ہیومینٹی فرسٹ لیسوتھو کے تحت راشن کی تقسیم
ہیومینٹی فرسٹ لیسوتھو نے ۷؍مارچ ۲۰۲۳ءکو تھابا بوسیو میں فوڈ سیکیورٹی پروگرام کے تحت یك صد ضرورت مندخاندانوں میں راشن کے پارسل تقسیم کیے۔ فوڈ سیکیورٹی پروگرام ہیومینٹی فرسٹ سوئٹزرلینڈ کے تعاون سے پایہ تکمیل تک پہنچا۔
اس پروگرام میں لیسوتھو کے وزیر سوشل ڈیویلپمنٹ، یوتھ، جینڈر، كلچر اور سپورٹس (مکرم پیٹسو لیسوانا صاحب)مہمان خصوصی تھے۔ اس پروگرام كے انعقاد كے لیے پہلے محترم وزیر صاحب سے ان كے دفتر میں ملاقات كی گئی۔ اس پروگرام کے بارے میں ان کو آگاہ کیا اور ان کی اجازت سے اس پروگرام کا انعقاد كیا گیا۔ دوران ملاقات ان سے ہیومینٹی فرسٹ اور جماعت احمدیہ كا مختصر تعارف بھی كروایا گیا۔ انہوں نے ان نافع الناس سرگرمیوں كو جاری ركھنے اور ملك كے مختلف شعبہ جات میں تعاون كی بھی درخواست كی۔اور آگے مل کر کام کرنے کے بارے میں اپنے پرنسپل سیکرٹری سے مفاہمتی دستاویز تیار کرنے کے لیے بھی کہا۔
اس ملاقات كے بعد راشن كی خریداری کی گئی اور اسے تھابا بوسیو مسجد تك پہنچایا گیا جہاں اس كی تقسیم كرنا مقصود تھی۔ تقسیم كے لیے پانچ مختلف گاؤں كے چیفس كو ایك خط بھجوایا گیا جس میں ان سے ایسے خاندانوں كی نشاندہی كی اپیل كی گئی تھی جو کہ اس امدادکے مستحق ہیں۔ تمام چیفس نے اپنے اپنے گاؤں سے بیس،بیس ایسے خاندانوں كی لسٹیں تیار کیں اور ہیومنیٹی فرسٹ لیسوتھو كو بھجوا دیں۔
۷؍مارچ ۲۰۲۳ءكو صبح گیارہ بجےخاکسار (چیئرمین ہیومینٹی فرسٹ لیسوتھو)نے تمام معزز مہمانان کو مسجد بیت المہدی تھابا بوسیو کے احاطہ میں خوش آمدید کہا اور جماعت احمدیہ کا تعارف پیش کیا۔ اس کے بعد ہیومینٹی فرسٹ کا تعارف پیش کیا اور امام وقت حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے دنیا کو خدمت انسانیت کا جو پیغام دیا ہے وہ بتایا۔
ابتدائی خاندانوں كو محترم وزیر صاحب نے اپنے ہاتھ سے راشن كے پیكٹ دیے۔ اور اس طرح اس پروگرام کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ منسٹر آف سوشل ڈیویلپمنٹ نے اپنے خطاب میں جماعت احمدیہ اور ہیومینٹی فرسٹ کا تہ دل سے شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں بھی ایسے فلاحی کاموں کو جاری رکھنے کی اپیل کی۔
اس پروگرام كو لیسوتھو نیشنل ٹیلی ویژن كی ٹیم نے ریکارڈ كیا اور اسی روز شام کوآٹھ بجے كی خبروں میں نشر کیا گیا۔
اس پروگرام میں وزیر صاحب كے علاوہ علاقے كے پیرا ماؤنٹ چیف كے نمائندہ،علاقے كے ممبر آف پارلیمنٹ كے نمائندہ اور دیگر چیفس نے بھی شركت كی۔
اس پروگرام میں ہیومینٹی فرسٹ سوئٹزرلینڈ سےدو افراد پر مشتمل ایک وفد (مرزا صفدرعلی صاحب اور شرافت احمد پراچہ صاحب) بھی تشریف لائے تھے۔
ملک میں رجسٹریشن کے بعداب تک ہیومینٹی فرسٹ لیسوتھو کے تحت یہ تیسرا فوڈ سیکیورٹی پروگرام تھا۔
اس پروگرام میں کل ایک سو پارسل تقسیم کیے گئے۔ یہ راشن پانچ سے چھ افراد کی فیملی کے لیے پندرہ سے بیس ایام کے لیے کافی ہے۔
راشن پارسل وصول کرنے والوں کے چہروں پر جو خوشی اور مسرت تھی اسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ وصول کرنے والے لوگ بہت خوش تھے اور اپنے کلچر کے مطابق شکریہ کے گانے گا رہے تھے اور عطیہ کرنے والوں کا بہت شکریہ ادا کر رہے تھے۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہیومینٹی فرسٹ لیسوتھو کے کاموں میں برکت عطا فرمائے اور انسانیت کی بھرپور خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔آمین
٭…٭…٭