مالی کے ریجن کیتا کےآٹھویں ریجنل جلسہ سالانہ کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مالی کے ریجن کیتا کو مورخہ ۴ تا ۵؍ مارچ ۲۰۲۳ء اپنے آٹھویں ریجنل جلسہ سالانہ کے انعقاد کی توفیق ملی۔
ریجنل جلسہ کا آغاز مورخہ ۴؍مارچ کو بعد از نماز عشاء ہوا۔ تلاوت قرآن کریم اور قصیدہ کے بعد عمر معاذ صاحب کولیبالی نائب امیر جماعت احمدیہ مالی نے تقریر کی جس کے بعد مجلس سوال و جواب کا انعقاد کیا گیا۔ پہلے دن کے پروگرام کا اختتام دعا کے ساتھ رات بارہ بجے مقامی وقت پر ہوا۔
دوسرے دن کا آغاز باجماعت نماز تہجد کی ادائیگی کے ساتھ کیاگیا۔ بعد ازنماز فجر درس کا بھی اہتمام کیا گیا۔ دس بجے صبح دوسرے دن کی کارروائی کا باقاعدہ آغاز ظفر احمدبٹ صاحب امیر جماعت احمدیہ مالی کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم کے ساتھ ہواجس کے بعدقصیدہ پیش کیا گیا۔اس اجلاس میں عمر معاذ صاحب کولیبالی نائب امیر جماعت احمدیہ مالی اور محمد دومبیا صاحب لوکل مشنری نے تقاریر کیں۔ مکرم امیرصاحب مالی کی اختتامی تقریر سے قبل مہمانان نے اپنے تأثرات کا اظہار کیا۔ اختتامی دعا کے ساتھ اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس کامیاب ریجنل جلسہ سالانہ کا اختتام ہوا۔
حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی مہمانان سے متعلق ہدایات کو سامنے رکھتے ہوئے مہمان نوازی کا خاص خیال رکھا گیا۔ ریجنل جلسہ سالانہ میں اللہ تعالیٰ کے فضل سےریجن کیتا کی اکیالیس جماعتوں سے ۴۷۶؍احباب شامل ہوئے۔اس کے علاوہ جلسہ میں مقامی حکومتی شخصیات نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ جلسہ کے حوالے سے ایک رپورٹ مالی کے نیشنل ٹی وی نے اگلے روز نشر کی۔ جلسہ کی تمام کارروائی ریڈیو احمدیہ کیتا کے ذریعہ سے دونوں دن نشر کی گئی۔ فالحمد للہ علیٰ ذالک
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ شاملین جلسہ کو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی دعاؤں کا وارث بنائے اور جلسہ کے تمام مقاصد کو حاصل کرنے والا بنائے۔ آمین
٭…٭…٭