متفرق شعراء
ہر شخص کو ہو رحمتِ رمضان مبارک
اللہ کا پیارا ہے یہ مہمان مبارک
ہر شخص کو ہو رحمتِ رمضان مبارک
اِس ماہ میں ہے ربّ کا یہ فرمان مبارک
خود دے گا جزا روزے کی یزدان مبارک
مامور کیے ہم پہ جو رحمت کے فرشتے
مومن پہ ہے مولا کا یہ احسان مبارک
آباد مساجد ہوئیں پھر اُس کے کرم سے
رمضان کا ہر ایک ہے فیضان مبارک
ہر شام مبارک ہے تو ہر سحر ہے پُرنور
ہوں برکتیں رمضان کی ہر آن مبارک
دن رات تلاوت کی ملے ہم کو بھی توفیق
اِس ماہ ملا تحفۂ رحمان مبارک
ایثار و محبت کے سُناتا ہے جو قصّے
رمضان کی آمد کی ہوئی شان مبارک
پھر رحمت و برکت کے یہ دن آئے ہیں بشریٰؔ
بخشش کا ہو تجھ کو بھی یہ سامان مبارک