تربيت سیمینار لجنہ اماء اللہ اور ناصرات الاحمدیہ آئرلینڈ
اللہ تعالیٰ کے فضل سے ۱۲؍ مارچ ۲۰۲۳ء بروز اتوار لجنہ اماء اللہ اور ناصرات ا لاحمدیہ آئرلینڈ کو عالمی وبا کے بعد پہلی دفعہ اکٹھےہوکرتربیت سیمینار مریم مسجد، گالوے میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اس سیمینار میں آئرلینڈ کے پانچ ریجنز سے ۶۲؍ لجنہ اور ۲۰؍ ناصرات نے شرکت کی۔
سیمینار کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا، جس کے بعد نظم پیش کی گئی۔بعد ازاں سیکریٹری صاحبہ تربیت نے پروگرام کا تعارف کرایا جس میں لجنہ کی شمولیت کو ممکن بنانے کے لیے ایک آن لائن انٹریکٹو ٹُول (Interactive Tool)بھی متعارف کرایا گیا اور تمام لجنہ و ناصرات کو کارروائی کے دوران اظہار رائے دیتے ہوئے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی گئی۔
پہلی ورکشاپ میں لجنہ اور ناصرات کو مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور ان میں مضمر خطرات کے بارے میں آگاہی دی گئی، نیز ان کے نامناسب استعمال سے منسلک بیماریوں، سماجی اور نفسیاتی بداثرات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ علاوه ازیں والدین کے کردار اور گھروں میں دوستانہ او رآرام دہ ماحول پیدا کرنے کی اہمیت اور سوشل میڈیا کے فائدہ مند اور مناسب استعمال کی بھی وضاحت کی گئی۔ سوشل میڈیا کے منفی اثرات سے اپنے آپ کو کیسے بچایا جائے؟ اس بارے میں حضور انور ایده الله تعالیٰ بنصرہ العزیز کی راہنمائی پہ مبنی ویڈیوکلپس بھی تمام حاضرین کو دکھائے گئے۔ فارغ وقت کو فائدہ مند انداز میں صرف کرنے کے لیے مختلف طریقےمتعارف کروائے گئے جن میں تمام عمر کے افراد کے لیے MTA پروگرامز پر مشتمل مختصر ویڈیوز بھی شامل کی گئیں۔
اس کے بعد ناصر ات کی طرف سے بھیجے گئے فن پاروں کی نمائش کی گئی۔
اگلی ورکشاپ ’’انمول موتی‘‘ میں حيا کے تصور اور اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ جدید معاشرے کے اس دور میں جہاں ہر جگہ پرده اور حیا پر سوالات اٹھائے جاتے ہیں ان کے جوابات قرآن و سنت کی روشنی میں دیے گئے۔ اور شاملین کو بتایا گیا کہ جب ہم قیمتی اشیا و زیورات کو غلافوں میں سنبھال کے رکھتے ہیں تو ہم اور ہماری حیا جو سب سے انمول ہیں، ان کو بغیر ڈھانپے معاشرے کے سامنے رکھ دینا ایک عبث خیال ہے۔ اس ورکشاپ میں پردہ کے مختلف پہلوؤں مثلاً غض بصر، مرد عورتوں کاہاتھ ملانا اور آن لائن پردہ کے علاوہ سکول، یونیورسٹی، جاب، دعوت اور شادی کے موقع پر پردہ اور حيا کو قائم رکھنے کے لیے حضور انور ایده الله تعالیٰ بنصرہ العزیزکی ہدایات پہ مبنی ویڈیوزپیش کی گئیں۔
آخری ورکشاپ’’اسلام میں شادی کا تصور‘‘میں شادی اور مناسب جوڑے کے انتخاب کے بارے میں اسلامی تعلیمات بیان کی گئیں۔ رشتہ کے انتخاب میں دین کو ترجیح دینے کی اہمیت اور مادہ پرست دنیا میں عائلی مسائل کے موجودہ اعدادوشمار بیان کیے گئے۔ اس کے بعد حضور انورایده الله تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایات کی روشنی میں کامیاب رشتہ ازدواج کے سنہری اصولوں کی طرف راہنمائی کی گئی۔
وقفہ اور نماز کے بعد تمام ممبرات کو سوال و جواب کے مرحلے کے لیے شادی شدہ لجنہ، طالب علم لجنہ اور ناصرات کے گروپس میں تقسیم کیا گیا۔ جہاں انہیں بھرپور اظہار رائے کا موقع ملا۔ ناصرات گروپ نے مختلف موضوعات پر مختصر انعامی کوئز میں بھی حصہ لیا اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کو دعائیہ خطوط بھی لکھے۔
دوسرے سیشن کے دوران ماؤں کو نیشنل صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ کے ساتھ رشتہ ناطہ کے مسائل اور نوجوان نسل کی تربیت سے متعلق مختلف امور پر بات کرنے کا موقع ملا۔ طالبات لجنہ کو بھی سکریٹریان تعلیم، امور طالبات اور تربیت کے ساتھ مجلس کا موقع ملا۔
شعبہ اشاعت کے زیر اہتمام صد سالہ لجنہ جوبلی سٹال سے بھی تمام لجنہ و ناصرات خوب لطف اندوز ہوئیں۔
آخری سیشن میں صدر صاحبہ لجنہ اماءاللہ آئرلینڈ نے تمام حاضرین سے خطاب کیا۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ کی رضا کو مقدم رکھنے کی اہمیت اور زندگی کے ہر پہلو میں دعا کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ سیمینار کا اختتام دعا سے ہوا۔
اس تربیت سیمینار میں شریک تمام لجنہ اور ناصرات نے پروگرام کے ہر سیشن سے بھرپور لطف اٹھایا اور مثبت رائے کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ اس پروگرام سے ان کے علم میں بہت اضافہ ہوا، طالبات لجنہ نے بتایا کہ اس سیشن نے ان کی بہت سی الجھنوں کو دور کیا ہے جن سےان کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ اس سال کے پروگرام میں لائیو انٹریکشن ٹول، حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ویڈیوز اور ریسرچ پر مبنی معلوماتی ویڈیوزکو خاص طور پر سب نے بہت پسند کیا۔ الحمدللہ
(رپورٹ: فائزہ شاہد۔ نیشنل سیکرٹری اشاعت لجنہ اماء اللہ آئرلینڈ)