خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭…مسجد الحرام میں سعودی حکومت کے تعاون اور نگرانی میں رمضان المبارک کے وسط میں پہلی بار نمازیوں کے بچوں کی دیکھ بھال کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ اس سہولت کا انتظام مسجدالحرام کی تیسری سعودی توسیع میں کیا گیا ہے۔اس مرکز میں عمرہ زائرین اور نمازیوں کے چھ برس سے کم عمر کے تقریباً اسّی بچوں کی دیکھ بھال کا انتظام کیا گیا ہے تاکہ والدین بےفکر ہوکر اپنی عبادات ادا کر سکیں۔یہ مرکز چوبیس گھنٹے کام کرتا ہے، یہاں بچوں کے لیے سونے اور کھیلنے کے کمرے بنائے گئے ہیں جبکہ ماہرین بھی بچوں کی نگرانی کے لیے ہر وقت موجود ہوتے ہیں۔خیال رہے کہ ابتدائی تین گھنٹوں کے لیے یہ سہولت بالکل مفت ہے تاہم بعدازاں والدین کو فیس ادا کرنی ہوگی۔
٭…سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں آرمی اور پیرا ملٹری فورسز میں دوسرے روز بھی جھڑپیں جاری ہیں۔ جھڑپوں میں اب تک ۹۷؍شہری ہلاک اور ۳۶۵؍زخمی ہوئے ہیں۔ سوڈانی فوج نے اقوام متحدہ کی سفارش پر ہنگامی محفوظ راستے پر رضامندی دی اور کہا کہ انسانی بنیادوں پر ہنگامی محفوظ راستہ روزانہ تین گھنٹوں کے لیے کھولا جائے گا۔ ۲۰۲۱ء میں فوجی بغاوت کے بعد اقتدار پر قبضہ کرنے والی سوڈانی فوج کے خلاف گذشتہ روز پیرا ملٹری فورسز نے بغاوت کی تھی۔
٭…بنگلہ دیش کے شاپنگ سینٹر میں لگنے والی آگ کئی گھنٹے کی جدوجہد کے بعد بجھا دی گئی۔ بنگلہ دیشی دارالحکومت کے تین منزلہ شاپنگ سینٹر میں ۱۵؍اپریل کو آگ لگی تھی۔ آگ بجھانے کی کوششوں میں فائر فائٹرز سمیت تیس افراد زخمی ہوئے۔ آگ سے متاثرہ شاپنگ سینٹر کی پندرہ سو دکانوں میں زیادہ تر کپڑے کی دکانیں تھیں۔ واضح رہے کہ ڈھاکہ میں ۴؍ اپریل کو بھی ایک شاپنگ سینٹر میں آگ لگنے سے پانچ ہزار دکانیں تباہ ہوئی تھیں۔
٭…امریکی فورسز کی جانب سے شمالی شام میں کارروائی کے دوران ہیلی کاپٹر حملے میں داعش کے سینئر راہنما کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ داعش راہنما مشرق وسطیٰ اور یورپ میں دہشت گردانہ حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث تھا۔ کارروائی میں دیگر دو مسلح افراد بھی مارے گئے ہیں۔
٭…ایرانی پاسداران انقلاب نے خلیج میں سمگل شدہ ایندھن لے جانے والے غیرملکی جہاز اور اس کے عملے کو حراست میں لے لیا ہے۔ جہاز کے ذریعے ۱۰؍ لاکھ ۴۵؍ہزار لیٹر ایندھن سمگل کیا جا رہا تھا۔
