نیشنل یوم وقار عمل، آئیوری کوسٹ
ماہ رمضان کی آمد کے پیش نظر جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کو مورخہ ۱۹؍مارچ ۲۰۲۳ء بروز اتوار ملکی سطح پر یوم وقار عمل منانے کی توفیق ملی۔اس پروگرام کے تحت مقررہ دن ملک کے تمام ریجنز کی اکثر جماعتوں میں جماعتی جگہوں یا مقامی گزر گاہوں پر وقارعمل کا اہتمام کیا گیا۔کئی جگہوں پر اس دن کا باقاعدہ آغاز باجماعت نماز تہجد سے کیا گیا جس کے بعد نماز فجر ادا کی گئی اور درس کا بھی اہتمام ہوا۔بعد ازاںوقارعمل کا آغاز کیا گیا۔
اس پروگرام کے تحت ملک کے ۱۹؍ریجنز کے تمام مبلغین کرام کی قیادت میں احباب کرام نے اس وقار عمل میں بھرپور حصہ لیا جس کے تحت جماعتی مساجد، نماز سنٹرز، مشن ہاؤسز، کتب خانے(لائبریری)، جماعتی زمین نیز بعض جگہوں پر مقامی گذر گاہوں پر موجود کوڑا کرکٹ ہٹانے اور وہاں اگی جھاڑیوں کو صاف کرنے کا کام بھی کیا گیا۔ موصولہ رپورٹس کے مطابق ۹۰؍سے زائد جماعتوں میں مختلف مقامات پر وقار عمل کا اہتمام کیا گیاجہاں فی وقار عمل دو گھنٹے سے زائد ٹائم دیا گیا جبکہ بعض جگہوں پر یہ وقار عمل چار گھنٹے سے بھی زائد وقت پر محیط تھا۔کئی مقامات پر غیر از جماعت مرد و خواتین نے بھی اس کار خیر میں حصہ لیا۔بعد از وقار عمل متعدد مقامات پر کلواجمیعاً کا بھی اہتمام تھا جس میں ریفریشمنٹ کےساتھ ساتھ کھانے کا بھی انتظام کیا گیا۔مقامی سطح پر بعد از دعا ان تمام وقارعمل کا اختتام ہوا۔