افریقہ (رپورٹس)

ماہِ فروری میں جامعۃ المبشرین گھانا کی سرگرمیاں

رپورٹ بابت معلوماتی سفر درجہ ممہدہ و اولیٰ

ماہ فروری میں درجہ ممہدہ کے انگلش اور درجہ اولیٰ کے عربی زبان کے کیمپ کے بعد انتظامیہ کی طرف سے ایک معلوماتی سفر تشکیل دیا گیا۔جس میں بتیس طلبہ اور سات اساتذہ کرام نے شرکت کی۔ ۱۸؍ فروری بروز ہفتہ صبح ۹ بجے فہیم احمد خادم صاحب پرنسپل جامعہ نے دعا کے ساتھ رخصت کیا۔ سب سے پہلے طلبہ کو کیپ کوسٹ قلعہ دکھایا گیا۔ وہا ں پر موجود انتظامیہ نے ایک گائیڈ مہیا کیا جس نے قلعہ کا تفصیلی دورہ کروایا اور طلبہ و اساتذہ کے سوالات کے جوابات بھی دیے۔ پھر قلعہ میں موجود نمائش دیکھی اور بعد ازاں ثقافتی چیزوں کی مارکیٹ کو دیکھنے کے بعد قلعہ کی سیر اختتام پذیر ہوئی۔ اس کے بعد طلبہ میں ریفریشمنٹ تقسیم کی گئی۔ بعد ازاں سمندر کے کنارے خوشگوار ماحول میں طلبہ کو دوپہر کا کھانا کھلایا گیا۔ اس کے بعد کیپ کوسٹ سے روانگی پر سالٹ پونڈ میں جماعت احمدیہ گھانا کا پہلا مشن ہاؤس، سابقہ جامعۃ المبشرین جو اس وقت مشنری ٹریننگ کالج کے نام سے مشہور دیکھا اور، اسی طرح احمدیہ مسجد سالٹ پو نڈ بھی دکھائی گئی۔ بعد ازاں ساڑھے پانچ بجے شام بخیریت واپس جامعہ میں پہنچ گئے۔

(رپورٹ : طاہر احمد ظفر استاذ جامعۃ المبشرین )

رپورٹ کراس کنٹری ریس

مورخہ ۲۳؍ فروری ۲۰۲۳ء کو جامعۃ المبشرین گھانا کے شعبہ کھیل کے تحت آٹھویں کراس کنٹری ریس کا کامیاب انعقاد ہوا۔ اس مقابلہ کانقطہ آغاز و اختتام جامعہ کا فٹ بال کا میدان تھا۔ اس مقابلہ کے لیے فیصلہ کیا گیا تھا کہ طلبہ احمدیہ مسجد مانڈو(Mando) تک جا کر واپس آئیں گے اور کل سترہ کلومیٹر کا فاصلہ زیادہ سےزیادہ تین گھنٹے میں طے کریں گے۔ بیس طلبہ کو مختلف ڈیوٹیوں پر متعین کیا گیا جبکہ ساٹھ طلبہ نے مقابلہ میں حصہ لیا۔ مقابلہ کا آغاز صبح سات بج کر تینتالیس منٹ پردعا سے ہوا جو طاہر احمد ظفرصاحب استاد جامعۃ المبشرین نے کروائی۔

مقابلہ میں حصہ لینے والے طلبہ کو مقابلہ کے دوران پانی، جوس اور ٹافیاں مہیا کی گئیں۔ اللہ کے فضل سے مقابلہ میں حصہ لینے والے تمام طلبہ نےباعافیت یہ فاصلہ طے کیا۔ انفرادی پوزیشنز درج ذیل رہیں۔

اول : عزیزم عبد اللہ کوبنا (گھانا)،دوم: عزیزم آدم اسماعیل (گھانا)، سوم: عزیزم بینچی عبدالوارث(گھانا)، چہارم: عزیزم ابوبکر ایمبکی(سینیگال)، پنجم: عزیزم ڈورلے فرنینڈس (ساؤ تومے)۔

مجموعی لحاظ سے اس مقابلہ میں شجاعت گروپ پہلے، دیانت گروپ دوسرے، امانت گروپ تیسرے جبکہ صداقت گروپ چوتھے نمبر پررہا۔ الحمدللہ مقابلہ بخیر و خوبی انجام پایا۔ اللہ تعالیٰ جملہ اساتذہ اور طلبہ کو جزائے خیر دے جنہوں نے اس کراس کنٹری ریس کے لیے بے حد محنت کی۔ آمین

(رپورٹ :رانا بلال احمد قمر استاذ جامعۃ المبشرین )

رپورٹ جلسہ یومِ مصلح موعود رضی اللہ عنہ

مورخہ ۲۰؍ فروری ۲۰۲۳ء کو صبح دس بجے جامعہ ہال میں جلسہ یوم مصلح موعود منعقد کیا گیا۔ جامعہ ہال کو موقع کی مناسبت سے بینرز سے سجایا گیا۔ اس جلسہ کے مہمان خصوصی Apam کے مربی سلسلہ سلیم احمد کیلسن صاحب تھے۔ خاکسارانچارج مجلس ارشاد نے جلسہ یوم مصلح موعود کا تعارف کروایا کہ یہ کیوں منعقد کیا جاتاہے۔جلسہ کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ مدرسۃ الحفظ گھانا کے طالب علم عزیزم حافظ عبد الوہاب ابوبکر نے تلاوت کی ۔ عزیزم اوسئی یوسف نورالدین صاحب (گھانا)نے حضرت نواب مبارکہ بیگم صاحبہ کا پاکیزہ منظوم کلام مترنم آواز میں سنایا جو پیشگوئی مصلح موعود کے متعلق تھا۔عزیزم انگبم لطیف (ٹوگو) نے پیشگوئی کے الفاظ پڑھ کر سنائے جبکہ عزیزم واتارا امن (آئیوری کوسٹ)نےپیشگوئی کاانگریزی ترجمہ سنایا اور پیشگوئی کا پس منظر بیان کیا۔عزیزم نورالدین عبدالرحمان کی قیادت میں گھانا کے طلبہ نےایک نظم چئی زبان میں کورس میں پڑھ کر سنائی۔ عزیزم ظفر اللہ خان (گھانا)نےعربی زبان میں حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ پر تقریر کی۔ عزیزم علی جالو اور ان کے ساتھیوں نے جو سینیگال سے ہیں فولانی زبان میں کورس میں نظم پڑھی۔ جامعہ کے مدرس مولوی مبشر احمد اقبال صاحب نے تقریربعنوان’’وہ علومِ ظاہری و باطنی سے پُر کیا جائے گا‘‘بزبان انگریزی کی۔ اس کے بعد مدرسۃ الحفظ کے طلبہ نے عزیزم ابراہیم محمد کی قیادت میں کورس میں نظم پڑھی۔ آخر پر مہمان خصوصی نے نصائح کیں۔سیکرٹری مجلس ارشاد عزیزم ظفر اللہ خان نے اظہار تشکر کیا۔اور مہمان خصوصی نے اختتامی دعا کروائی۔ سب طلبا اور اساتذہ کی خدمت میں ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔

(رپورٹ : رضوان کوثر استاذ جامعۃ المبشرین )

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button