وزیر اعظم کوسوو کے مشیر کے ساتھ احمدیہ مسلم جماعت کوسوو کے نمائندگان کی ملاقات
مورخہ ۹؍ فروری ۲۰۲۳ء بروز جمعرات احمدیہ مسلم جماعت کوسوو کے نمائندوں کی مسز الزبتھ گوئنگ، وزیر اعظم کی مشیر برائے کمیونٹی امور کے ساتھ ملاقات ہوئی۔ ملاقات وزیراعظم کی عمارت میں مسز گوئنگ کے دفتر میں ہوئی۔
میٹنگ کے دوران جماعت کے احباب نے مسز گوئنگ کو عالمی سطح پر اور اسی طرح کوسوو میں جماعت احمدیہ کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔ ملاقات میں ہفتہ وار اور ماہانہ مذہبی، ثقافتی اور تعلیمی سرگرمیوں کے بارے میں بھی تبادلہ خیال ہوا جو پرشتینا اور اس کی تین شاخوں پیجا اور میترویکا میں ہوتی ہیں۔اس کے علاوہ ہیومینٹی فرسٹ کے تحت ہونے والی عالمی اور خصوصاً کوسوو میں ہونے والی سرگرمیوں کے بارے میں معلومات کا اشتراک کیا گیا۔ اس کےعلاوہ یہ بھی بتا یا گیا کہ ہیو مینٹی فرسٹ دوسری لوکل تنظیموں کے ساتھ مل کر بھی کام کرتی ہے۔
مسز الزبتھ گوئنگ کو جماعت میں نظام خلافت اور اسی طرح خلیفہ وقت کی مختلف سرگرمیوں کے حوالہ سے بتایا گیا نیز برطانیہ میں نیشنل پیس سمپوزیم اور کوسوو میں دسویں جلسہ سالانہ کے انعقاد کا بھی بتایا گیا۔اس میٹنگ کے دوران جماعت کے ماٹو’’محبت سب کے لیے، نفرت کسی سے نہیں‘‘ کے حوالہ سے بھی اسلام احمدیت کی تعلیم پیش کی گئی۔
مسز الزبتھ گوئنگ نے بھی اس دوران کوسوو کے وزیر اعظم کے مشیر برائے غیر اکثریتی کمیونٹی کے امور کے طور پر گذشتہ کئی سالوں میں کوسوو میں اپنے تجربات اور کام کے حوالہ سے اپنی کاوشوں کا ذکر کیا اس کے علاوہ کوسوو میں مذہب کے قانون اور مذہبی آزادیوں اور بین النسلی مکالمے اور رواداری کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔ مسز گوئنگ نے کوسوو میں غیر اکثریتی اقلیتوں کے ارکان کے لیے تعلیم، تربیت اور روزگار سے متعلق مستقبل کے اہداف کا خاکہ بھی پیش کیا۔
میٹنگ کے اختتام پر مسز الزبتھ گوئنگ کو البانی زبان میں’’احمدیہ مسلم جماعت – ایک مختصر تعارف، اسلامی اصول کی فلاسفی، آنحضرتﷺ کی زندگی اور عالمی بحران اور امن کا راستہ‘‘ کتابیں بطور تحفہ پیش کی گئیں۔