی زخمی ہوئے تھے۔
٭… روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے انٹرنیشنل کرمنل کورٹ (آئی سی سی) کی جانب سے جاری ہونے والے وارنٹ گرفتاری کا خیرمقدم کرتے ہوئے برطانوی وزیر خارجہ جیمز کلیورلی نے کہا ہے کہ پیوٹن کو یوکرین میں مبینہ جنگی جرائم کا ذمے دار ٹھہرانے کے آئی سی سی کے اقدام کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ یوکرین میں جنگی جرائم کا مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانا ہوگا، یوکرین میں مبینہ مظالم کی تحقیقات جاری رہنی چاہیے۔
٭… جمعرات کی رات امریکی فوج نے شام میں متعدد فضائی حملے کرکے ۱۱؍جنگجو ہلاک کر دیے۔قبل ازیں شام میں ایک ڈرون حملے میں ایک امریکی کنٹریکٹر ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہوا تھا، حملے میں ۵؍فوجی بھی زخمی ہوئے تھے۔پینٹاگون نے دعویٰ کیا تھا کہ ڈرون حملہ ایرانی گروپ نے کیا ہے، جواب میں صدر جوبائیڈن نے ان گروپوں کے زیر استعمال ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کی ہدایت دی۔
٭… تیونس میں افریقی تارکینِ وطنوں کی کشتی ڈوبنے کے حادثے میں ۱۹؍ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ انسانی حقوق گروپ کے مطابق مذکورہ تارکینِ وطن بحیرۂ روم پار کر کے اٹلی جانے کی کوشش کر رہے تھے کہ ان کی کشتی ڈوب گئی۔ تیونس میں گذشتہ ۴؍دن کے دوران تارکینِ وطنوں کی ۵؍کشتیاں ڈوبی ہیں۔