خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭…جاپان کے وکایاما شہر میں وزیراعظم فومیو کشیدا کی انتخابی مہم کی تقریر کے دوران دھماکے کی آواز آنے پر بھگدڑ مچ گئی۔ دھماکے کی آواز کے بعد انہیں بندرگاہ سے نکال لیا گیا اور وہ اس واقعے میں محفوظ رہے۔ وزیراعظم پر اسموک بم پھینکنے والے ۲۴؍سالہ نوجوان کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور فوری طور پر تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ جولائی ۲۰۲۲ء میں انتخابی مہم کے دوران سابق وزیراعظم شنزو ابے کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔
٭…پاکستان کے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور مفتی عبدالشکور ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گئے۔ وہ دار الحکومت اسلام آباد میں میریٹ ہوٹل سے سیکریٹریٹ چوک کی طرف جا رہے تھے کہ شاہراہِ دستور پر ڈبل کیبن گاڑی نے ان کی گاڑی کو ٹکر ماری۔ پولیس نے ٹکر مارنے والی گاڑی میں سوار افراد کو گرفتار کر لیا۔ سیاسی و مذہبی شخصیات نے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔
٭…پاکستان کے چیف جسٹس عمر عطا بندیال سمیت سپریم کورٹ کے ۸؍ججز کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کردیا گیا۔ ریفرنس میں آئین کے آرٹیکل ۲۰۹ اور ججز کوڈ آف کنڈکٹ کی دفعہ ۳تا ۶ اور ۹کو بنیاد بنایا گیا ہے۔ ریفرنس کے مطابق پارلیمنٹ کے منظور کردہ بل کو سماعت کے لیے مقرر کر کے اختیارات سے تجاوز کیا گیا جس کے لیے ۸ رکنی غیر آئینی بینچ تشکیل دیا گیا۔
٭…برطانیہ کے شاہ چارلس سوم نے تاج پوشی کے بعد پہلی بار سینڈہرسٹ ملٹری اکیڈمی کی کمیشن پریڈ میں شرکت کی۔ یہ پہلا موقع تھا کہ کسی عسکری یونٹ میں شاہ چارلس کے طغرے کے نشان والا پرچم بھی لہرایا گیا۔ بہترین کارکردگی پر کویت کے کیڈٹ جبار علی الصباح کو بین الاقوامی شمشیر دی گئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شاہ چارلس نے یوکرین تنازع کے متعلق کہا کہ یورپ میں ۱۹۴۵ء کے بعد سے اب تک اس طرح کی جنگ نہیں دیکھی۔ تقریب میں اردن کے شاہ عبداللہ دوم اور ولی عہد شہزادہ حسین بن عبد اللہ نے بھی شرکت کی۔ ۲۰۰ویں پاسنگ آؤٹ تقریب میں ۱۷۷؍افسران نے پاس آؤٹ کیا جن میں ۱۵؍ممالک کے ۲۶؍غیر ملکی کیڈٹ افسر بھی شامل تھے۔
٭…بھارتی ریاست اترپردیش میں مسلمان ایم ایل اے اور ان کے بھائی کو دن دہاڑے ٹی وی کیمروں کے سامنے اس وقت قتل کردیا گیا جب رپورٹرز ان سے سوالات کررہے تھے۔پولیس نے قتل میں ملوث تین مسلح افراد کو موقع پر گرفتار کرلیا ہے۔
٭…سابق امریکی مندوب زلمے خلیل زاد نے اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ کسی شخص یا ملک کے لیے لابنگ نہیں کرتا، نہ ہی کسی کا ایجنٹ ہوں۔ میں پاکستان کے ’’مسٹر ۱۰ پرسنٹ‘‘ کو جواب دے رہا ہوں۔ میں نے پاکستان کے بحران پر تشویش کا اظہار کیا ہے جو شدت اختیار کر رہا ہے، تجویز دی کہ اس صورتحال میں کیا کرنا چاہیے۔عام لوگ بیرون ملک پوش گھروں کے مالک نہیں جہاں وہ بھاگ سکیں۔
٭…ڈیرہ دبئی کے گنجان آباد علاقے الرس کی عمارت میں ہولناک آگ لگنے کے باعث ۱۶؍افراد جاں بحق ہو گئے،جبکہ ۹؍افراد زخمی ہوئے ہیں، مرنے والوں میں ۳؍پاکستانی بھی شامل ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق عمارت میں آگ سے بچاؤ اور حفاظتی راستوں کا مناسب انتظام نہ تھا۔
٭…سوڈان میں پیرا ملٹری فورسز کی بغاوت کی کوشش اور اس دوران آرمی سے ہونے والی جھڑپوں کے دوران کئی دھماکے اور شدید فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں۔ اس دوران دارالحکومت خرطوم میں صدارتی محل اور کئی سرکاری اہم عمارتوں کےقریب اور مختلف علاقوں میں شدید فائرنگ اور دھماکے سنے گئے تھے۔سوڈانی شہر ام درمان میں توپیں اور بکتربند گاڑیاں تعینات کردی گئی ہیں۔پیرا ملٹر ی فورس نے خرطوم میں صدارتی محل، آرمی چیف کی رہائش گاہ اور ایئرپورٹ کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔
٭…سوڈان میں آرمی اور پیرا ملٹری فورس کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کے دوران سعودی ایئرلائن کا طیارہ بھی فائرنگ کی زد میں آگیا۔ایئرلائن نے مسافروں، جہاز کے عملے اور ایئرپورٹ پر موجود اپنے اسٹاف کو سوڈانی دارالحکومت خرطوم میں قائم سعودی سفارتخانے منتقل کیا۔سعودی ایئرلائن نے سوڈان کے لیے پروازیں تاحکم ثانی معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
٭…مانچسٹر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے برٹش پاکستانی جج غزن محمود نے کہا ہے کہ برطانوی وزیرِ داخلہ کا پاکستانیوں کو جنسی زیادتی کا مجرم کہنا سیاسی بیان ہے۔ وزیرِ داخلہ نے براہ راست پاکستانیوں کو ہدف بنایا ہے، ان کا بیان غیرمنصفانہ اور غیر ایماندارانہ ہے۔ وزیرِ داخلہ کو غلط مشورے دیے گئے ہیں، اعداد و شمار سے واضح ہے کہ ان کا بیان یکسر غلط ہے۔ برٹش پاکستانیوں کو جنسی زیادتی کا ذمے دار کہنا درست نہیں، میں نے راچڈیل گرومنگ اسکینڈل میں ملوث مجرموں کو سزا دلوائی، برٹش پاکستانی قانون پر عمل کرنے والے افراد ہیں۔
٭…امریکی خلائی ایجنسی ناسا نے کہا ہے کہ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر خلا کے اندر لیب میں بنائے گئے ٹماٹروں کو زمین پر لایا جارہا ہے۔ ناسا کے اعلان کے مطابق خلائی جہاز سائنسی تجربات اور دیگر کئی سامان لے کر آج زمین پر پہنچے گا۔یاد رہے کہ گذشتہ سال امریکی خلائی ادارے ناسا نے انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن میں ٹماٹر اگانے کے منصوبے پر کام شروع کیا تھا۔