قومی یوم تبلیغ کینیڈا
دنیا بھر کی جماعتوں کی طرح کینیڈا میں بھی ہر سال تین مرتبہ قومی سطح پر یوم تبلیغ منایا جاتا ہے۔امسال یہ دن ۱۹؍مارچ کو منایا گیا۔ دن کا آغاز نماز تہجد سے کیا گیا جس میں اس مہم کی کامیابی کی دعائیں کی گئیں۔ احبابِ جماعت اپنے اپنے علاقے کی مسجد اور نماز مرکز میں اکٹھے ہوئے اور پھر وہاں سے قافلوں کی صورت میں اپنے اپنے مفوضہ قصبے کی طرف روانہ ہوئے۔ اس روز درجہ حرارت منفی میں تھا، سرد ہوائیں بھی چل رہی تھیں اور ابھی برف بھی نہیں پگھلی تھی۔ اس کے باوجود کینیڈا بھر سے تمام جماعتوں کے احباب تبلیغ کے لیے باہر نکلے ۔اس مرتبہ ’’Explore Islam‘‘اور ’’Stop WW3‘‘ کے عنوانات پر مشتمل فلائرز تقسیم کرنے کا منصوبہ تھا۔ انہی موضوعات پر مبنی پلے کارڈز بھی بنائے گئے تھے جنہیں احباب نے ہاتھوں میں اٹھا رکھا تھا اور اپنے اپنے شہروں کی مصروف شاہراہوں پر کھڑے ہوکر ان کی نمائش کررہے تھے۔ اس کے علاوہ جماعتوں کو یہ ذمہ داری بھی تفویض کی گئی تھی کہ وہ دوردراز کے چھوٹے قصبوں میں جائیں جہاں بڑے شہروں کی نسبت لوگ زیادہ توجہ سے ہمارا پیغام سنتے ہیں۔چنانچہ مختلف جماعتیں ڈیڑھ سے دوگھنٹہ کی مسافت پر واقع چھوٹے قصبات میں گئیں اور تبلیغ کا فریضہ سرانجام دیا۔ مجموعی طور پر116ٹاؤنز میں 1944احبابِ جماعت نے 66,177فلائرز تقسیم کیے۔بفضلہ تعالیٰ اس مہم کا عوام پر اچھا اثر پڑا اور لوگوں نے بالعموم اسے سراہا اور اسلام کا پیغام خوشدلی سے وصول کیا۔ کچھ لوگوں نے زیادہ فلائرز اس غرض سے لیے کہ وہ انہیں اپنے دوستوں میں خود تقسیم کریں گے۔ حضور انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشاد کی تعمیل میں تھوڑے تھوڑے وقفے سے یہ یوم تبلیغ قومی سطح پر منایا جاتا ہے اور ان شاء اللہ منایا جاتا رہے گا۔
٭…٭…٭