٭…ایران کی عدالت نے یوکرین کا مسافر طیارہ گرانے کے الزام میں دس سیکیورٹی اہلکاروں کو قید کی سزا کا حکم سنا دیا۔ جنوری ۲۰۲۰ء میں ایران کی فوج نے تہران میں یوکرین کے طیارے کو دو میزائل حملوں سے مار گرایا تھا، جہاز حادثے میں تمام ۱۷۶؍ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ ایران کی عدالت نے فوج کے کمانڈر کو دس سال جبکہ دیگر اہلکاروں کو ایک سے تین سال تک قید کی سزا سنائی۔ ملزمان کو جہاز حادثے کے متاثرین کے لواحقین کو معاوضہ دینے کا بھی حکم دیا ہے، ایران کی جانب سے سزا یافتہ اہلکاروں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔واضح رہے کہ جہاز میں سوار مسافروں کی اکثریت ایرانی شہریوں کی تھی، طیارے میں کینیڈا، یوکرین، برطانیہ اور افغانستان کے مسافر بھی سوار تھے۔
٭…انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں کا کہنا ہے کہ ایران میں ۲۰۲۲ء میں سزائے موت پانے والوں کی تعداد ۲۰۲۱ء کے مقابلے میں ۷۵؍فیصد زیادہ ہے۔
٭…۲۰۱۸ء سے لے کر ۲۰۲۱ء تک افغان صوبے میدان وردک میں افغانستان کی اولین خاتون میئر کے طور پر اپنے فرائض انجام دینے والی سیاستدان اور حقوق نسواں کی سرکردہ کارکن ظریفہ غفاری کو جرمنی کا لوتھر پرائز دے دیا گیا ہے۔ انہیں اس انعام کے ساتھ دس ہزار یورو کی نقد رقم بھی دی گئی۔ظریفہ غفاری کو یہ انعام افغانستان کی پہلی خاتون میئر کے طور پر عوام کے لیے ان کی خدمات اور افغان خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے ان کی کوششوں کے اعتراف میں دیا گیا۔
٭…برطانوی حکومت نے ملک میں سگریٹ نوشی کی بڑھتی ہوئی شرح کو روکنے کے لیے ویپنگ پالیسی متعارف کرائی ہے، جس کے ذریعے لوگوں کی سگریٹ نوشی ترک کرنے کےلیے حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ حکومت نے اس پالیسی میں بالخصوص ایسی حاملہ خواتین کے لیے بھی اعلان کیا جو سگریٹ نوشی کی بری عادت میں مبتلا ہیں۔ اس پالیسی کا اطلاق پہلے مرحلے میں انگلینڈ میں ہوگا۔ جوحاملہ خواتین سگریٹ نوشی کی عادت کو ترک کریں گی انہیں حکومت کی جانب سے ۵۰۰ پاؤنڈز دیے جائیں گے۔
٭…ڈنمارک کے ہولگر رونے اور روس کے اینڈرے روبلوف نے مونٹی کارلو ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ایسوسی ایشن ٹینس پروفیشنل ( اے ٹی پی ) کے زیر اہتمام مونٹی کارلو ماسٹرز کے دلچسپ مقابلے روکبیرون کیپ مارٹن میں جاری ہیں، مینز سنگلز مقابلوں کے پہلے سیمی فائنل میں ہولگر رونے نے جانک سنر کو دلچسپ مقابلے کے بعد 6-1 ، 5-7 اور 5-7 سے ہرا کر فائنل تک رسائی حاصل کی۔ ٹورنامنٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں ٹیلر فرٹز کے خلاف اینڈرے روبلوف سخت مقابلے کے بعد 7-5، 1-6 اور 3-6 سے کامیابی حاصل کر کے فائنل میں پہنچے۔
٭…پاکستان کے ۲۱ سالہ نوجوان کوہ پیما شہروز کاشف نے ۸؍ ہزار ۹۱؍میٹر بلند ماؤنٹ انا پورنا کو سر کر کے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا ۔ نیپال میں واقع ماؤنٹ انا پورنا دنیا کی دسویں بلند ترین چوٹی ہے اور اس کا شمار دنیا کی خطرناک ترین چوٹیوں میں ہوتا ہے۔وہ آٹھ ہزار میٹر سے بلند ۱۱؍چوٹیاں سر کرنے والے دنیا کے کم عمر کوہ پیما بن گئے ہیں۔