عالمی خبریں

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے عمرہ زائرین کو مالی فراڈ سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی نئی ہدایات جاری کی ہیں۔ وزارتِ حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ بینکنگ ایپس ڈاؤن لوڈ کرنے میں احتیاط کریں، بینک کارڈ کی معلومات کسی کو نہ دیں، رقم نامعلوم ذرائع سے منتقل کرنے سے بچیں۔نامعلوم پیغامات اور لنکس کو نظر انداز کریں، دھوکے کا شبہ ہو یا فراڈ ہو جائے تو فوراً بینک اور مجاز حکام کو مطلع کریں۔ وزارت کا مزید کہنا ہے کہ سعودی عرب آنے والے ساٹھ ہزار ریال سے زیادہ رقم نہ لائیں، سونا، قیمتی پتھر، زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء بھی نہ لائیں۔

٭…سعودی عرب میں صدارت عامہ برائے امور مسجد الحرام و مسجد نبوی کے صدر شیخ ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس نے مسجد نبوی میں روضہ مبارک کے اطراف تانبے اور سونے سے بنے نئے حصار کا افتتاح کیا۔یہ نیا حصار خالص تانبے سے بنا ہے جو ۸۷؍میٹر لمبا اور ایک میٹر اونچا ہے۔یہ نیا حصار الگ الگ یونٹس اور ٹھوس تانبے کے حصوں پر مشتمل ہے۔

٭…اقوام متحدہ میںسلامتی کونسل کی صدارت ایک ماہ کےلیے روس کو مل گئی۔ جس پر یوکرینی وزیر خارجہ کولیبا نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ روس کا سلامتی کونسل کی صدارت کرنا عالمی برادری کے منہ پر طمانچہ ہے۔ سلامتی کونسل ارکان صدارت کا غلط استعمال کرنے کی کسی بھی روسی کوشش کو ناکام بنائیں۔ روس کا سلامتی کونسل میں ہونا غیر قانونی ہے۔واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی پندرہ رکنی سلامتی کونسل کی صدارت ہر ماہ کسی ایک رکن ملک کے پاس ہوتی ہے۔

٭…بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینکو نےقوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوکرین تنازع کو مزید پھیلنے سے روکنے اور تنازعات کے حل کےلیے ابھی بات چیت شروع کرنے کی ضرورت ہے۔ آئیے بغیر پیشگی شرط کے یوکرین میں جنگ بندی کا اعلان کریں۔ انہوں نے مغرب پر الزام لگایا کہ وہ بیلاروس میں گھس کر اسے تباہ کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔روسی جوہری ہتھیاروں کی بیلاروس واپسی بلیک میلنگ نہیں بلکہ بیلاروس کے تحفظ کا موقع ہے۔

٭…شام کے شہر حمص اور اس کے اطراف کے علاقوں میں اسرائیل کی بمباری کے نتیجے میں پانچ شامی فوجی زخمی ہو گئے۔ سیریئن آبزرویٹری کے مطابق اسرائیلی بمباری میں شامی حکومتی فورسز کے فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔اسرائیلی حملوں کے باعث ریسرچ سینٹر میں آگ لگ گئی۔یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں شام پر اسرائیل کی یہ تیسری بمباری ہے۔

٭…عالمی عدالت انصاف نے امریکی عدالتوں کی جانب سے بعض ایرانی کمپنیوں کے اثاثے منجمد کرنے کا فیصلہ غیر قانونی قرار دیتے ہوئے امریکہ کو ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے، تاہم کہا کہ رقم کا تعین بعد میں کیا جائے۔ ایران کے مرکزی بینک کے منجمد 1.75 ارب ڈالر سے زیادہ کے اثاثوں پر عالمی عدالت انصاف نے کہا کہ یہ معاملہ ان کے دائرہ اختیار میں نہیں۔

٭…بھارتی ریاست مغربی بنگال میں جاری فوجی مشقوں کے دوران رسی ٹوٹنے سے دو فوجی دریا میں گر کر ہلاک ہوگئے۔ فوجی اہلکار رسی سے لٹک کر دریا پار کرنے کی مشق کر رہے تھے کہ اس دوران رسی ٹوٹ گئی اور تین اہلکار سروبر جھیل میں گر گئے، یہ جھیل بیرک پور کے علاقے میں ہے۔ایک فوجی زیر علاج ہے۔

٭…امریکہ کی وسط مغربی اور جنوبی ریاستوں میں طوفان کے باعث کئی افراد ہلاک اور زخمی ہوگئےجبکہ کئی مکانات بھی تباہ ہوگئے۔ آرکنسا میں تین افراد ہلاک ہوئے جبکہ درجنوں گاڑیاں الٹ گئیں۔ طوفان سے مسی سپی اور الی نوائے میں حادثات کے باعث متعدد افراد زخمی ہوئے۔ کم از کم دو درجن افراد اسپتال میں داخل ہیں جبکہ وسیع پیمانے پر املاک کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

٭…کویت میں رہائش پذیر ۵ ہزار ۴۰۰؍سے زائد افراد نے دیگر ممالک میں پناہ کےلیے درخواستیں دیں۔کویت کے تھنک ٹینک عرب خلیج مرکز برائے تعلیم و تحقیق کی رپورٹ کے مطابق پناہ کی درخواست دینے والوں میں ایتھوپیا، اریٹریا، پاکستان، افغانستان اور لبنان کے شہری شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق ۶۲؍فیصد پناہ کی درخواستیں مسترد کر دی گئیں۔

٭…ایران میں حجاب کے بغیر دکان میں خریداری کرتی دو خواتین پر دہی پھینکنے والے شخص اور حجاب قانون کی خلاف ورزی پر دونوں خواتین کے وارنٹ بھی جاری کیے گئے ہیں۔ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا کہنا ہے کہ حجاب ایک قانونی ضرورت اور قانونی معاملہ ہے۔واضح رہے کہ ایران میں عوامی مقامات پر خواتین کا سر ڈھانپنا لازمی ہے۔

٭…عالمی ایئرلائنز کی تجارتی ایسوسی ایشن ،انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (آئی اے ٹی اے) نے بدھ کے روز معاشی بحران کے شکار پاکستان کو خبردار کیا کہ نقد ادائیگیوں میں مسلسل رکاوٹ کی وجہ سے غیر ملکی ایئرلائنز ان کے ملک میں اپنا آپریشن بند کر سکتی ہیں۔ پاکستان نے جنوری تک غیر ملکی ایئرلائنز کو تقریباً ۲۹۰؍ملین ڈالر کی ادائیگیاں کرنی تھیں۔نائیجیریا کے بعد پاکستان دوسرے نمبر پر ہے،جسے اتنی بڑی رقم ادا کرنی ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر حال ہی میں کم ہو کر تقریباً 4.6 بلین ڈالر کی کم ترین سطح پر آ گئے ہیں، جو چار ہفتوں کی درآمدات کو پورا کرنے کے لیے بمشکل کافی ہیں اور جس کی وجہ سے مرکزی بینک کو ملک سے باہر ڈالر بھیجنے میں مشکلات کا سامنا ہے ۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button