جلسہ یو م مصلح موعود وان و پیس ویلیج امارات، کینیڈا
غلام احمد عابد صاحب سیکرٹری اشاعت، جماعت احمدیہ وان امارت، کینیڈا تحریر کرتے ہیں کہ وان اور پیس ولیج امارات نے جلسہ یوم مصلح موعود مشتر کہ طور پر مورخہ ۲۰؍فروری ۲۰۲۳ء کو بعدنماز مغرب و عشاء شام ساڑھے چھ بجے مسجد بیت الاسلام کمپلیکس میں منعقد کرنے کی توفیق پائی۔ مرد حضرات نے مسجد بیت الاسلام میں جبکہ خوا تین نے ایوان طاہر میں یہ جلسہ سنا۔
لال خاں ملک صاحب امیر جماعت کینیڈا کی زیر صدارت کارروائی کا آغاز ہوا۔ رضا الرحمان درد صاحب نے سورۃ النور کی آیت ۵۶ تا ۵۸ کی تلاوت نہایت خوش الحانی سے کی جبکہ ان آیات کے انگریزی اور اردو تراجم علی الترتیب حسیب پاشا صاحب اور عزیر احمد صاحب نے پڑھ کر سنائے۔ اس کے بعد مدثر احمد شمیم صاحب نے نظم ‘‘بڑھتی رہے خدا کی محبت خدا کرے’’ ترنم سے سنائی جبکہ عبدالحمید عبدالرحمٰن صاحب نے اس کا انگریزی ترجمہ بھی پڑھ کر سنایا۔
محترم امیر صاحب نے افتتاحی تقریرمیں پیشگوئی مصلح موعود کا پس منظر بیان کیا اور تلقین کی کہ ہمیں اپنی نسلوں کے سامنے اس پیشگوئی کا ذکر کرکےانہیں اس کی اہمیت سے آگاہ کرنا چاہیے۔
اس کے بعد مکرم لقمان ربانی صاحب نے پیشگوئی مصلح موعود کے الفاظ سنائے۔ جبکہ مکرم طاہر مظہر صاحب نے اس کا انگریزی ترجمہ پڑھ کر سنایا۔
بعد ازں مکرم صادق احمد صاحب مربی سلسلہ وان نے حضرت مصلح موعود کا بچپن کے عنوان پر تقریر کی اور اس حوالہ سے مختلف واقعات بیان کیے۔
مکرم مربی صاحب کی تقریر کے بعد Kahoot Quiz کا مقابلہ ہوا۔ وان جماعت کے طلحہ فاروق صاحب نے اس کا انتظام کیا تھا۔ اس مقابلہ میں اس جلسہ سے متعلق کُل گیارہ سوال پوچھے گئے اور پھر اوّل، دوم اور سوم آنے والوں کے ناموں کا اعلان کیا گیا۔
اس کے بعد مکرم سہیل مبارک شرما صاحب مربی سلسلہ و نائب امیر جماعت احمدیہ کینیڈا نے پیشگوئی مصلح موعود کا پس منظر اور اس کی اہمیت کے موضوع پر تقریر کی۔
اس تقریر کے بعد چند اعلانات ہوئے جس کے بعد دعا کروائی گئی۔ آخر میں تمام احباب کو کھانا پیش کیا گیا۔
اس پروگرام میں مجموعی طور پر ۲۷۵۰ افراد نے شرکت کی۔ اس جلسہ کی ساری کارروائی انگریزی زبان میں ہوئی۔ تاہم افادہٴ عام کے لیے اس کا اردو خلاصہ بھی پیش کیا جاتا رہا۔