رقیم پرنٹنگ پریس سیرالیون میں فائیو کلر پرنٹنگ مشین کی تنصیب
اللہ تعالیٰ کے فضل سے رقیم پرنٹنگ پریس سیرالیون کامیابی سے جاری و ساری ہے۔سیرالیون میں پریس کا قیام ۱۹۵۵ء میں ہوا۔ اس پریس میں ۲۰۰۸ء میں سنگل کلر Kord ۶۴ مشین تھی۔پھر ۲۰۱۳ءمیں حضور انور نے ازراہ شفقت دو کلر مشین منظور فرمائی اور رقیم پریس لندن کی مدد اور راہنمائی سے ہائیڈل برگ کمپنی کی دو کلر مشین اورایک M.O. سنگل کلر مشین ۲۰۱۴ء میں بھجوائی گئی۔ ۲۰۱۵ءمیں C.T.P. Machine (کمپیوٹر سے براہِ راست پلیٹ بنانے والی مشین) بھی رقیم پرنٹنگ پریس لندن کی مدد سے بھجوائی گئی۔ ۲۰۲۰ء میں رقیم پرنٹنگ سیرالیون کو یہ بھی اعزاز حاصل ہواکہ برا عظم افریقہ کے احمدیہ پرنٹنگ پریسز میں سب سے پہلے اپنے وسائل سے ہی ۳.۲ میٹر اور ۱.۹ میٹر کی دو پینافلیکس مشینیں بھی لگائی گئیں۔
۲۰۲۰ء میں رقیم پریس فارنہم یوکے نے راہنمائی اور تحریک کی کہ رقیم پرنٹنگ سیرالیون میں ہائیڈل برگ SM۷۴ فائیو کلر مشین کو انسٹال کیا جائے اور اس کے لیے اپنے وسائل استعمال کیے جائیں۔ حضور انور کی پرشفقت اجازت اور دعاؤں کے طفیل رقیم پرنٹنگ پریس سیرالیون نے یہ مشین خریدنے کے لیے انچارج رقیم پریس فارنہم یوکے ملک مظفر احمد صاحب کو درخواست کی۔الحمد للہ۔ ایک مشین نہایت اچھی حالت میں مناسب قیمت پر میسر آ گئی، اور اسے خرید لیا گیا۔ اس مشین کی انسٹالیشن بھی ایک مشکل مرحلہ تھا جس کے لیےچار ممبران پر مشتمل مرکزی رقیم پریس کی ٹیکنیکل ٹیم مورخہ۸؍دسمبر ۲۰۲۲ء کو تشریف لائی اور دس دن کی شب و روز محنت سے نئی مشین کو فعال کر دیا۔الحمد للہ
افتتاحی تقریب
مورخہ ۱۶؍دسمبر ۲۰۲۲ء کو محترم Musa Mewa (موسیٰ میوا) صاحب امیر جماعت سیرالیون نے ایک مختصر تقریب میں اس مشین کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ تقریب کا آغاز عزیزم شایان احمد ابن عثمان احمد طالع صاحب نے تلاوت سے کیا جس کے بعد ایک ننھے افریقی بچے عزیزم محمد باری بعمر سات سال نے قصیدہ یا عین فیض اللّٰہ ترنم سے زبانی پیش کیا۔ مولوی Alimamy Sesay(المامی سیسے) صاحب (اکاؤنٹنٹ و نیشنل سیکرٹری مال) نے پروگرام اور عہدیداران و مبلغین کا تعارف پیش کیا۔
اس کے بعد مولوی عثمان احمد طالع صاحب مینیجر رقیم پریس نے اس پریس کی مختصر تاریخ اور جدید مشین کاتعارف پیش کیا۔ امیر صاحب کی ہدایت پر پریس کے جملہ کارکنان کا انفرادی تعارف پیش کیا گیا۔ اس کے بعد مرکزی مہمان ناصر احمد صاحب نے مشین کا تعارف کروایا اور افریقہ میں جماعت کے پریس کی مساعی کا ذکر کیا۔ جس کے بعد محترم امیر صاحب سیرالیون نے رَبَّنَا تَقَبَّلْ مِنَّاکی دعا پڑھتےہوئے فیتہ کاٹا اور دعا کروائی۔ اس کے بعد امیر صاحب نے بٹن دبا کر مشین چلائی اور سب سے پہلے برکت کی خاطر حضور انور ایدہ اللہ کی تصاویر A2صفحہ پر پرنٹ کی گئی۔ یہ تصاویر شاملین میں بطور تحفہ تقسیم کی گئیں۔
بعد ازاں مکرم امیر صاحب نے افتتاحی کلمات میں جماعت احمدیہ سیرالیون کی خدمتِ خلق اور تعلیم و تربیت کے لیے پریس کی ضرورت و اہمیت بیان کرتے ہوئے مولانا سعیدالرحمٰن صاحب مبلغ انچارج و نائب امیر اول کی بطور سابق امیر سیرالیون، پریس کے لیے کی جانے والی خدمات اور جملہ کارکنان کی مساعی کو سراہا کہ وہ کیسے دن رات کام کر کے پریس کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کرتے ہیں۔ اسی طرح مرکزی ٹیکنیکل ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا۔ نیز اس موقع پر دوسال قبل وفات پا جانے والےاسسٹنٹ مینیجر جمال الدین محمود صاحب مرحوم کا خصوصی ذکر کیا اور ان کے لیے دعائے مغفرت بھی کی۔ آخر پر امیر صاحب نے دعا کروائی اور بعد ازاں تمام شاملین کو ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔
یاد رہے کہ یہ سیرالیون کی جدید مشین ہے۔ اس مشین سے کام میں انتہائی آسانی پیدا ہوئی ہے۔ امسال ۲۰۲۳ء کے پانچ ہزار جماعتی کیلنڈرز ایک گھنٹہ میں پرنٹ ہو گئے جبکہ گذشتہ سال ۲۰۲۲ء کے اتنی ہی تعداد میں کیلنڈرز ایک ہفتہ میں پرنٹ ہوئے تھے۔ اس کے علاوہ جلسہ سالانہ سیرالیون ۲۰۲۳ء کے چار ہزار پوسٹرز ۴۸ منٹ میں پرنٹ ہو گئے۔
واضح رہے کہ ۲۰۱۹ء میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے ازراہِ شفقت پریس کا نام رقیم پرنٹنگ پریس منظور فرمایا تھا۔ رقیم پرنٹنگ پریس ملک کا ایک جانا مانا اور قابلِ اعتماد پرنٹنگ پریس ہے۔ ملک کے سب سے بڑے ہسپتال، دوسرا بڑا بینک، ملک کی واحد پلاسٹک فیکٹری اور ایک ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی نمایاں کلائنٹ ہیں۔
اس تمام عرصہ میں ملک مظفر احمد صاحب نے خصوصی توجہ اور مدد کرتے ہوئے فائیو کلر مشین تلاش کرنے اور خریدنے میں راہنمائی اور مدد کی۔اسی طرح انسٹالیشن کے لیے بھی مرکزی ٹیکنیکل ٹیم کی آمد میں بھی رقیم پرنٹنگ پریس فارنہم یوکے کی خصوصی مساعی شامل تھیں۔ اللہ تعالیٰ ان کی مساعی میں مزید برکت ڈالے اور رقیم پریس کو دن رات ترقیات سے نوازے۔آمین
(عثمان احمد طالع (مربی سلسلہ)۔ مینیجر رقیم پرنٹنگ پریس سیرالیون)