اسلام احمدیت اور قرآنِ کریم کے متعلق چیک ریپبلک میں پہلی نمائش کا کامیاب انعقاد
محض خدا کے فضل سے مورخہ ۱۴؍جنوری ۲۰۲۳ء کو جماعت احمدیہ چیک ریپبلک کو پہلی دفعہ اسلام احمدیت اور قرآنِ کریم کے متعلق چیک ریپبلک کے شہر Žalhostice میں ایک نمائش لگانے کی توفیق ملی۔ الحمد للہ علیٰ ذٰلک
نمائش سےقبل شہر کےمیئر سے اجازت حاصل کی گئی۔ لیفلیٹس و سوشل میڈیا کے ذریعہ نمائش کی تشہیر کی گئی۔ شہر کے مختلف احباب و ادارہ جات کو مدعو کیا گیا۔
ہماری ایک ٹیم جہاں پر دعوت نامے تقسیم کررہی تھی وہاں ایک right پارٹی کا فرد بھی اپنے اشتہار letter boxes میں ڈال رہا تھا۔ اس شخص نے ہمارے لیف لیٹس نکال کر سڑک پر پھینکنا شروع کردیے۔ جب ہم نے اس سے پوچھا کہ ایسا کیوں کیا تو گالیاں دے کر کہنے لگا کہ ہمارے ملک سے نکل جاؤ۔ اس پر اس جگہ کے قریب کے بعض افراد نکلے جنہوں نے اس پورے ماجرے کو دیکھا اور ہماری حمایت میں اس شخص کی جواب طلبی کی اور اس کو وہاں سے بھگادیا۔ اسی طرح اس پروگرام کے حوالہ سے سوشل میڈیا وغیرہ پر بھی بعض نازیبا الفاظ جماعت کو موصول ہوئے۔
مورخہ ۱۴؍ جنوری بروز ہفتہ نمائش کاپروگرام شام چار سے چھے بجے مع عشائیہ رکھا گیا۔ سوا چار بجے اس نمائش کا آغاز تلاوتِ قرآن کریم مع انگریز ی وچیک ترجمہ سے ہوا۔تعارفی کلمات کے بعد ایک ویڈیو کے ذریعہ اسلام احمدیت کا تعارف نیز جماعت احمدیہ چیک ریپبلک کی سرگرمیوں کے متعلق شاملین کو سکرین پر آگاہ کیا گیا۔ اس کے بعد درج ذیل دو تقاریر ہوئیں۔
حضرت مسیح موعودؑ کی آمد اور احمدیت کی حقانیت از نداءالظفر صاحب اوراسلام احمدیت کی دلربا تعلیم از خاکسار (مبلغ سلسلہ و نیشنل صدر جماعت ) جس کا چیک ترجمہ بھی پیش کیا گیا۔ تقاریر کے بعد مہمانوں کو سوال کرنے کا موقع دیا گیا جس کے بعد اجتماعی دعا ہوئی۔ ایک سوال کے جواب میں سامعین کو اذان بھی سنائی گئی جو کہ جملہ حاضرین پر ایک گہرا اثر چھوڑ گئی۔
دعا کے بعد پروگرام کے مطابق گروپس کی شکل میں نمائش دکھائی گئی جس کے بعد شام کا کھانا ساڑھے پانچ بجے پیش کیا گیا۔ اس میں مہمانوں کو گروپس میں مزید گفتگو کا موقع ملا اور تفصیل سے ان کے سوالات کا جواب دیا گیا۔
نمائش کے لیے ۱۶؍ مختلف بینرز بہت محنت سے ڈیزائن کیےگئے۔ ان میں سے بعض موضوعات حسبِ ذیل ہیں:۔اللہ، اسلام، آنحضرت محمد ﷺ، قرآنِ کریم، جہاد، اسلام میں عورت کا مقام، اسلام اور سائنس، حضرت مسیح موعودؑ، خلفائے احمدیت، پانچ ارکانِ اسلام، اسلام اور امن۔
اسی طرح نمائش میں قرآن کریم کے مختلف تراجم کو دکھایا گیا نیز ایک calligraphy stand بھی تھا جہاں پر مہمانوں کے اسماخوش خط ایک کارڈ پر رقم کرکے مہمانوں کو بطور ہدیہ پیش کیے گئے۔
ہر مہمان کو پروگرام کے اختتام پر جماعت کی طرف سے تحائف بھی دیے گئے۔
اس دن کے اختتام پر مہمانوں نے اپنے تاثرات ہماری گیسٹ بُک میں بھی تحریر کیے۔ تاثرات کا اردو ترجمہ ذیل میں پیشِ خدمت ہے:
٭…یونیورسٹی کے ایک نوجوان طالبِ علم لکھتے ہیں کہ ’’ہم طلبہ آپ کے شکر گزار ہیں کہ آپ کے اس پروگرام کے ذریعہ آپ نے ہمیں خدا کے قریب کیا۔‘‘
٭…ایک صاحب نے تحریر کیا کہ ’’جملہ پروگرام ہمارے لیے بہت حیران کن اور نہایت دلچسپ تھا۔ اس شہر میں کسی کے وہم و گمان میں نہ تھا کہ یہاں پر اس طرح کی زبردست نمائش منعقد ہوگی۔ ‘‘
٭…ایک خاتون لکھتی ہیں کہ ’’مجھے آج بہت اچھی اور نئی معلومات ملیں۔ جو میرے ذہن میں اس سے قبل تعصبات تھے وہ اس نمائش سے دور ہوئے ہیں اور اب میرے سامنے اسلام کی ایک بالکل نئی اور خوبصورت تصویر ہے۔‘‘
یہ بھی پہلی دفعہ ہے کہ جماعت کا تعارف پریس کے ذریعہ سےہوا ہے۔ پریس نے اگلے ہی روز ہماری تقریباًپونے دو منٹ کی ویڈیو، انٹریٹ پرتین صفحات کی خبر، اسی طرح نمائش کی ۴۱؍ تصاویر آن لائن شائع کیں۔ خبر میں انہوں نے یکم جنوری کے وقارِ عمل کا بھی مثبت ذکر کیا نیز خبر میں مہمانوں اور میئر کے اچھے تاثرات شامل کیے۔
اس دن کی کل حاضری ۳۸؍ تھی جن میں سے ۱۹؍ غیر از جماعت مہمان اس نمائش میں شامل ہوئے۔ الحمد للہ
سوشل میڈیا اور پریس کے ذریعہ جن لوگوں تک اسلام احمدیت کا پیغام پہنچا وہ ہمارے محتاط اندازے کے مطابق چالیس ہزار سے زائد ہیں۔ فالحمدللہ علیٰ ذٰلک